”میری عمر بھی معاویہؓ کو لگ جائے“: سیدہ عائشہؓ کے قول کی تحقیق اور امام ابن العربیؒ کا فیصلہ

فونٹ سائز:
یہ اقتباس مرزا محمد علی انجینئر کے اعتراضات و اشکالات کا تحقیقی جائزہ سے ماخوذ ہے جسے ہارون بن شبیر احمد حفظہ اللہ نے تالیف کیا ہے اور نظرِ ثانی فضیلۃ الشیخ مولانا محمد رفیق طاہر حفظہ اللہ نے کی ہے۔
مضمون کے اہم نکات

”میری عمر بھی معاویہ رضی اللہ عنہ کو لگ جائے“ روایت کی تحقیق:

عن عائشة، قالت: ما زال بي ما رأيت من أمر الناس في الفتنة، حتى إني لأتمنى أن يزيد الله عز وجل معاوية من عمري في عمره۔
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے بیان فرمایا: ”فتنے کے دور میں میں لوگوں کے حالات کا مشاہدہ کرتی رہی، حتی کہ میں تمنا کیا کرتی کہ اللہ عزوجل میری عمر بھی حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کو لگا دے۔“
(الطبقات لابی عروبۃ:ص41)
فتنے سے مراد وہ فتنہ ہے جو خلیفہ راشد سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کی مظلومانہ شہادت کے بعد صحابہ کے مابین قصاصِ عثمان رضی اللہ عنہ کو لے کر بہت بڑے اختلاف کا سبب بنا۔ یہاں تک کہ صحابہ کے مابین جنگیں تک ہو گئیں۔ اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ بھی حضرت جناب عثمان رضی اللہ عنہ کے ولی اور رشتہ دار تھے۔ انہوں نے بھی سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے آگے قصاصِ عثمان کا مقدمہ رکھا اور آپ رضی اللہ عنہ کی بیعت نہ کی۔ اور یہ شرط رکھی کہ آپ قاتلینِ عثمان میرے حوالے کر دیں پھر میں آپ کی بیعت کر لوں گا۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے بیعت نہ کرنے والوں پر بھی جنگ مسلط کر دی، جس کی تفصیلات ان شاء اللہ آگے جلد دوم میں بیان ہوں گی۔ بہر حال یہاں غور کریں سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ پر فخر اور رشک کر رہی ہیں، اور ان کی صدارت سے بھی کتنا خوش تھیں، اب اس سے مرزا صاحب کے بہت سے اشکالات کا حل نکل رہا ہے۔ کیوں کہ انجینئر صاحب کے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ پر اعتراضات واشکالات کا زیادہ تر حصہ اسی پر مشتمل ہے کہ انہوں نے سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی بیعت نہیں کی، وہ خود خلافت چاہتے تھے لیکن ظاہری طور پر قصاصِ عثمان کو بہانہ بنائے ہوئے تھے، ایسے تھا ویسے تھا۔ لیکن جب اس حوالے سے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے حق میں اتنی بڑی شہادت آ گئی تو اس روایت کو ہی من گھڑت اور جھوٹا قرار دینے میں آپ نے عافیت سمجھی۔ کیوں کہ بند کمرے میں بیٹھ کر کسی بھی جھوٹ کو سچ کہہ دینا اور سچ کو جھوٹ قرار دے دینا کوئی مشکل کام تو ہے نہیں، جو چاہے کہے جاؤ۔
سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کا قول اس سند سے مروی ہے:
حَدَّثَنَا أَبُو مُوسَى، وَهِلَالُ بْنُ بِشْرٍ، قَالَا: ثنا مُحَمَّدُ بْنُ خَالِدِ بْنِ عَثْمَةَ، أَخْبَرَنِي سُلَيْمَانُ بْنُ بِلَالٍ، أَخْبَرَنِي عَلْقَمَةُ بْنُ أَبِي عَلْقَمَةَ، عَنْ أُمِّهِ، عَنْ عَائِشَةَ….
اس سند میں تمام راوی ثقہ ہیں اور سند بھی متصل ہے، راویوں کے متعلق محدثین کی تصریحات انتہائی اختصار سے ملاحظہ فرمائیں:

1-ہلال بن بشر:

امام نسائی رحمہ اللہ نے فرمایا: ”ثقة“ (تسمیۃ الشیوخ:162)
امام ابن حبان رحمہ اللہ نے الثقات میں ذکر کیا اور کہا: ”مستقيم الحديث“۔ (الثقات:248/9)
امام ذہبی رحمہ اللہ نے ثقہ قرار دیا۔ (الکاشف:340/2)
علامہ ابن حجر رحمہ اللہ نے بھی ثقہ کہا۔ (التقریب:7329)

2-محمد بن خالد بن عثمہ:

امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے فرمایا کہ اس کی حدیث میں کوئی حرج نہیں۔ (الجرح والتعدیل:243/7)
امام ابوحاتم الرازی رحمہ اللہ نے فرمایا ”صالح الحدیث“ (الجرح والتعدیل: 243/7)
امام ابوزرعہ الرازی رحمہ اللہ نے فرمایا ”لا باس بہ“ اس میں کوئی حرج نہیں۔ (الجرح والتعدیل: 243/7)
امام ذہبی رحمہ اللہ نے کہا: ”صدوق“ (الکاشف:4822)
امام ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں ”صدوق يخطيء“ صدوق ہے اور کبھی غلطی کر جاتا ہے۔ (التقریب:5847)

3-سلیمان بن بلال:

یہ صحیح بخاری ومسلم کے راوی ہیں۔
امام یحییٰ رحمہ اللہ نے انہیں ثقہ قرار دیا۔ (تاریخ ابن معین روایۃ الدوری:719)
امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ نے فرمایا ”لا باس به، ثقة“۔ (الجرح والتعدیل:4103)
امام ابن سعد رحمہ اللہ نے ثقہ کہا۔ (الطبقات الکبری:420/5)
امام ذہبی رحمہ اللہ نے کہا ”ثقة امام“ (الکاشف:2073)
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے بھی ثقہ قرار دیا۔ (التقریب:2539)

4-علقمہ بن ابی علقمہ:

آپ سے بھی شیخین (بخاری ومسلم) نے روایت لی ہے۔ (صحیح بخاری:1836، صحیح مسلم:1203)
امام ابن معین رحمہ اللہ نے انہیں ثقہ کہا۔ (تاریخ یحیی بن معین روایۃ الدوری:867)
امام ابوحاتم الرازی رحمہ اللہ نے فرمایا ”صالح الحديث، لا باس به“۔ (الجرح والتعدیل:406/6)
امام ابن حبان رحمہ اللہ نے ”الثقات“ میں ذکر کیا۔ (الثقات:291/7)
امام ذہبی رحمہ اللہ نے انہیں ثقہ کہا۔ (تاریخ الاسلام:497/8)
امام ابن حجر رحمہ اللہ نے فرمایا ”ثقة علامة“۔ (التقریب:4679)

5-مرجانہ ام علقمہ:

امام ابوالحسن العجلی رحمہ اللہ نے آپ کو ”ثقة“ قرار دیا۔ (الثقات للعجلی:2115)
امام ابن خزیمہ رحمہ اللہ نے اپنی ”الصحیح“ میں ان سے حدیث نقل کی۔ (صحیح ابن خزیمہ:3079)
امام ابن حبان رحمہ اللہ نے اپنی کتاب ”الثقات“ میں ذکر کیا۔ (الثقات:466/5)
امام ترمذی رحمہ اللہ نے ان کی حدیث کو حسن صحیح قرار دیا۔ (سنن ترمذی:876)
امام ابن عبدالبر رحمہ اللہ نے ان کی حدیث کو صحیح کہا۔ (التمہید:108/20)
علامہ زبیر علی زئی رحمہ اللہ مشکوٰۃ المصابیح کی تخریج میں (حدیث نمبر 4375 کے تحت) فرماتے ہیں: ”مرجانة ام علقمة وثقها ابن حبان و الترمذي (876) والحاكم و الذهبي، وحديثها لا ينزل عن درجة الصحة“ کہ ”مرجانہ ام علقمہ کو امام ابن حبان، ترمذی، حاکم اور ذہبی نے ثقہ قرار دیا ہے، اور ان کی حدیث درجہ صحت سے گرتی نہیں“۔ یعنی ان کی بیان کردہ حدیث صحیح ہے۔ لہٰذا کم از کم انجینئر صاحب کے اصولوں کے مطابق تو یہ مجہولہ بالکل نہیں، جبکہ ائمہ نے انہیں ثقہ کہا اور ان کی احادیث کی تصحیح کی ہے۔
جب اس روایت کے تمام راوی ثقہ ہیں، کوئی کذاب راوی بھی نہیں، نہ ہی کوئی منکر الحدیث، متروک الحدیث اور سخت ضعیف قسم کا راوی ہے تو بھئی آخر اسے گھڑا کس نے ہے؟
لیکن اس کے باوجود بھی ہماری پیش کردہ صحیح الاسناد روایات بھی من گھڑت قرار پاتی ہیں، اور انجینئر صاحب جو بھی جھوٹ اور کباڑ لا کر بیان کرتے پھریں وہ سب صحیح ہے۔ آپ نے دیکھا کہ ایک سخت ضعیف روایت کی بنا پر سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے اس صحیح قول کو تاریخی من گھڑت روایت قرار دے دیا گیا، لیکن دلیل؟ اور اس ثابت شدہ قول کا مذاق بنایا گیا، یہ کہہ کر کے بھلا جس کے بھائی قتل ہوئے ہوں وہ ایسی بات کرے گا؟ اس سب کے پیچھے مشن صرف ایک ہی ہے کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے حق میں جو کچھ وارد ہے اسے غلط اور جھوٹ ثابت کرنا ہے، اور ان پر ہر طرح کا الزام لگا کر صحیح ثابت کرنا ہے۔ اور دعوی یہ ہے کہ ہم تو کوئی الزام نہیں لگاتے نہ کوئی بغض رکھتے ہیں بلکہ صرف غلطی بیان کرتے ہیں۔ غلطی تو قرآن نے بھی انبیاء کرام علیہم السلام کی بیان کی ہے! مرزا صاحب کے مقلدین حضرات ذرا غور تو کریں کہ کیا قرآنِ مجید کا یہی اسلوب ہے؟
پھر مرزا صاحب اماں جی عائشہ رضی اللہ عنہا کے قول پر تبصرے کے بعد محض دھوکہ دینے کے لیے علی بن جعد کا قول پیش کرتے ہیں، حالانکہ علی بن جعد کے قول کا اس قتل سے کوئی تعلق ہی نہیں، مرزا صاحب نے صرف مزید غلط تاثر دینے کے لیے اسے یہاں ذکر کیا ہے، کہ جب کوئی اور دلیل نہ مل سکی۔ علی بن جعد کا قول اور اس کا تسلی بخش جواب مرزا صاحب کی ویڈیو ”حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ اسلاف کی نظر میں“ کے تحت بیان کیا جائے گا (ان شاء اللہ) کیونکہ اسے یہاں ذکر کرنا بھی بے کار اور طوالت کا باعث ہے۔
تو انجینئر صاحب اپنے مدعے پر ائمہ میں سے کوئی ایک قول بھی پیش نہیں کر سکے کہ کسی نے اس قتل کے حوالے سے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی مذمت کی ہو اور اس قتل کو قتلِ ناحق قرار دیا ہو۔ ہاں لیکن اس کے خلاف قول ضرور مروی ہے!

جناب حجر بن عدی کے قتل کے متعلق امام ابوبکر ابن العربی کا قول:

امام ابوبکر ابن العربی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
الأصل أن قتل الإمام بالحق، فمن ادعى أنه بالظلم فعليه الدليل. ولو كان ظلمًا محضًا لما بقي بيت إلا لعن فيه معاوية۔
”اصل یہ ہے کہ امام (خلیفہ) اگر کوئی قتل کرتا ہے تو وہ حق کے ساتھ ہی قتل کرتا ہے، پس اگر کوئی دعوی کرے کہ یہ قتل ناحق ہوا تو اس کے ذمہ دلیل ہے۔ اگر یہ قتل ناحق ہوتا تو ہر گھر سے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ پر لعنت بھیجی جاتی۔“
(العواصم من القواصم: 213/1)
یعنی اگر یہ قتلِ ناحق ہوتا تو صحابہ وتابعین آپ رضی اللہ عنہ کے خلاف ضرور کوئی آواز اٹھاتے، یا کم از کم آپ کے اس عمل کو برا ہی جانتے، لیکن ایسا کچھ بھی ثابت نہیں۔ آپ رحمہ اللہ نے یہ بھی لکھا کہ کہا جاتا ہے کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے حضرت حجر بن عدی کو مفسد سمجھتے ہوئے قتل کروایا تھا۔ اور جو اس روایت میں آیا ہے کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے کہا کہ ہمارے معاملے کو چھوڑ دیں حتی کہ ہم اللہ کے سامنے پیش ہوں۔ تو اس پر آپ رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ اے مسلمانو تم تو زیادہ حق رکھتے ہو کہ ان کے اس معاملے کو چھوڑ دو، حتیٰ کہ وہ اللہ کے حضور پیش ہو جائیں (اور اللہ حق کے ساتھ فیصلہ فرما دے)۔
تو مرزا صاحب! اسلاف میں حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے حق میں تو قول مروی ہے لیکن ان کے خلاف نہیں۔ لہٰذا ہم ہی اسلاف کے نقش قدم پر ہیں اور آپ روافض کے، ہاں! بس نام اہل سنت کا لیتے ہیں۔
بہر حال جب صحابہ واہل بیت میں سے کسی نے اس قتل کو قتلِ ناحق قرار نہیں دیا اور نہ ہی اس حوالے سے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ پر کوئی طعن کیا، نہ ہی اس وجہ سے آپ رضی اللہ عنہ کو ظالم بادشاہ قرار دیا، تو کیا آپ ان سے زیادہ علم وعمل والے ہیں؟ لہٰذا خیر اسی میں ہے کہ ہم بھی اپنی زبانوں کو بند ہی رکھیں۔

❀❀❀