قسم میں ان شاء اللہ، قسم کا کفارہ اور نذر پوری کرنے کے احکامات

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ حسین بن مبارک الموصلی کی عربی کتاب الاوامر والنواهي سے ماخوذ ہے جس کا اُردو ترجمہ محمد سرور گوہر صاحب نے احکامات و ممنوعات کے نام سے کیا ہے۔

كتاب الأيمان والنذور

قسم اٹھاتے وقت ان شاء اللہ کہنا

① سیدنا عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من حلف على يمين ثم قال إن شاء الله فقد استثنى
جس شخص نے قسم اٹھائی اور پھر کہا ان شاء اللہ (اگر اللہ نے چاہا) تو اس نے استثناء کر لیا۔
النسائی، کتاب الایمان، باب الاستثناء 26/7۔
② سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من حلف على يمين فاستثنى فإن شاء رجع وإن شاء ترك غير حنث
جو شخص قسم اٹھائے اور استثناء (ان شاء اللہ کہہ لے) کرلے تو اب اگر وہ چاہے تو رجوع کرلے اور اگر چاہے تو ترک کر دے۔ اس میں وہ گناہ گار نہیں ہوگا۔
ابوداؤد، کتاب الایمان، حدیث 3261۔ النسائی، کتاب الایمان، باب من حلف فاستثنى 12/70۔

قسم کا کفارہ

① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من حلف على يمين فرأى غيرها خيرا منها فليكفر عن يمينه
جو شخص کوئی قسم اٹھا لے اور پھر وہ اس سے بہتر معاملہ دیکھے تو وہ بہتر معاملہ اختیار کرلے اور اپنی قسم کا کفارہ ادا کرے۔
مسلم، کتاب الایمان 1650۔ موطا، النذور والایمان 478/2۔ ترمذی، کتاب النذور والایمان 361۔
② سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ ہی بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من حلف على يمين فرأى غيرها خيرا منها فليأت الذى هو خير وليكفر عن يمينه
جو شخص کوئی قسم اٹھائے اور وہ اس کے علاوہ معاملے میں بہتری دیکھے تو وہ بہتر معاملے کو اختیار کر لے اور اپنی قسم کا کفارہ ادا کرے گا۔
مسلم، کتاب الایمان 1650۔ بیہقی، الجزء التاسع أو العاشر، باب من حلف على یمین فرأى غیرہا 31/10۔

نذر پوری کرنے کے متعلق احکامات

① سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے عرض کیا اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم! میں نے دور جاہلیت میں مسجد حرام میں ایک رات اعتکاف کرنے کی نیت کی تھی اب میں کیا کروں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
أوف بنذرك
اپنی نذر پوری کرو۔
بخاری، کتاب الاعتکاف 2042۔ مسلم ، کتاب الایمان 1656/27۔
② سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتی ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من نذر أن يطيع الله فليطعه، ومن نذر أن يعصيه فلا يعصه
جس شخص نے نذر مانی ہو کہ وہ اللہ کی اطاعت کرے گا تو وہ اسے پورا کرے اور جس نے اس کی معصیت کی نذر مانی ہو وہ اسے پورا نہ کرے (اس کی معصیت نہ کرے۔
بخاری، کتاب الایمان والنذور 6696۔ ابوداؤد، کتاب الایمان والنذور 3289۔ ترمذی، کتاب النذور والایمان 1526۔