کیا سیدنا عبدالرحمٰن بن ابی بکرؓ قتل ہوئے؟ طبعی وفات کی صحیح روایت اور مرزا صاحب کی دوغلی پالیسی

Read in English
فونٹ سائز:
یہ اقتباس مرزا محمد علی انجینئر کے اعتراضات و اشکالات کا تحقیقی جائزہ سے ماخوذ ہے جسے ہارون بن شبیر احمد حفظہ اللہ نے تالیف کیا ہے اور نظرِ ثانی فضیلۃ الشیخ مولانا محمد رفیق طاہر حفظہ اللہ نے کی ہے۔

سیدنا عبدالرحمٰن بن ابی بکر رضی اللہ عنہ کے قتل کا الزام:

(محمد بن ابی بکر رحمہ اللہ کے قتل کا الزام حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ پر لگانے کے بعد انجینئر صاحب کہتے ہیں) ”تو سیدہ عائشہ اس وجہ سے حضرت معاویہ سے ناراض تھیں۔ یہ تو ایک بھائی کا آپ نے سنا، ایک دوسرا بھائی تھا ”عبدالرحمٰن بن ابی بکر“………… اس کے بارے میں آپ صحیح بخاری اٹھا کے دیکھ لیں- 4827-نمبر حدیث ہے انٹرنیشنل نمبرنگ کے مطابق۔ مروان جب حجاز کا گورنر ہوتا ہے مسجد نبوی میں خطبہ دیتے ہوئے وہ بار بار یزید ابن معاویہ کا ذکر کرتا ہے تا کہ وہ بیعت لے حضرت معاویہ کے بعد ان کے بیٹے کے لیے ………… تو بخاری کے الفاظ ہیں عبدالرحمن بن ابی بکر کھڑے ہوئے اور انہوں نے اس حاکمِ وقت کو کچھ کہا، اب امام بخاری نے یہ نہیں بتایا کہ کیا کہا، مروان کو غصہ آیا اس نے کہا: پکڑو اسے گرفتار کرو………… تو سیدنا عبدالرحمٰن بن ابوبکر فوراً جا کے مسجد نبوی کے ساتھ adjacent اماں عائشہ کا حجرہ تھا اس میں جا کے چھپ گئے………… تو مروان کا غصہ نہیں ٹھنڈا ہوا اس نے باہر سے کہا: ہاں ابوبکر کے بیٹے! تو ہی ہے نا جس کے بارے میں وہ آیت نازل ہوئی ہے، سورۃ الاحقاف آیت نمبر: 17، کہ یہ کہتا ہے کہ: میرے ماں باپ مجھے کہتے ہیں کہ جب ہم مر کے مٹی ہو جائیں گے تو دوبارہ سے زندہ کیے جائیں گے، یہ تو اگلے لوگوں کی کہانیاں ہیں، ابوبکر کے بیٹے! یہ تیرے بارے میں نازل ہوئی ہے، تو اپنے ماں باپ کو کہتا تھا کہ قرآن اگلے لوگوں کی کہانیاں ہیں، نعوذ باللہ اتنا بڑا جھوٹ بولا! تو سیدہ عائشہ سے برداشت نہیں ہوا وہ حجرے کے اندر سے ہی بولیں، انہوں نے کہا: آلِ ابوبکر کے بارے میں کوئی آیت ایسی نازل نہیں ہوئی ہے سوائے سورۃ النور کی وہ آیات جو میری براءت میں نازل ہوئی تھیں۔“

پھر مرزا صاحب کہتے ہیں:

”اچھا! اب ظاہر ہے جب یہ دشمنی ہو تو آپ کیا سمجھتے ہیں دشمنی ختم ہوتی ہے؟ ساری اہل سنت کی تاریخی کتابیں جن کا میں نے حوالہ دیا ہے اس میں ملتا ہے کہ عبدالرحمن بن ابی بکر پھر جا کے چھپ گئے، کچھ عرصے بعد کسی غار سے ان کی لاش ملی، وہ لاش لا کے پھر مکے میں دفنایا گیا ان کو قبر کے اندر۔ اب ظاہر ہے کہ یہ غار میں ایک بندہ چھپا ہو وہاں سے لاش ملے تو، نامعلوم افراد، چند نامعلوم افراد تھے، اور وہ نامعلوم افراد کون سے ہو سکتے ہیں؟ ظاہر ہے جو اس سسٹم کے beneficiary تھے۔ ہم نام نہیں کسی کا لیتے، جہاں نام تھا میں نے نام لے کے کہا، جہاں نام نہیں ہے صرف نامعلوم افراد ہیں وہ آپ کو خود پتہ چل جائے گا کون نامعلوم افراد ہیں۔“

