نیک چلن کے متعلق احکامات
① سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إن الهدي الصالح والسمت الصالح والاقتصاد جزء من خمسة وعشرين جزءا من النبوة
”نیک چلن، اچھی ہیئت اور میانہ روی نبوت کا پچیسواں حصہ ہے۔“
ابوداؤد، کتاب الادب 4776۔
وعدہ پورا کرنے کے متعلق احکامات
① سیدنا ابو جحیفہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا، آپ سفید جوان تھے۔ اور سیدنا حسن بن علی رضی اللہ عنہما آپ سے مشابہت رکھتے تھے۔ راوی بیان کرتے ہیں، میں نے سیدنا ابو جحیفہ رضی اللہ عنہ سے کہا، آپ مجھے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا حلیہ مبارک بیان کریں۔ انہوں نے کہا: آپ سفید سرخی مائل تھے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں تیرہ اونٹنیاں دینے کا حکم فرمایا۔ ہم لینے گئے تو آپ کی وفات ہو گئی اس لیے ہمیں کچھ بھی نہ ملا۔ پس جب سیدنا ابو بکر رضی اللہ عنہ خلیفہ بنے تو انہوں نے فرمایا: اگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی سے عہد کیا ہو تو وہ آئے اور وہ چیز لے جائے۔ تو میں کھڑا ہوا اور اس کے متعلق انہیں بتایا تو آپ نے وہ (اونٹ) ہمیں دینے کا حکم فرمایا۔
بخاری، کتاب المناقب 3543، مسلم، کتاب الفضائل 2343/107۔
ایسے لوگوں کی باتیں سننا جسے وہ ناپسند کرتے ہوں
① سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من استمع إلى حديث قوم وهم له كارهون صب فى أذنيه الآنك يوم القيامة
”جو شخص ایسے لوگوں کی بات پر کان لگائے جو اپنی بات کسی کو سنانا ناپسند کرتے ہوں تو اس کے کانوں میں روزِ قیامت سیسہ پگھلا کر ڈالا جائے گا۔“
بخاری، کتاب التعبیر 7042۔ ابوداؤد، کتاب الادب 5024۔
لوگوں کی آبروریزی کرنے کی ممانعت
① سیدنا سعید بن زید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إن من أربى الربا الاستطالة فى عرض المسلم بغير حق
”لوگوں کی ناحق آبروریزی کرنا سب سے بڑی زیادتی ہے۔“
ابوداؤد، کتاب الادب 4876، مسند احمد، مسند العشرة المبشرین بالجنة 241/1۔