67- کیا ”الدھر“ اللہ تعالیٰ کا نام ہے؟
”الدھر“ اللہ تعالیٰ کے ناموں میں شامل نہیں اور جو کوئی اس کو اسماء حسنیٰ میں شامل کرے تو دو وجوہات کی بنا پر اسے غلط کہا جائے گا:
① اللہ تعالیٰ کے ناموں میں انتہا درجے کا کمال و حسن پایا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے اسماء و صفات میں وہ کلمہ شامل ہو سکتا ہے جو عمدہ وصف اور بہترین معنی پر دلالت کرتا ہو۔ یہی وجہ ہے کہ ”الدھر“ اسماء میں شامل نہیں۔ یہ اسم جامد ہے، اس کے معنی میں بھی کوئی خوبصورتی نہیں، یہ تو صرف اوقات پر بولا جاتا ہے۔
② ”الدھر“ کے اسماء حسنیٰ میں شامل نہ ہونے کا دوسرا سبب یہ ہے کہ جس حدیث میں اس کا تذکرہ ہوا ہے، اس کا سیاق اس معنی کی تائید نہیں کرتا، کیونکہ حدیث کے الفاظ ہیں:
« أُقَلِّبُ اللَّيْلَ وَالنَّهَارَ » ”میں دن رات کو بدلنے والا ہوں۔“
اور یہ بات تو کسی صورت میں بھی ممکن نہیں کہ کسی چیز کو پھیرنے والا اور وہ چیز دونوں ایک ہی ہوں۔ (ابن عثیمین: مجموع الفتاویٰ والرسائل: 73)