Abdur Rahman Bin Abi Bakar, Brothers of Hazrat Ayesha A.S
دیکھیں! مرزا صاحب کی اس ساری گفتگو کو دو حصوں میں تقسیم کر لیں۔ پہلا یہ کہ سیدنا عبدالرحمن بن ابی بکر رضی اللہ عنہ اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے گورنر مروان کے مابین کچھ تلخ کلامی ہوتی ہے، عبدالرحمٰن رضی اللہ عنہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے حجرے میں چلے جاتے ہیں اور پھر مروان کے کلام پر جو بھی سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے جواب دیا، یہ ایک حصہ ہے۔ اس کے لیے جناب انجینئر صاحب حوالوں پر حوالے دیئے جاتے ہیں، جی صحیح بخاری میں بھی یہ روایت ہے، مستدرک للحاکم میں بھی ہے بڑی تفصیل کے ساتھ، سنن نسائی الکبری میں بھی موجود ہے، اور یہ تلاش کرنا کوئی مشکل کام نہیں امام ابن کثیر نے تفسیر ابن کثیر میں سورۃ الاحقاف آیت نمبر: 17 کے تحت یہ تمام روایات جمع کر دی ہیں، اور دورانِ ویڈیو سکرین پر بھی ساتھ ہی ساتھ حوالے دکھائے جا رہے ہیں (حالانکہ جس تفصیلی روایت کا انجینئر صاحب نے تذکرہ کیا ہے اسے امام ذہبی رحمہ اللہ نے مستدرک کی تلخیص میں منقطع قرار دیا ہے، جو کہ جرح مفسر ہے)۔ اب دیکھیں کہ یہ کس طرح لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہیں، اپنی ناکارہ اور جاہل عوام کو ان حوالوں میں الجھا دیا کہ جس سے ان کو بہت ہی اچھا تاثر ملتا ہے کہ واہ جی واہ ہر بات ریفرنس سے بیان ہو رہی ہے۔ اب وہ دماغی طور پر اس طرح مطمئن (صحیح پوچھیں تو hypnotize) ہو چکے ہوتے ہیں کہ اب جو چاہے باتیں کرتے جاؤ یہ نہیں سوچیں گے کہ اس کا ریفرنس کیا ہے، یہ کس کتاب میں لکھا ہے۔ تو آپ غور کریں کہ مرزا صاحب نے پہلے حصے میں تو بہت سے حوالے دیئے ہیں لیکن گفتگو کا دوسرا حصہ جو کہ بنیادی مدعا تھا کہ جی اس واقعہ کے بعد حضرت عبدالرحمٰن بن ابی بکر رضی اللہ عنہ کسی غار میں جا کر چھپ گئے اور پھر وہاں سے ان کی لاش برآمد ہوئی وغیرہ وغیرہ، تو اس کا کیا ریفرنس دیا گیا ہے؟ اس کے لیے ہمیشہ کی طرح وہی دھوکہ دیا کہ: ساری اہل سنت کی ”تاریخی کتابیں“ جن کا میں نے حوالہ دیا ہے…………۔
لیکن پہلی بات تو یہ ہے کہ آپ تو صحیح الاسناد روایات پر چلتے ہیں اور تاریخ کے متعلق کہتے ہیں کہ یہ حکمرانوں کی لکھوائی گئی تاریخ ہے، تاریخ جھوٹی ہے، تاریخ کی حیثیت کھوٹے سِکّوں کی مانند ہے، اور تاریخ کی جھوٹی بے سند روایات سنانے والے ذاکرین حضرات کو آپ جاہل ذاکرین قرار دیتے ہیں۔ لیکن اتنی خوبصورت باتیں کرنے کے بعد آپ خود بھی جاہل ذاکر بن کر جھوٹی تاریخ بیان کرنا شروع کر دیتے ہیں، اور سلام ہے آپ کے سننے والوں کو جنہیں آپ کا یہ دوغلہ پن نظر ہی نہیں آتا۔ دوسرا دھوکہ یہ دیا ہے کہ جناب جن تاریخ کی کتب کا میں نے حوالہ دیا ان سب میں یہ واقعہ موجود ہے۔ ویڈیو دیکھیں کس تاریخ کی کتاب کا حوالہ دیا گیا ہے؟ سکرین پر کون سا ریفرنس دکھایا گیا ہے؟
جبکہ ویڈیو کی شروعات پر لکھا گیا ہے ”references attached“ یعنی امام صاحب جو بھی بات کریں گے سکرین پر اس کا ریفرنس دکھایا جائے گا۔ حوالہ دیتے بھی کیسے جب آپ کو بھی معلوم ہے کہ میں جھوٹ بول رہا ہوں۔ ہاں لیکن اس کے خلاف ایک صحیح روایت سے ثابت ہے کہ جناب عبدالرحمن بن ابی بکر رضی اللہ عنہ کسی غار میں جا کر نہیں چھپے اور نہ ہی وہ قتل کیے گئے بلکہ ان کی وفات طبعی طور پر ہوئی ہے۔

