74- کیا اللہ تعالیٰ کے نزول سے عرش کا خالی ہونا لازم آتا ہے؟
یہ سوال مبالغہ اور غلو پر مبنی ہے۔ ایسا سوال کرنا کوئی اچھی چیز نہیں ہے۔ ہمارا اس سے سوال یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی صفات کو سمجھنے کے بارے میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے آپ زیادہ حریص ہیں؟ اگر تو جواب ہاں میں دے تو جھوٹا ہے، اور اگر کہے کہ نہیں تو ہم کہتے ہیں کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے تو یہ سوال نہیں کیا۔ آپ ایسا سوال کیوں کرتے ہیں؟
بس آپ اللہ تعالیٰ کی صفت نزول کو مان لیں اور خاموش ہو جائیں۔ عرش خالی ہوتا ہے یا نہیں؟ آپ کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ خصوصاً اللہ تعالیٰ کی ذات کے متعلقہ امور میں خاموشی ہی بہتر ہے، کیونکہ عقل ان چیزوں کو سمجھنے سے قاصر ہے، لہٰذا ایسا سوال کرنا درست نہیں۔
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی طرح ہر آدمی کو ادب سے کام لینا چاہیے۔ فرض کیجیے کہ ایک آدمی اس آزمائش میں مبتلا ہو گیا ہے کہ مختلف علماء کے اس بارے میں مختلف اقوال موجود ہوں۔ کوئی کہے کہ عرش خالی ہو جاتا ہے اور کوئی کہے نہیں ہوتا ہے اور کوئی کہے کہ اس بارے میں خاموشی ہی بہتر ہے۔ ان میں سب سے سلامتی والا موقف خاموشی والا ہے۔ اس کے بعد درجہ اس بات کا ہے کہ عرش خالی نہیں ہوتا۔ عرش کو خالی ماننے والا قول کمزور ترین ہے، یہ ایسا مسئلہ ہے جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بیان نہیں فرمایا اور نہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ہی نے اس کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا ہے۔ اگر اس کے متعلق کوئی عقیدہ قائم کرنا ضروری ہوتا تو اللہ اور رسول اس مسئلے کو ضرور بیان فرما دیتے اور اس بیان کی کئی صورتیں ہوتیں:
① آپ صلی اللہ علیہ وسلم خود ہی حق کی وضاحت فرما دیں۔
② آپ صلی اللہ علیہ وسلم خاموشی اختیار فرماتے اور وحی نازل ہو جاتی۔
③ کوئی دیہاتی آ کر کسی چیز کے متعلق سوال کر دیتا۔
④ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم خود ہی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھ لیتے۔
جب مذکورہ صورتوں میں سے کوئی بھی ثابت نہیں تو پھر ہمیں خاموشی اختیار کرنی چاہیے اور یہ معاملہ اللہ کے سپرد کر دینا چاہیے، اس کے علاوہ ہمارے سامنے کوئی اور راستہ نہیں۔ (ابن عثیمین: مجموع الفتاویٰ والرسائل: 97)