کیا سیدنا معاویہؓ خود کو شیخینؓ و علیؓ سے زیادہ خلافت کا حقدار سمجھتے تھے؟

Read in English
فونٹ سائز:
یہ اقتباس حافظ ابو معاویہ عبدالرحمٰن سلفی حفظہ اللہ کی کتاب دفاع سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ سے ماخوذ ہے۔

❁ کیا امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ خود کو شیخین و علی رضی اللہ عنہ سے زیادہ خلافت کا حق دار سمجھتے تھے؟

اعتراض کرنے والوں کی جانب سے اس روایت کو بنیاد بنا کر یہ تاثر دینے کی کوشش کی جاتی ہے کہ امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ خود کو سیدنا عمر رضی اللہ عنہ یا سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے زیادہ خلافت کا حق دار سمجھتے تھے اور اسی بنا پر انہوں نے خلیفۂ وقت کی مخالفت کی۔ حالانکہ یہ دعویٰ نہ صرف تاریخی حقائق سے متصادم ہے بلکہ خود سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے صریح اقوال بھی اس کی تردید کرتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ جنگِ صفین اور اس سے متعلقہ اختلافات کی بنیاد اقتدار کی کشمکش نہیں بلکہ قصاصِ عثمان رضی اللہ عنہ کا مطالبہ تھا، جسے بعض متعصب حلقوں نے بعد میں خلافت کے تنازعے کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ چنانچہ جب اصل مصادر اور صحیح روایات کی طرف رجوع کیا جائے تو معاملہ روزِ روشن کی طرح واضح ہو جاتا ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نہ صرف سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی فضیلت کے معترف تھے بلکہ انہیں اپنے سے زیادہ خلافت کا حق دار بھی تسلیم کرتے تھے۔ امام یحییٰ بن سلیمان الجعفی رحمہ اللہ روایت کرتے ہیں کہ امام ابو مسلم خولانی رحمہ اللہ اور چند دیگر حضرات سیدنا معاویہ بن ابوسفیان رضی اللہ عنہ کے پاس حاضر ہوئے اور دریافت کیا کہ ”کیا آپ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی مخالفت کرتے ہیں یا اپنے آپ کو ان کے برابر سمجھتے ہیں؟“ اس پر سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ ”نہیں، اللہ کی قسم! میں خوب جانتا ہوں کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ مجھ سے افضل ہیں اور خلافت کے مجھ سے زیادہ حق دار ہیں، لیکن کیا تم نہیں جانتے کہ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ مظلومانہ قتل کیے گئے ہیں اور میں ان کا چچازاد بھائی ہوں؟ میں ان کے خون کے قصاص کا طالب ہوں۔ لہٰذا تم سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے پاس جاؤ اور ان سے کہو کہ قاتلینِ عثمان رضی اللہ عنہ کو میرے حوالے کر دیں تو میں ان کی خلافت تسلیم کر لوں گا“۔ چنانچہ وہ حضرات سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے پاس گئے اور یہ گفتگو ان تک پہنچائی، لیکن سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے قاتلینِ عثمان رضی اللہ عنہ کو سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے حوالے نہیں کیا۔ [كتاب الصفين للجعفی بحواله سيرأعلام النبلاء للذهبی 3/140 واسنادهُ صحيح على شرط مسلم]
یہ صحیح اور جید روایت اس مسئلے میں فیصلہ کن حیثیت رکھتی ہے کیونکہ اس میں خود سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ اپنی زبانِ مبارک سے اقرار فرما رہے ہیں کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ ان سے افضل بھی ہیں اور خلافت کے زیادہ حق دار بھی۔ لہٰذا یہ دعویٰ کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ خود کو سیدنا علی رضی اللہ عنہ یا سیدنا عمر رضی اللہ عنہ سے زیادہ مستحقِ خلافت سمجھتے تھے، صریح تاریخی حقائق اور ثابت شدہ روایات کے خلاف ہے۔ بلکہ جب وہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ جیسے جلیل القدر صحابی کے متعلق یہ اعتراف کر رہے ہیں تو بدرجۂ اولیٰ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے متعلق بھی ایسا گمان باطل اور بے بنیاد قرار پاتا ہے، جن کی فضیلت، خلافت اور مقام کا خود سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ بے حد احترام کرتے تھے۔ رہا وہ قول جس میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ ”میں اس معاملے کا ہر بولنے والے اور اس کے باپ سے زیادہ حق دار ہوں“ تو بعض اہلِ علم نے اس کی مختلف توجیہات ذکر کی ہیں۔ چنانچہ امام ابن حجر العسقلانی رحمہ اللہ نے فرمایا ہے کہ اس سے اشارہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کی طرف ہے۔ [فتح الباری تحت الحديث 4108]
تاہم امام ابن حجر رحمہ اللہ نے اس تعیین پر کوئی مستقل سند یا تفصیلی استدلال ذکر نہیں فرمایا۔ مزید برآں یہ توجیہ کئی تاریخی قرائن سے بھی بعید معلوم ہوتی ہے، کیونکہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ، سیدنا عمر رضی اللہ عنہ اور ان کے اہلِ بیت کی نہایت تعظیم کرتے تھے۔ جبکہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما بھی سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے میں حسنِ ظن اور احترام کا رویہ رکھتے تھے۔ لہٰذا قرائن و شواہد کا تقاضا یہی ہے کہ اس عبارت کو خلافت و اقتدار کے باب پر محمول کرنے کے بجائے قصاصِ عثمان رضی اللہ عنہ کے مطالبے سے متعلق سمجھا جائے، جیسا کہ متعدد آئمہ شرح و تحقیق نے اس کی توضیح فرمائی ہے۔

❁ فرزندِ فاروق اعظم رضی اللہ عنہما کی نگاہ میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ؛-

یہاں ایک نہایت اہم حقیقت قابلِ توجہ ہے کہ امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی عظمت، ان کی ہیبتِ سلطنت اور ان کے مقامِ قیادت کی شہادت کوئی متاخر مؤرخ یا بعد کا قلم کار نہیں دے رہا۔ بلکہ وہ اکابر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم دے رہے ہیں جنہوں نے انہیں اپنی آنکھوں سے دیکھا، ان کے عہد کا مشاہدہ کیا اور ان کے احوال کو قریب سے جانا۔ چنانچہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما جو زہد و ورع، اتباعِ سنت اور احتیاطِ دین میں اپنے زمانے کے امام تھے، فرماتے ہیں: ”میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سے بڑھ کر کوئی شخص نہیں دیکھا جو جاہ و جلال، ہیبتِ سلطنت اور شان و شوکت میں ان کے ہم پلہ ہو“۔ جب ان سے عرض کیا گیا کہ ”کیا سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ بھی نہیں؟“ تو انہوں نے عدل و انصاف اور حقیقت شناسی کا ایسا شاہکار جواب دیا کہ جس کے بعد مزید کلام کی گنجائش باقی نہیں رہتی۔ فرمایا کہ ”میرے والد سیدنا عمر رضی اللہ عنہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سے بہتر تھے لیکن سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ ان سے زیادہ شان و شوکت والے تھے“۔ [كتاب السنة للخلال رقم 678، شرح أصول اعتقاد أهل السنة للالكائی 2871، تاريخ دمشق لابن عساكر واسنادهُ صحيح]
غور کیجیے! یہ گواہی کسی عام انسان کی نہیں بلکہ فرزندِ فاروق رضی اللہ عنہما کی ہے۔ اُس ہستی کی جو اپنے والدِ گرامی کے فضل و کمال، مقام و مرتبہ اور جاہ و جلال سے پوری امت میں بڑھ کر واقف تھی۔ مزید برآں یہی وہ شخصیت ہے جسے بعض روافض اس روایت میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے مقابل لا کھڑا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، مگر تعجب ہے کہ جب خود فرزندِ فاروق رضی اللہ عنہما امیر المؤمنین سیدنا معاویہ بن ابوسفیان رضی اللہ عنہ کی رفعتِ شان، عظمتِ سلطنت اور ہیبتِ اقتدار کا اعتراف کر رہے ہیں تو بعد والوں کے دعوؤں اور تاویلات کی کیا حیثیت باقی رہ جاتی ہے؟ کیونکہ شہادتِ عیان کے مقابلے میں گمان کی کوئی وقعت نہیں اور گواہِ صحابی رضی اللہ عنہ کے سامنے افسانۂ تعصب کی کوئی حقیقت نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب فتنوں کے طوفان اٹھے، بیعتوں کو توڑنے کی صدائیں بلند ہوئیں اور خواہشاتِ نفس کو عہد و پیمان پر ترجیح دی جانے لگی تو اسی سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے جذبات کے بجائے سنتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کا دامن تھاما۔
