مضمون کے اہم نکات
عذاب قبر کے متعلق حدیث سلمان فارسی رضی اللہ عنہ
(41) سیدنا سلمان فارسی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا:
رِبَاطُ يَوْمٍ وَّلَيْلَةٍ خَيْرٌ مِنْ صِيَامِ شَهْرٍ وَقِيَامِهٖ، وَإِنْ مَاتَ جَرٰى عَلَيْهِ عَمَلُهُ الَّذِي كَانَ يَعْمَلُهٗ، وَأُجْرِيَ عَلَيْهِ رِزْقُهٗ، وَأَمِنَ الْفَتَّانَ.
”ایک دن اور رات کا پہرہ ایک ماہ کے روزوں اور قیام اللیل سے بہتر ہے۔ یہ شخص فوت ہو جائے، تب بھی اس کے معمول کے اعمال جاری رہیں گے، رزق ملتا رہے گا اور قبر کے فتنوں سے جاں خلاصی ہو گی۔“
(صحيح مسلم: 1913)
حدیث فضالہ بن عبید رضی اللہ عنہ
(42) سیدنا فضالہ بن عبید رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
كُلُّ مَيِّتٍ يُخْتَمُ عَلٰى عَمَلِهٖ إِلَّا الَّذِي مَاتَ مُرَابِطًا فِي سَبِيلِ اللّٰهِ فَإِنَّهٗ يُنْمٰى لَهٗ عَمَلُهٗ إِلٰى يَوْمِ الْقِيَامَةِ، وَيَأْمَنُ مِنْ فِتْنَةِ الْقَبْرِ.
”مرنے کے بعد اعمال کا سلسلہ منقطع ہو جاتا ہے، البتہ جو اللہ کے رستے میں پہرہ دیتے ہوئے فوت ہو گیا، قیامت تک اس کے اعمال بڑھتے رہتے ہیں اور عذاب قبر سے بچا لیا جاتا ہے۔“
(مسند الإمام أحمد: 20/6، سنن أبي داؤد: 2500، سنن التّرمذي: 1621، الجهاد لابن أبي عاصم: 317، المُعجم الكبير للطّبراني: 802، وسندهٗ صحيحٌ)
اس حدیث کو امام ترمذی رحمہ اللہ نے ”حسن صحیح“ اور امام ابن حبان رحمہ اللہ (4624) نے ”صحیح“ کہا ہے، امام حاکم رحمہ اللہ (142،88/2) نے بخاری و مسلم کی شرط پر ”صحیح“ کہا ہے، حافظ ذہبی رحمہ اللہ نے ان کی موافقت کی ہے۔
❀ علامہ ابن العربی رحمہ اللہ نے ”صحیح“ کہا ہے۔
(عارضة الأحوذي: 113/4)
❀ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
ثَبَتَ فِي السُّنَنِ. ”سنن کی کتب میں ثابت ہے۔“
(فتح الباري: 429/12)
ایک صحابی کی حدیث
(43) ایک صحابی بیان کرتے ہیں:
إِنَّ رَجُلًا قَالَ: يَا رَسُولَ اللّٰهِ، مَا بَالُ الْمُؤْمِنِينَ يُفْتَنُونَ فِي قُبُورِهِمْ إِلَّا الشَّهِيدَ؟ قَالَ: كَفٰى بِبَارِقَةِ السُّيُوفِ عَلٰى رَأْسِهٖ فِتْنَةً.
”ایک آدمی عرض گزار ہوا: اللہ کے رسول! کیا وجہ ہے کہ اہل ایمان کا ان کی قبروں میں امتحان لیا جاتا ہے، مگر شہید کا نہیں؟ فرمایا: اس کے سر پر چمکتی تلواریں اس کے لیے امتحان سے کافی ہو گئیں۔“
(سنن النّسائي: 99/4، ح: 2053، وسندهٗ حسنٌ)
❀ حافظ ابن القطان فاسی رحمہ اللہ نے اسے ”حسن“ کہا ہے۔
(بيان الوهم والإيهام في كتاب الأحكام: 743/5)
حدیث مقدام بن معدیکرب رضی اللہ عنہ
(44) سیدنا مقدام بن معدیکرب رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لِلشَّهِيدِ عِنْدَ اللّٰهِ سِتُّ خِصَالٍ: يُغْفَرُ لَهٗ فِي أَوَّلِ دَفْعَةٍ، وَيَرٰى مَقْعَدَهٗ مِنَ الْجَنَّةِ، وَيُجَارُ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ، وَيَأْمَنُ مِنَ الْفَزَعِ الْأَكْبَرِ، وَيُوضَعُ عَلٰى رَأْسِهٖ تَاجُ الْوَقَارِ، الْيَاقُوتَةُ مِنْهَا خَيْرٌ مِنَ الدُّنْيَا وَمَا فِيهَا، وَيُزَوَّجُ اثْنَتَيْنِ وَسَبْعِينَ زَوْجَةً مِنَ الْحُورِ الْعِينِ، وَيُشَفَّعُ فِي سَبْعِينَ مِنْ أَقَارِبِهٖ.
