جن چیزوں کی نسبت اللہ تعالیٰ نے اپنی طرف کی ہے، ان کی اقسام

Read in English
فونٹ سائز:
یہ تحریر علمائے حرمین کے فتووں پر مشتمل کتاب 500 سوال و جواب برائے عقیدہ سے ماخوذ ہے جس کا ترجمہ فضیلۃ الشیخ مولانا محمد یاسر عرفات حفظہ اللہ نے کیا ہے۔

43- جن اشیاء کی نسبت اللہ تعالیٰ نے اپنی طرف کی ہے

جن اشیاء کی نسبت اللہ تعالیٰ نے اپنی طرف کی ہے، ان کی تین قسمیں ہیں:
① ایسی چیز جو بذات خود قائم ہے، اس سے ایسی نسبت مراد ہے جو مخلوق کی اپنے خالق کی طرف ہوتی ہے۔ کبھی یہ نسبت عام ہوتی ہے جیسے:
إِنَّ أَرْضِي وَاسِعَةٌ [العنكبوت: 56]
”بے شک میری زمین وسیع ہے۔“
اور کبھی یہ نسبت اس چیز کے شرف کی وجہ سے خاص ہوتی ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
وَطَهِّرْ بَيْتِيَ لِلطَّائِفِينَ وَالْقَائِمِينَ وَالرُّكَّعِ السُّجُودِ [الحج: 26]
”اور میرے گھر کو طواف کرنے والوں اور قیام کرنے والوں اور رکوع، سجود کرنے والوں کے لیے پاک کر۔“
نیز فرمایا:
نَاقَةَ اللَّهِ وَسُقْيَاهَا [الشمس: 13]
”اللہ کی اونٹنی اور اس کے پینے کی باری (کا خیال رکھو)۔“
اس قسم کا تعلق مخلوق سے ہے۔
② ایسی چیز جو کسی دوسری کے ساتھ قائم ہو، جیسے اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
وَرُوحٌ مِنْهُ [النساء: 171] ”اس کی طرف سے ایک روح ہے۔“
یہ بھی شرف والی نسبت ہے۔ اس سے مراد وہی روح ہے جو مخلوق ہے اور اللہ تعالیٰ کا حصہ اور جز نہیں۔ یہ ایسی روح ہے جو عیسیٰ علیہ السلام میں داخل ہوئی اور یہ اللہ تعالیٰ کی ذات سے جدا اور منفرد ہے، اس کا تعلق بھی مخلوق سے ہے۔
③ اس سے مراد ایک خاص صفت ہے جس کی نسبت اللہ تعالیٰ کی طرف ہو، اس کا تعلق مخلوق سے نہیں، کیونکہ اللہ تعالیٰ کی تمام صفات مخلوق نہیں ہیں جیسے ”قدرت اللہ“ اللہ کی قدرت۔ اس کی مثالیں قرآن مجید میں کثیر تعداد میں موجود ہیں۔ (ابن عثیمین: مجموع الفتاویٰ والرسائل: 77)