چنانچہ امام نافع رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ جب بعض لوگوں نے سیدنا امیر یزید رحمہ اللہ کی بیعت توڑنے کا ارادہ کیا تو سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے اپنے اہل و عیال اور متعلقین کو جمع کر کے فرمایا کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے کہ ہر غدر کرنے والے کے لیے قیامت کے دن ایک جھنڈا نصب کیا جائے گا، اور چونکہ ہم نے سیدنا یزید رحمہ اللہ کی بیعت اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے نام پر کی ہے، اس لیے اس سے بڑا غدر کوئی نہیں کہ بیعت کرنے کے بعد اس کے خلاف تلوار اٹھائی جائے۔ پھر انہوں نے اعلان فرمایا کہ جو شخص اس بیعت کو توڑے گا یا کسی اور کی بیعت کرے گا ان کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ [صحيح البخاری 7111]
پس یہ وہ روشن حقائق ہیں جو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی زبانوں سے ثبت اور تاریخ کے اوراق پر محفوظ ہیں، ایسی شہادتیں جو افسانوں سے نہیں بلکہ اسناد سے ثابت ہیں، جذبات سے نہیں بلکہ دلائل سے مزین ہیں۔ لہٰذا جو لوگ امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی شخصیت کو مسخ شدہ روایات، یک طرفہ حکایات یا متعصبانہ تعبیرات کے ذریعے پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ان کے مقابلے میں اہلِ انصاف کے پاس اکابر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی یہ واضح، صریح اور ناقابلِ تردید شہادتیں موجود ہیں۔ اور جب فرزندِ فاروق رضی اللہ عنہما جیسا محتاط، متبعِ سنت اور جلیل القدر صحابی، امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی عظمت و ہیبت کا اعتراف کرے تو انصاف کا تقاضا یہی ہے کہ آوازِ تعصب کے بجائے گواہیِ صحابہ رضی اللہ عنہم کو سنا جائے۔ کیونکہ تاریخ کے ہنگامے بالآخر خاموش ہو جاتے ہیں، مگر اہلِ صدق کی شہادتیں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔

❁ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کی خاموشی کی وجہ؟

اسی صحیح البخاری کی حدیث میں سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سیدنا حبیب بن مسلمہ رضی اللہ عنہ کو بیان کر رہے ہیں کہ میرے خاموش رہنے کی وجہ یہ ہے کہ کہیں میری بات میرے منشا کے خلاف نہ لے لی جائے اور اس سے کوئی انتشار پیدا نہ ہو، مگر افسوس کہ روافض و نیم روافض نے بغیر کسی دلیل و برہان کے اس سے ایسا غلط مفہوم اخذ کیا کہ قرآنی آیت «رُحَمَاءُ بَيْنَهُمْ» کی مصداق جلیل القدر شخصیات کو ایک دوسرے کے مقابل لا کھڑا کیا۔ حالانکہ یہ طرزِ استدلال نہ صرف علمی دیانت کے خلاف ہے بلکہ صریح تحریفِ مفہوم ہے اور اسی قسم کی تاویلات کے ذریعے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

❁ مرزا جہلمی کی پیش کردہ حدیث میں تحریفِ مفہوم، کتمانِ حق اور فریب پر ایک علمی و تحقیقی جائزہ؛-

اس روایت کو نقل کرتے ہوئے مرزا جہلمی نے جو من مانی تاویلات اور غیر علمی تحریفات پیش کی ہیں، زیرِ نظر سطور میں انہی پہلوؤں کا اجمالی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اس بحث کا کوئی گوشہ تشنۂ وضاحت نہ رہ جائے اور موضوع ہر زاویے سے مکمل طور پر واضح ہو جائے۔