”اللہ تعالیٰ کے ہاں شہید کو چھ انعامات سے نوازا جاتا ہے؛ ① جان نکلتے ہی تمام گناہ مٹا دیے جاتے ہیں۔ ② اس کا جنتی مسکن دکھا دیا جاتا ہے اور عذاب قبر سے محفوظ و مامون رہتا ہے۔ ③ حشر کی ہولناکیوں سے بے خوف و خطر ہو گا۔ ④ عزت و وقار کی تاج پوشی ہو گی، جس کا ایک ایک موتی دنیا و مافیہا سے بہتر ہے۔ ⑤ موٹی موٹی خوبصورت آنکھوں والی بہتر (72) حوروں سے بیاہ دیا جائے گا۔ ⑥ ستر (70) رشتہ داروں کے حق میں اس کی سفارش قبول کی جائے گی۔“
(مسند أحمد: 131/4، سنن التّرمذي: 1663، سنن ابن ماجه: 2799، وسندهٗ حسنٌ)
اس حدیث کو امام ترمذی رحمہ اللہ نے ”حسن صحیح“ کہا ہے۔
حدیث قیس جذامی رضی اللہ عنہ
(45) سیدنا قیس جذامی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
يُعْطَى الشَّهِيدُ سِتَّ خِصَالٍ عِنْدَ أَوَّلِ قَطْرَةٍ مِنْ دَمِهٖ، يُكَفَّرُ عَنْهُ كُلُّ خَطِيئَةٍ، وَيُرٰى مَقْعَدَهٗ مِنَ الْجَنَّةِ، وَيُزَوَّجُ مِنَ الْحُورِ الْعِينِ، وَيُؤَمَّنُ مِنَ الْفَزَعِ الْأَكْبَرِ، وَمِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ، وَيُحَلّٰى حُلَّةَ الْإِيمَانِ.
”خون کا پہلا قطرہ گرتے ہی شہید کو چھ اعزاز دیے جاتے ہیں؛ ① تمام گناہ مٹا دیے جاتے، ② جنت کا ٹھکانہ دکھایا جاتا ہے، ③ حور عین کے ساتھ شادی کر دی جاتی ہے، ④ فزع اکبر (حشر کی ہولناکیوں) سے محفوظ و مامون رہے گا، ⑤ عذاب قبر سے محفوظ رہے گا، ⑥ ایمان کی پوشاک پہنائی جائے گی۔“
(مسند الإمام أحمد: 200/3، التّاريخ الكبير للبخاري: 134/7، حسنٌ)
حدیث سلیمان بن صرد و خالد بن عرفطہ رضی اللہ عنہما
(46) عبداللہ بن یسار رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں:
كُنْتُ جَالِسًا مَعَ سُلَيْمَانَ بْنِ صُرَدٍ، وَخَالِدِ بْنِ عُرْفُطَةَ وَهُمَا يُرِيدَانِ أَنْ يَتْبَعَا جِنَازَةَ مَبْطُونٍ، فَقَالَ أَحَدُهُمَا لِصَاحِبِهٖ: أَلَمْ يَقُلْ رَسُولُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: مَنْ يَقْتُلْهُ بَطْنُهٗ، فَلَنْ يُعَذَّبَ فِي قَبْرِهٖ؟ فَقَالَ: بَلٰى.
”میں سیدنا سلیمان بن صرد رضی اللہ عنہ اور سیدنا خالد بن عرفطہ رضی اللہ عنہ کے پاس بیٹھا تھا۔ وہ پیٹ کی بیماری میں فوت ہونے والے کا جنازہ پڑھنے جا رہے تھے، ایک صاحب اپنے ساتھی سے کہنے لگے: کیا نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان نہیں ہے کہ پیٹ کی بیماری میں فوت ہونے والے کو عذاب قبر نہیں ہو گا؟ تو دوسرے نے کہا : جی ہاں، فرمایا تھا۔“
(مسند الإمام أحمد: 262/4، سنن النّسائي: 2052، المُعجم الكبير للطّبراني: 190/4، وسندهٗ صحيحٌ)
اس حدیث کو امام ترمذی رحمہ اللہ (1064) نے ”حسن غریب“ اور امام ابن حبان رحمہ اللہ (2933) نے ”صحیح“ کہا ہے۔
❀ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے اس کی سند کو ”صحیح“ کہا ہے۔
(الإصابة في تمييز الصحابة: 244/2)
حدیث ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ
(47) سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
مَنْ مَاتَ مُرَابِطًا فِي سَبِيلِ اللّٰهِ أَجْرٰى عَلَيْهِ أَجْرَ عَمَلِهِ الصَّالِحِ الَّذِي كَانَ يَعْمَلُ، وَأَجْرٰى عَلَيْهِ رِزْقَهٗ، وَأَمِنَ مِنَ الْفَتَّانِ، وَبَعَثَهُ اللّٰهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ آمِنًا مِنَ الْفَزَعِ.
