قیامت کی نشانیاں : بارش بکثرت ہوگی مگر خیمے محفوظ رہیں گے
عن أبى هريرة رضى الله عنه عن النبى صلى الله عليه وسلم قال : لا تقوم الساعة حتى يمطر الناس مطرا لا تكن منه بيوت المدر ولا تكن منه إلا بيوت الشعر
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : قیامت قائم نہیں ہوگی حتی کہ لوگوں پر ایک ایسی بارش آئے گی جس سے ہر مٹی گارے کا (پختہ) گھر تو (بھیگنے سے) محفوظ نہیں رہے گا مگر بالوں والے گھر (یعنی خیمے) اس (بارش) سے محفوظ رہیں گے۔ (یعنی ان پر بارش نہیں ہوگی)۔
احمد (262/2) مجمع الزوائد (639/7)
فوائد :
➊ قرب قیامت کی ایک نشانی یہ ہوگی کہ پورے کرہ ارض پر ایک ہی وقت میں موسلادھار بارش ہوگی مگر اس بارش سے دنیا کے غریب، فقیر، یا مسافر اور مجاہد لوگوں کے کھلے آسمان تلے گاڑے ہوئے بالوں (اون) کے خیمے محفوظ رہیں گے جبکہ بڑی بڑی مضبوط اور محفوظ عمارتیں اس بارش سے محفوظ نہ رہ سکیں گی۔
➋ قیامت کی مذکورہ نشانی ابھی تک ظاہر نہیں ہوئی۔
➌ مذکورہ پیش گوئی بلاشبہ انسانی علم و عقل اور تجربے سے ماوراء معلوم ہوتی ہے کہ کسی جگہ ایک ہی بارش ہو مگر خیمے محفوظ رہیں اور مکانات بھیگ جائیں لیکن اللہ تعالیٰ کی قدرت سے کوئی چیز باہر نہیں وہ ہر چیز پر قادر ہے اور ہمیں بطور مسلمان آمنا و صدقنا کے سوا چارہ نہیں۔
➍ کئی مرتبہ دیکھنے میں آیا ہے کہ شہر کے ایک حصے میں خوب بارش ہورہی ہے مگر دوسرا حصہ محفوظ ہے۔ اگر ایسا ممکن ہے اور فی الواقع اس کا جواب مثبت ہے تو پھر مذکورہ پیش گوئی کے وقوع میں تذبذب کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