❶ انہوں نے اس حدیث کا ترجمہ کرتے ہوئے یہ مفہوم اخذ کیا کہ: ”میرا تو اس امر ( خلافت و اقتدار ) میں کوئی عمل دخل باقی نہیں رہا“۔ حالانکہ یہ نہ صرف ترجمے کی صریح غلطی ہے بلکہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کی طرف ایک بے دلیل اور بے بنیاد مفہوم کی نسبت بھی ہے۔ اس عبارت کا درست مفہوم یہ ہے کہ اس معاملے میں میرے لیے کوئی ذمہ داری مقرر نہیں کی گئی یعنی مجھے اس کی کوئی تکلیف یا ذمہ داری سونپی نہیں گئی۔ عربی اسلوب میں اس نوع کی تعبیر عموماً عدمِ ذمہ داری یا عدمِ تکلیف کے بیان کے لیے آتی ہے، نہ کہ کسی سابقہ شرکت کے انکار کے معنی میں۔ جب کہ مرزا جہلمی کے ترجمے سے یہ غلط تاثر پیدا ہوتا ہے کہ گویا سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما پہلے اس معاملے میں شریک تھے اور بعد ازاں الگ ہو گئے، جو نہ صرف بے اصل ہے بلکہ سیاق و قرائن کے بھی خلاف ہے۔ جیسا کہ واضح کیا جا چکا ہے سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کو خود سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے خلافت کے باب میں پیش قدمی سے منع فرمایا تھا، جیسا کہ صحیح البخاری ( 3700 ) سے واضح طور پر ثابت ہے۔ لہٰذا اس نوع کے تراجم درحقیقت مفہوم کی تحریف اور قاری کو غلط سمت میں لے جانے کا سبب بنتے ہیں۔
❷ مرزا جہلمی نے اس حدیث میں تحریف کرتے ہوئے لکھا کہ ”چنانچہ لوگ متفرق ٹکڑیوں میں بیٹھ گئے“ یہ الفاظ حدیث کا حصہ نہیں بلکہ اضافہ ہیں جن کے ذریعے قاری کو یہ تاثر دیا گیا کہ یہ واقعہ خلافت کے اختلاف کے نتیجے میں پیش آیا اور اس پر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم گروہوں میں تقسیم ہو گئے تھے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اس نوع کی تعبیر نہ متنِ حدیث سے ثابت ہے اور نہ ہی معتبر شروحات اس کی تائید کرتی ہیں بلکہ یہ محض ایک مفہوم گھڑنے کی کوشش ہے۔ مزید یہ کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی بیعت اور ان کے عہد کے بارے میں جو صحیح اور ثابت روایات ملتی ہیں وہ اس کے برعکس ایک منظم اور متفقہ نظمِ امت کی تصویر پیش کرتی ہیں۔ لہٰذا اس طرح کے اضافات دراصل مفہوم کی تحریف ہیں نہ کہ ترجمہ۔ ( سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی خلافت کا ذکر اسی بنا پر کیا گیا ہے کہ مرزا جہلمی نے یہاں ”امر“ سے مراد خلافت لیا ہے )
❸ پھر مرزا جہلمی نے بار بار ”امر“ کا معنیٰ خلافت و اقتدار کرنے کی کوشش کی ہے جو نہ صرف محلِ نظر ہے بلکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی طرف ایک بے بنیاد مفہوم منسوب کرنے کے مترادف بھی ہے جیسا کہ اس کی تردید اوپر دلائل و قرائن کے ساتھ بیان کی جا چکی ہے۔
❹ مرزا جہلمی نے ترجمہ کیا کہ ”ذرا سر اٹھا کر تو دکھائے“ حالانکہ یہ تعبیر اصل مفہوم کی ترجمان نہیں بلکہ اس میں غیر ضروری شدت اور دھمکی کا رنگ پیدا کر دیا گیا ہے جو سیاقِ حدیث سے ثابت نہیں۔ اس جملے کا درست مفہوم یہ ہے کہ وہ سر اٹھائے یعنی بلا جھجک بات کرے، کھل کر اپنا مؤقف بیان کرے یا بغیر خوف و ہچکچاہٹ اپنی بات رکھے۔ کیونکہ عربی اسلوب میں اس طرح کی تعبیر اظہارِ جرأت اور وضاحتِ موقف کے لیے آتی ہے نہ کہ دھمکی کے معنی میں۔ لہٰذا چند الفاظ کا اضافہ کر کے اسے دھمکی آمیز بنانا دراصل مفہوم کی تحریف اور صحابہ دشمنی کا شاخسانہ ہے جس سے اصل معنی بدل جاتا ہے۔ چنانچہ درست منہج یہی ہے کہ الفاظ کو ان کے سیاق، عرف اور اسلوب کے مطابق سمجھا جائے نہ کہ غیر ثابت اضافات کے ذریعے ایک خاص تاثر پیدا کیا جائے۔
