73- اللہ تعالیٰ کی صفت نزول کا بیان
رات کے آخری تہائی حصے میں اللہ تعالیٰ کے آسمان دنیا پر تشریف لانے اور عرش پر مستوی ہونے میں کوئی تعارض والی بات نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ کا یہ نزول اس کے شایان شان ہے۔ صفت علو (بلند ہونا) اور عرش پر مستوی ہونے میں کوئی اختلاف و تضاد نہیں، کیونکہ اللہ تعالیٰ کے نزول اور مستوی ہونے کی کیفیت ہمارے علم میں نہیں، یہ تو اللہ تعالیٰ ہی جانتا ہے، جبکہ مخلوق کا معاملہ تو اس کے بالکل برعکس ہے کہ ایک ہی وقت میں کسی ایک مقام پر نزول کرے اور دوسری جگہ موجود بھی ہو، جیسا کہ یہ بات سب ہی جانتے ہیں۔ صرف اللہ تعالیٰ ہی کی ذات ایسی ہے جو ہر چیز پر قادر ہے۔ کسی مثال کے ذریعے سے مخلوق کو اللہ تعالیٰ کے ساتھ تشبیہ نہیں دی جا سکتی، کیونکہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
فَلَا تَضْرِبُوا لِلَّهِ الْأَمْثَالَ [النحل: 74]
”پس اللہ کے لیے مثالیں بیان نہ کرو۔“
ایک اور فرمان بھی ہے:
لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْءٌ وَهُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ [الشوریٰ: 11]
”اس کی مثل کوئی چیز نہیں اور وہی سب کچھ سننے والا، سب کچھ دیکھنے والا ہے۔“
ہماری اس تقریر سے یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہو گئی کہ نزول اور استوا میں کوئی تعارض نہیں اور جہات کا اختلاف اثر انداز نہیں ہوتا۔ (اللجنة الدائمة: 1643)