کیا جعد بن درہم نے خالد القسری کی طرف سے قربانی کی؟

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ زبیر علی زئی رحمہ اللہ کی کتاب قربانی کے احکام و مسائل سے ماخوذ ہے۔

کیا جعد بن درہم نے خالد القسری کی طرف سے قربانی کا جانور ذبح کیا تھا؟

❀ کوثری نے تانیب میں خالد بن عبد اللہ القسری کے بارے میں لکھا ہے:
و القسري هذا هو الذى بنى كنيسة لأمه تتعبد فيها وهو الذى يقال عنه أنه ذبح الجعد بن درهم يوم عيد الأضحى أضحية عنه والخبر على انتشاره وذيوعه غير ثابت (ص 62)
اس کا ترجمہ کرتے ہوئے عبد القدوس نے لکھا ہے: اور یہ القسری وہ ہے جس نے اپنی ماں کے لئے گرجا بنایا تھا جس میں وہ عبادت کیا کرتی تھی۔ اور یہ وہی ہے جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحی کے دن الجعد بن درہم نے اس کی طرف سے قربانی کا جانور ذبح کیا تھا۔ اور یہ واقعہ مشہور ہونے اور پھیل جانے کے باوجود ثابت نہیں ہے۔
(ابو حنیفہ کا عادلانہ دفاع ص 178)
عبد القدوس کی یہ بات کہ عید الاضحی کے دن الجعد بن درہم نے اس (خالد القسری) کی طرف سے قربانی کا جانور ذبح کیا تھا بڑی عجیب و غریب اور نایاب دریافت ہے۔ حالانکہ محولہ عبارت اور اس کا صحیح ترجمہ درج ذیل ہے:
أنه ذبح الجعد بن درهم يوم عيد الأضحى أضحية عنه
بے شک اُس نے اپنی طرف سے جعد بن درہم کو عید الاضحی کے دن (بطور) قربانی ذبح کیا۔
کوثری کے نزدیک مشہور اور غیر ثابت واقعہ تو یہ ہے کہ خالد القسری نے عید الاضحی کے دن، اپنی طرف سے قربانی کے طور پر جعد بن درہم (ضال و مضل اور منکر صفات باری تعالیٰ) کو ذبح کیا تھا۔ جبکہ عبد القدوس صاحب یہ راگ الاپ رہے ہیں: جعد بن درہم نے اس کی طرف سے قربانی کا جانور ذبح کیا تھا۔ سبحان اللہ!
سرزمین حجاز اور کوفہ کے امیر خالد القسری کے بارے میں حافظ ذہبی (متوفی 748ھ) نے لکھا ہے:
اس نے اضحی والے دن کہا:
ضحوا تقبل الله منكم فإني مضح بالجعد بن درهم، زعم أن الله لم يتخذ إبراهيم خليلا، إلخ.
(لوگو) تم قربانیاں کرو، اللہ تمہاری قربانیاں قبول کرے، میں جعد بن درہم کی قربانی کرنے والا ہوں کیونکہ وہ کہتا ہے کہ اللہ نے ابراہیم علیہ السلام کو خلیل نہیں بنایا تھا۔
(سیر اعلام النبلاء 432/5)
یہ مشہور قصہ ثابت ہو یا نہ ہو، کوثری کی عبارت میں یہ بات ہرگز نہیں ہے کہ جعد بن درہم نے خالد کی طرف سے کوئی قربانی کی ہو۔ اگر عبد القدوس قارن کو عربی نہیں آتی تو میزان الاعتدال (ج 1 ص 399 ت 1382) کی طرف ہی رجوع کر لیا ہوتا، جس میں لکھا ہوا ہے: فقتل على ذلك بالعراق يوم النحر، پس وہ (جعد بن درہم) اس (غلط عقیدے کی وجہ سے) عراق میں قربانی والے دن قتل ہو گیا۔ اليس منكم رجل رشيد؟
تنبیہ: خالد القسری کا اپنی ماں کے لئے کنیسہ (گرجا) بنانا ثابت نہیں ہے۔ (فتاویٰ علمیہ: 425/2)