مرکب خوشبو لگانے کی ممانعت
① سیدنا ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لا يقبل اللہ صلاة رجل فى جسده شيء من خلوق
”اللہ اس آدمی کی نماز قبول نہیں کرتا جس کے جسم پر معمولی سی خلوق (ایک مرکب خوشبو جو زعفران وغیرہ سے ملا کر بنائی جاتی ہے اس کا رنگ اکثر سرخ یا زرد ہوتا ہے) ہوگی۔“
ابو داؤد، کتاب الترجل 4178، مسند احمد، اول مسند الکوفیین 4/ 493 حدیث 19634۔
② سیدنا یعلیٰ بن مرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک آدمی کو رنگ دار خوشبو لگائے ہوئے دیکھا تو فرمایا:
إذهب فاغسله، ثم اغسله، ثم لا تعد
”جاؤ اسے دھوؤ، پھر دھوؤ اور پھر نہ لگانا۔“
ابو داؤد، کتاب الترجل 4176، ترمذی، کتاب الأدب 286، نسائی، الزینة 8/ 132.
بے لباس خواتین کا انجام
① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
صنفان من أهل النار لم أرهما: قوم معهم سياط كأذناب البقر يضربون بها الناس، ونساء كاسيات عاريات مميلات مائلات، رؤوسهن كأسنمة البخت المائلة، لا يدخلن الجنة ولا يجدن ريحها، وإن ريحها ليوجد من مسيرة كذا وكذا
”جہنمیوں کی دو قسمیں ایسی ہیں جنہیں میں نے نہیں دیکھا، کچھ ایسے لوگ ہوں گے ان کے پاس بیل کی دموں جیسے کوڑے ہوں گے، جن سے وہ لوگوں کو ماریں گے اور عورتیں ہوں گی جو لباس پہنے ہوئے بھی عریاں ہوں گی، مائل ہونے والی اور مائل کرنے والی، ان کے سر بختی اونٹوں کے کوہانوں کی طرح ہوں گے، وہ نہ جنت میں داخل ہوں گی اور نہ اس کی خوشبو پا سکیں گی، حالانکہ اس کی خوشبو تو اتنی اتنی مسافت سے پائی جاتی ہے۔“
مسلم، کتاب اللباس والزینة 2128/52۔ مسند احمد، باقی مسند المکثرین 2/ 472 .
ستر ننگا کرنے کی ممانعت
① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دو قسم کے لباس پہننے سے منع فرمایا ہے:
اشتمال الصماء اس کی صورت یوں ہے کہ چادر کو پہلے دائیں ہاتھ اور بائیں کندھے پر اور پھر بائیں ہاتھ اور دائیں کندھے پر ڈال کر لپیٹنا، یا نماز میں پورا کپڑا اس طرح جسم پر لپیٹ لینا کہ ہاتھ بھی باہر نہ رہے اور دوسرا لباس اس طرح ہے کہ بیٹھے ہوئے اپنے اوپر کپڑے کو اس طرح لپیٹنا کہ شرم گاہ پر کوئی کپڑا نہ ہو۔
ستر دیکھنے کی ممانعت
① سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لا ينظر الرجل إلى عورة الرجل، ولا المرأة إلى عورة المرأة، ولا يفضي الرجل إلى الرجل فى ثوب واحد، ولا تفضي المرأة إلى المرأة فى الثوب الواحد
”آدمی آدمی کے ستر کو نہ دیکھے اور نہ عورت عورت کے ستر کو دیکھے، اور مرد مرد کے ساتھ ایک کپڑے میں نہ لیٹے اور نہ عورت عورت کے ساتھ ایک کپڑے میں لیٹے۔“
مسلم، کتاب الحيض 338/74، ترمذی، کتاب الأدب 2793۔ مسند احمد، باقی مسند المکثرین 3/ 78، حدیث 11607۔
② سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
يا على لا تكشف فخذك، ولا تنظر إلى فخذ حي ولا ميت
”اے علی! اپنی ران سے کپڑا نہ اٹھاؤ اور نہ کسی زندہ اور مردہ کی ران دیکھو۔“
ابو داؤد، کتاب الحمام 4015۔