بسم اللہ پڑھ کر دائیں ہاتھ سے کھانے کا ثواب صحیح احادیث کی روشنی میں

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ ابو حمزہ عبدالخالق صدیقی کی کتاب صحیح فضائل اعمال سے ماخوذ ہے۔

بسم اللہ پڑھ کر دائیں ہاتھ سے کھانے کا ثواب

عمر بن أبى سلمة قال: كنت غلاما فى حجر رسول الله صلى الله عليه وسلم وكانت يدي تطيش فى الصحفة، فقال لي رسول الله صلى الله عليه وسلم: يا غلام سم الله، وكل بيمينك، وكل مما يليك فما زالت تلك طعمتي بعد
سیدنا عمر و بن ابی سلمہ سے روایت ہے کہ میں بچہ تھا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زیر پرورش تھا، اور میرا ہاتھ (کھاتے وقت) پیالے میں گھومتا تھا، تو مجھ سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”اے بیٹے! اللہ کا نام لو (بسم اللہ پڑھو) دائیں ہاتھ سے کھانا کھاؤ اور اپنے قریب سے کھاؤ۔“ پس اس کے بعد میرے کھانے کا طریقہ یہی رہا۔
صحیح بخاری، كتاب الاطمعة، باب التسمية على الطعام، رقم: 5376 ـ صحیح مسلم، کتاب الاشربة، باب آداب الطعام والشراب، رقم: 5669.
سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے چھ صحابہ کرام کے ساتھ کھانا تناول فرما رہے تھے کہ اچانک ایک اعرابی نے آکر دو لقمے کھا لیے۔ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”اگر یہ ”بسم اللہ“ کہہ دیتا تو یہ کھانا سب کو کافی ہو جاتا۔ جو کوئی بھی کھانا کھانے لگے تو ”بسم اللہ“ پڑھ لے۔
سنن ابن ماجة، كتاب الأطعمة، باب التسمية عند الطعام، رقم: 3264 – البانی رحمہ اللہ نے اسے ”صحیح“ کہا ہے۔ الكلم الطيب، رقم: 112
سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
إذا أكل أحدكم طعاما فليقل: بسم الله ، فإن نسي فى أوله فليقل : بسم الله فى أوله وآخره
”جب کوئی کھانے کے شروع میں ”بسم اللہ“ پڑھنا بھول جائے تو (درمیان میں یا بعد میں) یاد آنے پر اس طرح پڑھے: بسم الله فى أوله وآخره
سنن ترمذی، کتاب الاطعمة، باب ما جاء في التسمية على الطعام، رقم: 1858 – البانی رحمہ اللہ نے اسے صحیح کہا ہے۔ الإرواء، رقم: 1965.
بسم اللہ پڑھ کر دائیں ہاتھ سے کھانے کی فضیلت کا اندازہ یہاں سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
”جب تم سے کوئی کھانا کھانے لگے تو دائیں ہاتھ سے کھائے، اور پیے بھی دائیں ہاتھ سے، اس لیے کہ شیطان بائیں ہاتھ سے کھاتا اور پیتا ہے۔“
صحيح مسلم، كتاب الأشربة، باب آداب الطعام والشراب واحكامها، رقم: 2020.
یعنی دائیں ہاتھ سے کھانے پینے کا فائدہ یہ ہے کہ بندہ شیطان کے طریقے پر عمل کرنے سے محفوظ رہتا ہے۔ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت پر عمل ہو جاتا ہے۔