مساجد بنانے کے متعلق احکامات
① سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا:
من بنى مسجدا يبتغي به وجه الله، بنى الله له بيتا فى الجنة
”جو شخص اللہ کی رضا کی خاطر مسجد بناتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے لیے جنت میں گھر بناتا ہے۔“
بخاری، کتاب المساجد، حدیث 450۔ مسلم، كتاب المساجد، باب فضل بناء المساجد والحث عليها، 533۔
② سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من بنى لله مسجدا صغيرا كان أو كبيرا، بنى الله له بيتا فى الجنة
”جس شخص نے اللہ کے لیے چھوٹی یا بڑی مسجد بنائی تو اللہ تعالیٰ اس کے لیے جنت میں گھر بناتا ہے۔“
ترمذی، كتاب الصلوة، باب ما جاء في فضل بنيان المسجد، حدیث 319۔ یہ حدیث ضعیف ہے۔ اس کی سند میں عبد الرحمن مولی قیس مجہول ہے۔ سنن ترمذی، 2/135، پر علامہ الشیخ احمد محمد شاکر حسینی رحمہ اللہ کی تعلیق ملاحظہ فرمائیں ۔
③ سیدنا عمرو بن عبسہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من بنى مسجدا ليذكر الله فيه، بنى الله له بيتا فى الجنة
”جس شخص نے اس لیے مسجد بنائی کہ اس میں اللہ تعالیٰ کا ذکر کیا جائے تو اللہ تعالیٰ اس کے لیے جنت میں گھر بناتا ہے۔“
النسائي، كتاب المساجد، الفضل في بناء المساجد، حدیث 688۔ اپنے شواہد کے ساتھ حسن ہے ۔
تحية المسجد
① سیدنا ابو قتادہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إذا دخل أحدكم المسجد فليركع ركعتين قبل أن يجلس
”جب تم میں سے کوئی مسجد میں آئے تو وہ بیٹھنے سے پہلے دو رکعتیں پڑھ لے۔“
بخاری، کتاب الصلوة، رقم 1163۔ مسلم، كتاب صلوة المسافرين و قصرها، حدیث 714۔ ابوداؤد، كتاب الصلوۃ، رقم 467۔ محدثین کی ایک جماعت نے اسے روایت کیا ہے ۔
② سیدنا ابو قتادہ رضی اللہ عنہ ہی سے روایت ہے وہ بیان کرتے ہیں، میں مسجد پہنچا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں کے ہاں تشریف فرما تھے۔ وہ بیان کرتے ہیں میں بھی بیٹھ گیا۔ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
ما منعك أن تركع ركعتين قبل أن تجلس؟
”بیٹھنے سے پہلے دو رکعتیں پڑھنے سے تمہیں کس نے منع کیا؟“
وہ بیان کرتے ہیں، میں نے عرض کیا، اے اللہ کے رسول! میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اور لوگوں کو بیٹھے ہوئے دیکھا (تو میں بھی بیٹھ گیا)۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
فإذا دخل أحدكم المسجد فلا يجلس حتى يركع ركعتين
”جب تم میں سے کوئی مسجد میں آئے تو بیٹھنے سے پہلے دو رکعتیں پڑھ لے۔“
بخاری، کتاب الصلوة، حدیث 444۔ مسلم، كتاب صلوة المسافرين و قصرها، حدیث 714۔