❺ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ ”اس معاملے ( قصاصِ عثمان رضی اللہ عنہ ) کا سب سے زیادہ حق دار وہ ہے جس نے اسلام کی خاطر آپ اور آپ کے والد سے قتال کیا تھا“ یہاں ان کے الفاظ کو ظاہر پر محمول کرنا درست نہیں بلکہ یہ اسلوبِ عرب کے مطابق ایک محاوراتی و سیاقی تعبیر ہے جس سے مراد فضیلتِ سبقت کی طرف اشارہ ہے یعنی وہ لوگ جو ابتداء اسلام میں پیش پیش رہے اور انہوں نے دین کی نصرت کے لیے سخت مراحل طے کیے۔ اس سے ہرگز یہ مراد نہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے بارے میں کوئی طعن کیا جا رہا ہے کیونکہ نہ کوئی صحیح سند اس بات پر قائم ہے کہ انہوں نے زمانۂ جاہلیت میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم، سیدنا علی رضی اللہ عنہ یا سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے خلاف کفر کی بنیاد پر تلوار اٹھائی ہو اور نہ ہی سیاقِ روایت اس مفہوم کی تائید کرتا ہے۔ بلکہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کے مجموعی اقوال سے واضح ہے کہ وہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو عادل، صاحبِ شان و شوکت اور جلیل القدر صحابی سمجھتے تھے اور یہی وہ ہیں جنہوں نے سیدنا یزید رحمہ اللہ کی بیعت کو اللہ اور اس کے رسول کے نام پر ہونے والی بیعت قرار دیا۔ [صحيح البخاری 7111]
لہٰذا اس جملے کو طعن پر محمول کرنا محض تکلف اور تحریفِ مفہوم ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما اس معاملے میں قصاصِ عثمان رضی اللہ عنہ کے باب میں ترجیح کے پہلو کو بیان کر رہے ہیں نہ کہ کسی شخصیت کی تنقیص۔ اور اسی حقیقت کی مزید تائید سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کے اقوال سے بھی ہوتی ہے۔ چنانچہ وہ فرماتے ہیں کہ اگر اہلِ شام اور اہلِ جمل نے قصاصِ عثمان رضی اللہ عنہ کا مطالبہ نہ کیا ہوتا تو قریب تھا کہ آسمان سے پتھر برسائے جاتے۔ [معجم الكبير للطبرانی 122، مجمع الزوائد للهيثمی 14565 واسناده صحيح]
اسی طرح انہوں نے فرمایا کہ اللہ کی قسم! سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ ضرور حکمران بنیں گے کیونکہ اس کی دلیل اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے ”وَمَنْ قُتِلَ مَظْلُومًا فَقَدْ جَعَلْنَا لِوَلِيِّهِ سُلْطَانًا فَلَا يُسْرِفْ فِي الْقَتْلِ إِنَّهُ كَانَ مَنْصُورًا“۔ ( سورۃ الاسراء 33 ) [معجم الكبير للطبرانی 10613 واسناده جيد]
اس سے سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کے اجتہاد کی بنیاد بھی واضح ہو جاتی ہے جو عین قرآن و سنت کے مطابق تھی اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے موقفِ قصاصِ عثمان رضی اللہ عنہ کی تائید بھی ہو جاتی ہے۔
❻ مرزا جہلمی آگے لکھتے ہیں کہ ”نعوذ باللہ من ذلک“ اگر یہ جملہ انہوں نے اپنی تحریفات اور احادیث کے مفہوم کو بدلنے کے پس منظر میں بطورِ توبہ و تنبیہ لکھا ہے تو یہ بجا ہے اور انہیں آئندہ بھی ایسی غلطیوں سے اجتناب کرنا چاہیے۔ تاہم اگر یہ الفاظ اس انداز میں استعمال کیے گئے ہوں کہ اس سے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی طرف کسی نامناسب مفہوم کی نسبت لازم آئے تو پھر یہ طرزِ بیان محلِ نظر ہے کیونکہ اس سے ان جلیل القدر شخصیات کے بارے میں غلط تاثر پیدا ہوتا ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ ایسے مقامات پر الفاظ کا استعمال نہایت احتیاط اور دیانت کے ساتھ کیا جائے تاکہ مفہوم اپنی صحیح صورت میں برقرار رہے۔
❼ مرزا جہلمی نے اس حدیث میں سیدنا حبیب بن مسلمہ رضی اللہ عنہ کو تابعی لکھ کر اپنی علمی حیثیت خود واضح کر دی۔ حقیقت تو یہ ہے کہ وہ جلیل القدر صحابیِ رسول ہیں جیسا کہ امام شمس الدین الذہبی رحمہ اللہ نے انہیں صحابہ میں شمار کیا ہے۔ [سير اعلام النبلاء للذهبی 3/189 رقم 1456]
