عن سلمان قال سمعت رسول الله يقول رباط يوم وليلة خير من صيام شهر وقيامه وإن مات جرى عليه عمله الذى كان يعمله وأجري عليه رزقه وأمن الفتان.
”سلمان فارسی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ایک دن اور ایک رات (دشمن کی زمین سے ملی ہوئی) سرحد پر پہرہ دینا یہ ایک ماہ کے روزے اور ایک ماہ کے قیام سے زیادہ بہتر ہے، اور اگر وہ فوت ہو جاتا ہے تو اس پر اس کا وہ عمل جاری رہے گا جو عمل وہ کیا کرتا تھا۔ اور اس پر اس کا رزق جاری کر دیا جاتا ہے اور وہ (قبر کے) فتنوں سے محفوظ رہے گا۔ “
(صحیح مسلم) (رواه مسلم كتاب الامارة باب فضل الرباط في سبيل الله عز وجل، الرقم: 1913)
تشریح
اس حدیث میں رباط کی مزید فضیلت ذکر کی گئی ہے یعنی رباط ایسا عمل ہے کہ اس کو صرف ایک دن یا ایک رات انجام دینے والا شخص ایک ماہ کے روزوں اور ایک ماہ کے قیام سے بھی زیادہ نیکیاں سمیٹ لیتا ہے، اگر پہرے کی حالت میں اس کی موت واقع ہو جاتی ہے تو اس کے اجر و ثواب کا سلسلہ جاری رہتا ہے، اور بموجبِ قرآن عند ربہم یرزقون اسے عالم برزخ میں باہم رزق پہنچایا جاتا ہے، اور موت کے بعد قبر کے فتنے سے بھی بچا لیا جاتا ہے۔
نوٹ: یہاں أمن الفتان سے مراد قبر کا فتنہ ہے کیونکہ سنن ابی داؤد، کتاب الجہاد، باب فی فضل الرباط، الرقم: 2500 میں فضالہ بن عبید رضی اللہ عنہ کی حدیث میں ويؤمن من فتان القبر کے الفاظ ہیں، جس سے صاف ظاہر ہوا کہ أمن الفتان سے فتنہ قبر مقصود ہے جیسا کہ ہم نے اوپر کہا تھا۔