آپ رضی اللہ عنہ کی وفات تو طبعی طور پر ہوئی:

ام علقمہ کا بیان ہے کہ:
أَنَّ امْرَأَةً دَخَلَتْ بَيْتَ عَائِشَةَ فَصَلَّتْ عِنْدَ بَيْتِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، وَهِيَ صَحِيحَةٌ فَسَجَدَتْ، فَلَمْ تَرْفَعْ رَأْسَهَا حَتَّى مَاتَتْ، فَقَالَتْ عَائِشَةُ: الْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي يُحْيِي وَيُمِيتُ، إِنَّ فِي هَذِهِ لَعِبْرَةً لِي فِي عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ أَبِي بَكْرٍ، رَقَدَ فِي مَقِيلٍ لَهُ قَالَهُ، فَذَهَبُوا يُوقِظُونَهُ فَوَجَدُوهُ قَدْ مَاتَ، فَدَخَلَ نَفْسَ عَائِشَةَ تُهَمَةُ أَنْ يَكُونَ صُنِعَ بِهِ شَرٌّ، وَعُجِّلَ عَلَيْهِ فَدُفِنَ وَهُوَ حَيٌّ، فَرَأَتْ أَنَّهُ عِبْرَةٌ لَهَا، وَذَهَبَ مَا كَانَ فِي نَفْسِهَا مِنْ ذَلِكَ-
”ایک عورت سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے گھر آئی تو اس نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حجرے کے قریب نماز پڑھی اور وہ بالکل ٹھیک تھی، اس نے سجدہ کیا تو اس نے اپنا سر نہیں اٹھایا اور (سجدے کی حالت میں ہی) وفات پا گئی۔ اس پر حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: تمام تعریفیں اس اللہ کی ذات کے لیے ہیں جو زندہ کرتا اور موت دیتا ہے، بے شک اس واقعہ میں میرے لیے عبدالرحمن بن ابی بکر رضی اللہ عنہ کے حوالے سے نصیحت ہے، وہ اپنی قیلولہ گاہ میں سونے کے لیے گئے تھے اور جب لوگ انہیں اٹھانے کے لیے گئے تو انہوں نے آپ کو دیکھا کہ آپ وفات پا چکے تھے، اور میرے دل میں ایک غلط فہمی پیدا ہو گئی کہ ان کے ساتھ کچھ برا ہوا ہے اور لوگوں نے ان کے متعلق عجلت سے کام لیا اور انہیں زندہ ہی دفن کر دیا گیا۔ تو جب میں نے اس عورت (کی اس قدر اچانک موت) کو دیکھا تو اس سے مجھے نصیحت حاصل ہوئی اور جو میرے دل میں اس حوالے سے خدشہ تھا وہ دور ہو گیا۔“ (مستدرک للحاکم:6011)
اس کی سند حسن ہے۔
لیجیے یہ تو حضرت عبدالرحمٰن رضی اللہ عنہ کے گھر سے گواہی مل رہی ہے کہ وہ تو اپنی آرام گاہ میں ہی سونے کی حالت میں فوت ہوئے تھے۔ نہ ہی کسی غار میں چھپنے کی بات ہے اور نہ ہی وہاں سے ان کی لاش برآمد ہونے کا کوئی ثبوت۔ اور ائمہ کرام نے بھی ان کی وفات کے ذکر میں یہی لکھا ہے کہ وہ نیند کی حالت میں فوت ہوئے تھے:
