قیامت کی نشانی : ہر گھر میں فتنہ داخل ہوجائے گا

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ حافظ مبشر حسین لاہوری کی کتاب قیامت کی نشانیاں صحیح احادیث کی روشنی میں سے ماخوذ ہے۔

قیامت کی نشانی : ہر گھر میں فتنہ داخل ہوجائے گا

عن عوف بن مالك رضى الله عنه قال: أتيت النبى صلى الله عليه وسلم فى غزوة تبوك وهو فى قبة من أدم، فقال: اعدد ستا بين يدي الساعة… ثم فتنة لا يبقى بيت من العرب إلا دخلته
حضرت عوف بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں غزوہ تبوک کے موقع پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا جبکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس وقت چمڑے کے ایک خیمے میں تشریف فرما تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ قیامِ قیامت کی چھ نشانیاں شمار کر لو پھر ایک ایسا عام اور تباہ کن فتنہ ہو گا کہ عرب کا کوئی گھر بھی اس کی لپیٹ میں آنے سے محفوظ نہیں رہ سکے گا۔
بخاری (3176) أحمد (34/6) ابو داؤد (5000) ابن ماجہ (4091) حاکم (466/4)

فوائد :

➊ عرب میں فتنہ کا پھیل جانا قیامت کی ایک نشانی ہے۔
➋ فتنہ جسمانی یا روحانی ہر دو طرح کا ہوسکتا ہے۔
➌ جسمانی فتنے میں قتل و غارت، لوٹ کھسوٹ، دنگا فساد، کساد بازاری، زناکاری، فحاشی و عریانی، سود خوری، حرام خوری جیسے عناصر شامل ہیں جو عرصہ دراز سے بتدریج شروع ہو کر بالآخر عرب کے ہر گھر کو اچھی طرح اپنی لپیٹ میں لے چکے ہیں حتی کہ حدود حرم اور حرم مدینہ بھی اس لپیٹ سے محفوظ نہیں۔
➍ روحانی فتنے میں بے دینی، بد عملی، شریعت سے دوری، کفار سے دوستی، جہاد و قتال سے بے رغبتی جیسے عوامل شامل ہیں۔
➎ فی الواقع موجودہ حالات میں عرب ہر طرح کے فتنے کی لپیٹ میں ہے مزید برآں عیسائی طاقتیں اور قوتیں اور یہودی ذہانتیں اور لیاقتیں ہر طرف سے اہل عرب کا گھیراؤ کر رہی ہیں بلکہ عملی طور پر یہود و نصاری عرب میں پنجے گاڑنے میں کامیاب ہو چکے ہیں اور 25 سے زیادہ فوجی اڈے قائم کر چکے ہیں جو آنے والے خطرناک حالات کا سگنل دے رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو دین پر مجتمع ہو کر ان فتنوں کا مقابلہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمين