37- اللہ تعالیٰ کے نام پر نام رکھنا کیسا ہے؟
اس کی دو صورتیں ہیں:
① اللہ تعالیٰ کا وہ نام جس پر الف لام داخل ہو یا اس نام میں جو وصف پایا جا رہا ہے وہ مقصود ہو تو ایسی صورتوں میں مخلوق کا یہ نام رکھنا درست نہیں ہے جیسا کہ العزیز، السید اور الحکیم وغیرہ کسی انسان کا نام درست نہیں۔
یہی وجہ ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ”ابو الحکم“ کنیت تبدیل کر کے اس صحابی کے بڑے بیٹے شریح کے نام پر اس کی کنیت ابو شریح رکھ دی۔ اس لیے کہ لوگ اس آدمی سے فیصلے کرواتے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
« إِنَّ اللّٰهَ هُوَ الْحَكَمُ وَإِلَيْهِ الْحُكْمُ » (سنن أبي داود، رقم الحديث [4955])
”حاکم تو صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے اور تمام فیصلے اسی کے سامنے رکھے جاتے ہیں۔“
اس سے یہ بات سمجھ آتی ہے کہ جب کوئی اللہ تعالیٰ کے کسی نام پر نام رکھے اور اس میں پایا جانے والا معنی بھی مراد لے تو ایسی صورت میں یہ نام رکھنا درست نہیں، کیونکہ اس میں مخلوق کی خالق کے ساتھ مشابہت لازم آتی ہے جو درست نہیں۔
② اس کی دوسری صورت یہ کہ اللہ تعالیٰ کے اسماء میں سے جو نام رکھنا ہے وہ الف لام کے بغیر ہو اور اس میں موجود معنی بھی مقصود نہ ہو تو ایسا نام رکھنے میں کوئی حرج نہیں ہے، جیسے حکم اور حکیم ہے۔ یہ دونوں بعض صحابہ کے نام بھی ہیں، جیسا کہ ایک صحابی کا نام حکیم بن حزام رضی اللہ عنہ ہے، جسے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
« لَا تَبِعْ مَا لَيْسَ عِنْدَكَ » (سنن أبي داود، رقم الحديث [3503]) ”جو چیز تیرے قبضے میں نہیں آپ اسے فروخت نہ کریں۔“
اس سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ جب اللہ تعالیٰ کے نام سے وہ خاص معنی جو اللہ تعالیٰ کے واسطے ثابت ہے، مخلوق کے لیے استعمال نہ کیا جائے یا مراد نہ لیا جائے تو اس صورت میں ایسا نام رکھنا درست ہے، لیکن اللہ تعالیٰ کا ایک نام جبار ہے جو کسی کا نام رکھنا درست نہیں، اگرچہ اس میں مذکور صفت جبروت نہ ہی مقصود ہو، کیونکہ یہ ایسا نام ہے جس کا اس انسان کی ذات پر اپنا ایک خاص اثر ہے جس کی وجہ سے اس میں بلندی و تکبر آ جاتا ہے اور وہ اپنے آپ کو مخلوق سے بلند سمجھنے لگتا ہے، لہٰذا ایسے ناموں سے پرہیز کرنا ہی درست ہے۔ (واللہ اعلم) (ابن عثیمین: نور علی الدرب: 23/7)