”جو اللہ کے رستے میں پہرہ دیتے ہوئے جاں بحق ہو گیا، اس کے اعمال کا اجر و ثواب جاری و ساری رہے گا۔ اسے رزق دیا جاتا ہے، فتنوں سے محفوظ رہے گا اور روز قیامت ہر قسم کی گھبراہٹ سے بے خوف ہو گا۔“
(سنن ابن ماجه: 2767، وسندهٗ حسنٌ)
اس حدیث کو امام ابو عوانہ رحمہ اللہ (7465) نے ”صحیح“ کہا ہے۔ حافظ منذری رحمہ اللہ (الترغیب والترہیب: 156/2) اور حافظ بوصیری رحمہ اللہ (مصباح الزجاجۃ: 155/3) نے اس کی سند کو ”صحیح“ قرار دیا ہے۔
❀ حافظ سخاوی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
أَخْرَجَ ابْنُ مَاجَةَ بِسَنَدٍ لَا بَأْسَ بِهٖ.
”سنن ابن ماجہ کی روایت ہے اور اس کی سند ”لا باس بہ“ ہے۔“
(الأجوبة المرضية فيما سئل السخاوي عنه من الأحاديث النبوية: 119/1)
حدیث انس بن مالک رضی اللہ عنہ
(48) سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
رَأَيْتُ لَيْلَةَ أُسْرِيَ بِي رِجَالًا تُقْرَضُ شِفَاهُهُمْ بِمَقَارِضَ مِنْ نَارٍ فَقُلْتُ: مَنْ هٰؤُلَاءِ يَا جِبْرِيلُ فَقَالَ الْخُطَبَاءُ مِنْ أُمَّتِكَ يَأْمُرُونَ النَّاسَ بِالْبِرِّ وَيَنْسَوْنَ أَنْفُسَهُمْ وَهُمْ يَتْلُونَ الْكِتَابَ أَفَلَا يَعْقِلُونَ.
”میں نے معراج کی رات کچھ لوگوں کو دیکھا، ان کے جبڑے آگ کی قینچیوں سے کاٹے جا رہے تھے، میں نے عرض کیا: جبریل یہ کون ہیں؟ کہا: یہ آپ کی امت کے خطبا ہیں، جو لوگوں کو نیکی کا حکم دیتے تھے اور خود کو بھول جاتے تھے، حالانکہ وہ کتاب پڑھتے تھے، کیا یہ عقل نہیں رکھتے۔“
(صحيح ابن حبان: 53، وسندهٗ حسنٌ، وأخرجه البيهقي في شعب الإيمان: 1637، بسندٍ حسنٍ)
حدیث ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ
(49) سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں:
شَهِدْتُ مَعَ رَسُولِ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ جِنَازَةً، فَقَالَ رَسُولُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: أَيُّهَا النَّاسُ إِنَّ هٰذِهِ الْأُمَّةَ تُبْتَلٰى فِي قُبُورِهَا، فَإِذَا الْإِنْسَانُ دُفِنَ فَتَفَرَّقَ عَنْهُ أَصْحَابُهٗ، جَاءَهٗ مَلَكٌ فِي يَدِهٖ مِطْرَاقٌ فَأَقْعَدَهٗ، قَالَ: مَا تَقُولُ فِي هٰذَا الرَّجُلِ؟ فَإِنْ كَانَ مُؤْمِنًا قَالَ: أَشْهَدُ أَنْ لَّا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهٗ وَرَسُولُهٗ، فَيَقُولُ: صَدَقْتَ ثُمَّ يُفْتَحُ لَهٗ بَابٌ إِلَى النَّارِ، فَيَقُولُ: هٰذَا كَانَ مَنْزِلُكَ لَوْ كَفَرْتَ بِرَبِّكَ، فَأَمَّا إِذْ آمَنْتَ فَهٰذَا مَنْزِلُكَ، فَيُفْتَحُ لَهٗ بَابٌ إِلَى الْجَنَّةِ، فَيُرِيدُ أَنْ يَنْهَضَ إِلَيْهِ فَيَقُولُ لَهٗ: اسْكُنْ وَيُفْسَحُ لَهٗ فِي قَبْرِهٖ، وَإِنْ كَانَ كَافِرًا أَوْ مُنَافِقًا يَقُولُ لَهٗ: مَا تَقُولُ فِي هٰذَا الرَّجُلِ؟ فَيَقُولُ: لَا أَدْرِي سَمِعْتُ النَّاسَ يَقُولُونَ شَيْئًا، فَيَقُولُ: لَا دَرَيْتَ، وَلَا تَلَيْتَ، وَلَا اهْتَدَيْتَ، ثُمَّ يُفْتَحُ لَهٗ بَابٌ إِلَى الْجَنَّةِ فَيَقُولُ: هٰذَا مَنْزِلُكَ لَوْ آمَنْتَ بِرَبِّكَ، فَأَمَّا إِذْ كَفَرْتَ بِهٖ فَإِنَّ اللّٰهَ عَزَّ وَجَلَّ أَبْدَلَكَ بِهٖ هٰذَا، وَيُفْتَحُ لَهٗ بَابٌ إِلَى النَّارِ، ثُمَّ يَقْمَعُهٗ قَمْعَةً بِالْمِطْرَاقِ يَسْمَعُهَا خَلْقُ اللّٰهِ كُلُّهُمْ غَيْرَ الثَّقَلَيْنِ، فَقَالَ بَعْضُ الْقَوْمِ: يَا رَسُولَ اللّٰهِ، مَا أَحَدٌ يَقُومُ عَلَيْهِ مَلَكٌ فِي يَدِهٖ مِطْرَاقٌ إِلَّا هِيلَ عِنْدَ ذٰلِكَ، فَقَالَ رَسُولُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: يُثَبِّتُ اللَّهُ الَّذِينَ آمَنُوا بِالْقَوْلِ الثَّابِتِ (إبراهيم: 27)
”میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک جنازے میں گیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: لوگو! یہ امت اپنی قبروں میں آزمائی جائے گی۔ جب انسان کو دفنا دیا جاتا ہے اور اس کے ساتھی اس کو چھوڑ کر جا رہے ہوتے ہیں، ایک فرشتہ آتا ہے، جس کے ہاتھ میں ہتھوڑا ہوتا ہے۔ وہ اسے بٹھاتا ہے۔ کہتا ہے کہ اس آدمی کے بارے میں کیا خیال ہے۔ اگر وہ مومن ہو تو کہتا ہے کہ میں گواہی دیتا ہوں اللہ کے سوا کوئی الہ نہیں اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے بندے اور رسول ہیں۔ وہ کہتا ہے: تو نے سچ کہا، پھر اس کے لئے آگ کا دروازہ کھولا جاتا ہے۔ کہتا ہے اگر تو رب کے ساتھ کفر کرتا، تو یہ تیرا ٹھکانہ ہوتا، اب جبکہ تو رب پر ایمان لایا، تو یہ تیری منزل ہے، اس کے لئے جنت کا دروازہ کھول دیا جائے گا۔ وہ اس میں جانا چاہے گا، کہا جائے گا، سکون کرو، اس کی قبر کھول دی جائے گی۔ اگر وہ کافر یا منافق ہوا، تو فرشتہ اس سے کہے گا: تو اس بندے کے متعلق کیا کہتا ہے؟ وہ کہے گا: میں نہیں جانتا، میں لوگوں سے جو سنتا تھا، وہی کہہ دیتا تھا۔ فرشتہ کہے گا: نہ تو نے جانا، نہ ہدایت پائی، جنت کا دروازہ کھولا جائے گا، کہا جائے گا اگر تو ایمان لاتا تو یہ تیری منزل ہوتی۔ لیکن تو نے رب کے ساتھ کفر کیا، جب تو نے کفر کیا ہے تو اس کے بدلے یہ ملا ہے، جہنم کا دروازہ کھولا جائے گا۔ وہ ہتھوڑا مارے گا، جس کو سوائے جن و انس کے ہر چیز سنتی ہے۔ صحابہ نے عرض کیا کہ ہتھوڑے سے تو بندہ ویسے ہی ڈر جائے گا، جواب کیسے دے پائے گا؟ فرمایا: اللہ اپنے بندوں کو قول ثابت پر قائم رکھے گا۔“
(مسند الإمام أحمد: 4-3/3، وسندهٗ حسنٌ)