امام ابو القاسم البغوی رحمہ اللہ حضرت عبدالرحمٰن بن ابی بکر رضی اللہ عنہ کی وفات کے ذکر میں امام یحیی بن سعید کا قول نقل کرتے ہیں کہ ”توفي عبد الرحمٰن بن ابي بكر في نوم نامه“ سیدنا عبدالرحمن بن ابی بکر رضی اللہ عنہ نیند کی حالت میں فوت ہوئے۔ (معجم الصحابۃ للبغوی:417/4)
امام ابونعیم الاصبہانی رحمہ اللہ لکھتے ہیں ”توفي بمكة في نومة نامها“ آپ رضی اللہ عنہ مکہ میں نیند کی حالت میں فوت ہوئے۔ (معرفۃ الصحابۃ:1815/4)
اور یہی بات امام ابن عبد البر، امام ابن کثیر، امام ابن الاثیر اور حافظ ابن حجر رحمہم اللہ نے آپ رضی اللہ عنہ کی وفات کے بیان میں کہی ہے۔ (الاستیعاب:826/2، البدایۃ والنہایۃ:89/8، أسد الغابۃ:364/3، الاصابۃ:276/4)
لہٰذا یہ ثابت ہوا کہ آپ رضی اللہ عنہ قتل نہیں ہوئے بلکہ طبعی طور پر فوت ہوئے، اور حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے متعلق شکوک وشبہات پیدا کرنے کے لیے جو کہانی مرزا صاحب نے بنائی ہے وہ سب جھوٹ ہے۔ اگرچہ صراحت کے ساتھ آپ رضی اللہ عنہ کا نام تو نہیں لیا لیکن جو اس ویڈیو کی تمام سیریز دیکھے گا اسے جج کرنے میں کوئی مشکل نہیں ہوگی کہ اشارہ کس کی طرف ہے۔ مرزا صاحب حق گوئی کے نام پر صرف اور صرف صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر الزامات لگا رہے ہیں، اور بہانہ یہ پیش کرتے ہیں کہ جی قرآن نے بھی انبیاء کی غلطی بیان کی ہے تو اس سے کیا ان کی توہین لازم آتی ہے؟ ہم بس یہی کہتے ہیں کہ جو کچھ آپ حق گوئی کے نام پر کر رہے ہیں تو آپ سے بہت ہی اچھے طریقے کے ساتھ یہ کارنامہ روافض حضرات بھی سرانجام دے رہے ہیں، اور وہ آپ سے اچھی سٹوریاں گھڑ لیتے ہیں، لہٰذا آپ قرآن کے راستے پر نہیں انہی کے راستے پر ہیں۔
بہر حال جب صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں سے کسی نے آپ کی طرح حضرت عبدالرحمٰن بن ابی بکر رضی اللہ عنہ کی وفات کے متعلق رنگ نہیں بھرے، اور نہ ہی کسی صحابی کے متعلق شکوک وشبہات پیدا کیے ہیں تو آپ کو بھی اپنی رافضیت کی دکان بند ہی رکھنی چاہیے۔

مرزا صاحب کی دوغلی پالیسی:

یہاں تو معاملہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کا تھا تو ان پر اعتراض کرنے کے لیے آپ نے ضربیں تقسیمیں لگا کر ایک فلم تیار کر لی، لیکن اب مرزا صاحب کا دوسرا چہرہ بھی دیکھ لیں، ایک ویڈیو میں فرماتے ہیں:

”انصار سارے حضرت علی رضی اللہ عنہ کے ساتھی تھے، یہ انصاری ہی تھے نہ جو حضرت علی کو بھی خلیفہ بنانا چاہتے تھے ابوبکر کے موقع پر۔ اور انہی میں سعد ابن عبادہ تھے وہ خود بھی بننا چاہتے تھے، انہوں نے بیعت نہیں کی تھی حضرت ابوبکر کی اور دیکھیں حضرت ابوبکر نے ان کو قتل نہیں کروایا اختلاف رائے کیا۔ لیکن باقی انصاریوں نے بیعت کر لی انہوں نے پوری زندگی بیعت نہیں کی حضرت ابوبکر کی۔“

اس پر سوال کرنے والا کہتا ہے: ہوئے تو ویسے قتل ہی ہیں!
انجینئر صاحب جواب دیتے ہیں: ”قتل ہوئے ہیں لیکن پتہ نہیں کس نے مارے ہیں، لیکن (انہوں نے) حضرت عمر کی بھی بیعت نہیں کی اگر مارنا ہوتا تو اس وقت حضرت ابوبکر مار دیتے، وہ حضرت عمر کے دور میں شہید ہوئے ہیں ابوبکر کے دور میں نہیں ہوئے۔“
Mas’alah 157, part- B 1:30:52
تو دیکھیں بات یہاں بھی سیاسی اختلاف اور بیعت نہ کرنے کی ہی ہے، بلکہ مرزا صاحب کے بقول تو حضرت سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ خود خلیفہ بننا چاہتے تھے لیکن اس کے باوجود ان کے قتل کا الزام سیدنا ابوبکر یا سیدنا عمر رضی اللہ عنہما پر نہیں لگایا گیا۔ تو کیا کوئی شخص آپ کے اس beneficiary والے فضول منطق کی بنیاد پر حضرت سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ کے قتل کا الزام سیدنا ابوبکر وعمر رضی اللہ عنہما پر لگا سکتا ہے کہ نہیں؟ تو جس طرح اس قتل کا الزام حضرت ابوبکر وعمر رضی اللہ عنہما پر لگانا جائز نہیں اسی طرح حضرت عبدالرحمن بن ابی بکر رضی اللہ عنہ کے قتل کا الزام سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ پر لگانا باطل ہے، اور یہ عمل محض صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر الزام تراشی ہے۔ اور ایسے طرزِ عمل سے فتنہ وفساد پھیلانا تو مقصود ہو سکتا ہے لیکن علم اور حق کی تشہیر بالکل نہیں۔ اس طرح تو کسی کو بھی کسی کے قتل کا beneficiary بنا کر اسے مجرم قرار دیا جا سکتا ہے۔ سیدنا حسن رضی اللہ عنہ کے حوالے سے بھی آپ نے یہی ڈھونگ رچایا۔ اور اسی طرح روافض کرتے ہیں، نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے beneficiary ابوبکر وعمر کو قرار دے کر وہ ان حضرات کے متعلق اشکالات پیدا کرتے ہیں۔ لہٰذا انجینئر صاحب اور رافضیوں کے طریقۂ واردات اور حق گوئی میں کوئی فرق نہیں ہے۔
ہمیں تو کسی عام مسلمان کے متعلق یہ اجازت نہیں کہ ہم کسی کے متعلق بدگمانی کریں، جبکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس امت کا سب سے افضل اور خیر والا طبقہ قرار دیا ہے لہٰذا ہمارا حق بنتا ہے کہ ہم ان حضرات پر الزام تراشی اور بدگمانی سے بچیں۔ یہی اہل سنت کا منہج ہے جبکہ صحابہ پر الزامات لگانا اور ان کے متعلق غلط تاثر عام کرنا رافضیوں کا طریقہ ہے، جس پر مرزا صاحب گامزن ہیں۔
تنبیہ: ایک روایت ذکر کی جاتی ہے کہ جب سیدنا عبدالرحمن بن ابی بکر رضی اللہ عنہ نے یزید کی بیعت کرنے سے انکار کیا تو حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے ان کی طرف ایک لاکھ درہم بھیجے لیکن آپ رضی اللہ عنہ نے انہیں لینے سے انکار کر دیا۔ (مستدرک للحاکم:6015)
جبکہ یہ روایت غیر ثابت ہے، اس میں ایک راوی ”ابراہیم بن محمد بن عبدالعزیز“ ہے جو کہ ضعیف اور منکر الحدیث راوی ہے۔ (الکامل فی ضعفاء الرجال لابن عدی:406/1)

❀❀❀