ریشم، سونا اور ایک جوتا پہننے کی ممانعت

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ حسین بن مبارک الموصلی کی عربی کتاب الاوامر والنواهي سے ماخوذ ہے جس کا اُردو ترجمہ محمد سرور گوہر صاحب نے احکامات و ممنوعات کے نام سے کیا ہے۔

ریشم پہننے کی ممانعت

① سیدنا انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من لبس الحرير فى الدنيا لم يلبسه فى الآخرة
”جس نے دنیا میں ریشم پہنا وہ اسے آخرت میں نہیں پہنے گا۔“
بخاری، کتاب اللباس 5832، مسلم، کتاب اللباس والزینة 2073/21۔
② سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا:
إنما يلبس الحرير من لا خلاق له
”ریشم تو صرف وہی پہنتا ہے جس کا (آخرت میں) کوئی حصہ نہ ہو۔“
بخاری، کتاب الجمعة 681، مسلم، کتاب اللباس والزینة 2068/7۔
③ سیدنا عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں ریشمی قبا کا تحفہ پیش کیا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے زیب تن کیا، پھر اس میں نماز پڑھی، جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نماز سے فارغ ہوئے تو ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے فوراً اتار دیا، پھر فرمایا:
لا ينبغي هٰذا للمتقين
”یہ متقین کی شان کے خلاف ہے۔“
بخاری، کتاب اللباس 5801، مسلم، کتاب اللباس والزینة 2075/23۔
④ سیدنا ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
حرم لباس الحرير والذهب على ذكور أمتي وأحل لإناثهم
”ریشمی لباس اور سونا میری امت کے مردوں پر حرام اور ان کی عورتوں پر حلال قرار دیا گیا ہے۔“
ترمذی، کتاب اللباس عن رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم 1720۔

سونا پہننے کی ممانعت

① سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک آدمی کے ہاتھ میں سونے کی انگوٹھی دیکھی تو اسے اتارا اور پھینک دیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
يعمد أحدكم إلى جمرة من نار فيطرحها فى يده
”تم میں سے کوئی آگ کے انگارے کا قصد کرتا ہے اور اسے اپنے ہاتھ پر ڈال لیتا ہے۔“
جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لے گئے تو اس آدمی سے کہا گیا: ”اپنی انگوٹھی پکڑ لو اور اس سے فائدہ اٹھاؤ۔“ اس نے کہا: ”نہیں! اللہ کی قسم! میں اسے کبھی بھی نہیں اٹھاؤں گا کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اسے پھینک چکے ہیں۔“
مسلم، کتاب اللباس والزینة 2090/52۔
② سیدنا ابو سعید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نجران سے ایک آدمی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اس نے سونے کی انگوٹھی پہن رکھی تھی، پس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے اعراض فرمایا اور فرمایا:
إنك جئتني وفي يدك جمرة من نار
”تم میرے پاس آئے ہو اور تمہارے ہاتھ میں آگ کا انگارہ ہے۔“
نسائی، الزینة 8/ 148، مسند احمد، حدیث 11115۔
③ سیدنا امام مالک رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں، مجھے یہ ناپسند ہے کہ لڑکے سونے کی کوئی چیز پہنیں، اس لیے کہ مجھے پتہ چلا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سونے کی انگوٹھی پہننے سے منع فرمایا ہے اور میں مردوں کے لیے اس کا پہننا ناپسند کرتا ہوں، خواہ وہ بڑے ہوں یا چھوٹے۔
الموطأ، کتاب الجامع 2/ 912 حدیث 4۔

ایک جوتا پہن کر چلنے کی ممانعت

① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لا يمشي أحدكم فى نعل واحدة، لينعلهما جميعا أو ليخلعهما جميعا
”تم میں سے کوئی شخص ایک جوتا پہن کر نہ چلے وہ دونوں پہنے یا پھر دونوں اتار دے۔“
بخاری، کتاب اللباس 5855، مسلم، کتاب اللباس والزینة 2097/68۔