یہ ان صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں سے تھے جنہوں نے سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی بیعت کے معاملے میں سکوت اختیار کیا یعنی غیر جانب دار رہے، مگر بعض لوگ اسی طبقے کے بارے میں نامناسب اسلوب اختیار کرتے ہیں جو علمی و دینی آداب کے خلاف ہے۔ مزید برآں تاریخی روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ سیدنا حبیب بن مسلمہ رضی اللہ عنہ شام میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے پاس مقیم تھے اور فتنہ کے ایام میں سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کی مدد کے لیے بھیجے جانے والے لشکر سے بھی ان کا تعلق تھا۔ [البداية والنهاية لابن كثير 7/248]
اسی طرح امام ابن حجر العسقلانی رحمہ اللہ نے بھی ذکر کیا ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے انہیں رومیوں کے مقابلے کے لیے لشکر کا امیر بنایا۔ [الإصابة في تمييز الصحابة لابن حجر العسقلانی رقم 1602]
ایسے واضح دلائل کے باوجود ایک صحابی کو تابعی کہنا نہ صرف علمی غلطی ہے بلکہ بنیادی درجہ بندی سے ناواقفیت کی علامت بھی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ اس طرح کے مسائل میں گفتگو کرتے وقت تحقیق، احتیاط اور اہلِ علم کے منہج کو پیشِ نظر رکھا جائے تا کہ حقائق اپنی اصل صورت میں سامنے آ سکیں۔ یہاں حیرت انگیز امر یہ ہے کہ جن لوگوں کو صحابی اور تابعی کے بنیادی فرق کا بھی شعور نہیں وہ بھی صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر زبان درازی کے مرتکب ہو رہے ہیں اور سادہ لوح مسلمانوں کے اذہان میں شبہات پیدا کر رہے ہیں۔ اس سے بھی بڑھ کر وہ انہی جلیل القدر نفوس کے اجتہادات پر منصف بننے کی جسارت کرتے ہیں جو خود علمی دیانت اور اصولِ تحقیق سے صریح انحراف ہے۔
❽ مرزا جہلمی نے لکھا کہ ”سیدنا علی رضی اللہ عنہ یا خود سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما“ حالانکہ یہ اضافہ نہ متنِ حدیث میں موجود ہے اور نہ ہی کسی معتبر روایت سے ثابت ہے، بلکہ یہ محض مفہوم گھڑنے کے لیے داخل کیا گیا ہے۔ کیونکہ یہ بات تاریخی طور پر ثابت نہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ زمانۂ جاہلیت میں کبھی سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے مقابل آئے ہوں۔ اسی طرح نہ وہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ اور نہ ہی سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کے مقابل قبل از اسلام آئے تھے۔ لہٰذا اس طرح کی بریکٹ دراصل غیر ثابت مفہوم کو زبردستی حدیث پر مسلط کرنے کی کوشش ہے جس کی کوئی علمی بنیاد نہیں، بلکہ یہ طرزِ عمل تحقیق کے اصولوں کے خلاف ہے اور قاری کو غلط سمت میں لے جانے کا سبب بنتا ہے۔
❾ آخر میں مرزا جہلمی نے لکھا کہ ”( سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما ) نے اپنی جان بھی بچا لی اور اپنی عزت بھی“ حالانکہ یہ الفاظ نہ حدیث کے متن میں موجود ہیں اور نہ ہی کسی معتبر شرح میں اس مفہوم کی تائید ملتی ہے۔ بلکہ یہ محض خود ساختہ اضافہ ہے جس کے ذریعے اصل مفہوم کو بدلنے کی کوشش کی گئی ہے کیونکہ حدیث کا اصل سیاق فتنے سے بچنے اور خطا سے محفوظ رہنے سے متعلق ہے نہ کہ جان و عزت بچانے سے۔ چنانچہ محدث امام ابن ہبیرہ رحمہ اللہ نے اس کا مفہوم یہ بیان کیا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو خطا سے بچا لیا اور ایسے کلمات سے محفوظ رکھا جو فتنے کو بھڑکا سکتے تھے۔ [الإفصاح عن معانی الصحاح لابن هبيره 4/206 رقم 1412]
مزید برآں اہلِ علم کے نزدیک اس روایت میں صیغے مجہول کے ہیں جبکہ مرزا جہلمی نے اسے صیغۂ معلوم کے طور پر ترجمہ کیا ہے جس سے معنی کا رخ بدل جاتا ہے۔ لہٰذا یہ ترجمہ نہ صرف اصولِ لغت و نحو کے خلاف ہے بلکہ مفہوم کی تحریف بھی ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ اصل مسئلہ خطاء سے اجتناب اور فتنے سے بچاؤ کا تھا نہ کہ جان و عزت بچانے کا۔