69- دو احادیث میں جمع و تطبیق
ایک حدیث میں ہے:
”عدل و انصاف کرنے والوں کو نور کے ممبروں پر رحمان کے دائیں جانب بٹھایا جائے گا اور اللہ تعالیٰ کے دونوں ہاتھ ہی دائیں ہیں۔“
جبکہ دوسری حدیث میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:
”اللہ تعالیٰ ساتوں زمینوں کو لپیٹ کر اپنے بائیں ہاتھ میں پکڑ لے گا۔“
”شمالہ“ بائیں ہاتھ کے جو الفاظ حدیث میں مروی ہیں، ان میں راویوں کے اقوال مختلف ہیں۔ کئی تو ان کو صحیح مانتے ہیں اور بعض کے نزدیک یہ درست نہیں۔ یعنی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت نہیں۔ اس غلطی کا سبب صحیح مسلم کے الفاظ ہیں:
”اللہ تعالیٰ کے دونوں ہاتھ ہی دائیں ہیں۔“
اس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ دائیں بائیں کی تقسیم کی ضرورت نہیں۔ نیز صحیح مسلم ہی میں اللہ تعالیٰ کے لیے ”بائیں ہاتھ“ کا ذکر موجود ہے۔ جب یہ ثابت ہے تو پھر ان دونوں میں کوئی تعارض نہیں۔ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ جیسے مخلوق کا بایاں ہاتھ دائیں کے مقابلے میں کمزور ہوتا ہے، یہ چیز خالق کے لیے نہیں ہے، بلکہ اس کے دونوں ہاتھ ہی برابر ہیں۔ مذکورہ وہم کو ختم کرنے کے لیے فرمایا:
”اللہ تعالیٰ کے دونوں ہاتھ ہی دائیں ہیں۔“
اس حدیث میں عدل و انصاف کرنے والوں کی فضیلت و عظمت بیان کرنا مقصود ہے کہ وہ رحمان کی دائیں جانب ہوں گے۔
خلاصہ کلام یہ ہے کہ یقیناً اللہ تعالیٰ کے دو ہاتھ ہیں اور دونوں ایک دوسرے سے جدا جدا ہیں اور اگر دوسرے ہاتھ کو ہم ”بائیں“ سے تعبیر کریں تو اس سے کوئی کمی و نقص لازم نہیں آتا۔ ہمارا فرض یہ ہے کہ جو بات نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہو جائے اسے تسلیم کریں اور اگر ثابت نہ ہو سکے تو ہمیں یہ کہنا چاہیے: ”اس کے دونوں ہاتھ ہی دائیں ہیں۔“ (ابن عثیمین: مجموع الفتاویٰ والرسائل: 75)