قبر میں آزمائش فتنہ دجال کی طرح: سیدہ اسماءؓ کی احادیث

فونٹ سائز:
یہ اقتباس علامہ غلام مصطفٰی ظہیر امن پوری حفظہ اللہ کی کتاب عذاب قبر سے ماخوذ ہے۔

عذاب قبر کے متعلق احادیث اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما

(26) سیدہ اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما بیان کرتی ہیں:
أَتَيْتُ عَائِشَةَ زَوْجَ النَّبِيِّ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حِينَ خَسَفَتِ الشَّمْسُ، فَإِذَا النَّاسُ قِيَامٌ يُصَلُّونَ وَإِذَا هِيَ قَائِمَةٌ تُصَلِّي، فَقُلْتُ: مَا لِلنَّاسِ، فَأَشَارَتْ بِيَدِهَا إِلَى السَّمَاءِ، وَقَالَتْ: سُبْحَانَ اللّٰهِ، فَقُلْتُ: آيَةٌ؟ فَأَشَارَتْ: أَيْ نَعَمْ، قَالَتْ: فَقُمْتُ حَتّٰى تَجَلَّانِي الْغَشْيُ، فَجَعَلْتُ أَصُبُّ فَوْقَ رَأْسِي الْمَاءَ، فَلَمَّا انْصَرَفَ رَسُولُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حَمِدَ اللّٰهَ وَأَثْنٰى عَلَيْهِ، ثُمَّ قَالَ: مَا مِنْ شَيْءٍ كُنْتُ لَمْ أَرَهٗ إِلَّا قَدْ رَأَيْتُهٗ فِي مَقَامِي هٰذَا، حَتَّى الْجَنَّةَ وَالنَّارَ، وَلَقَدْ أُوحِيَ إِلَيَّ أَنَّكُمْ تُفْتَنُونَ فِي الْقُبُورِ مِثْلَ أَوْ قَرِيبًا مِّنْ فِتْنَةِ الدَّجَّالِ -لَا أَدْرِي أَيَّتَهُمَا قَالَتْ أَسْمَاءُ- يُؤْتٰى أَحَدُكُمْ، فَيُقَالُ لَهٗ: مَا عِلْمُكَ بِهٰذَا الرَّجُلِ؟ فَأَمَّا الْمُؤْمِنُ -أَوِ الْمُوقِنُ- لَا أَدْرِي أَيَّ ذٰلِكَ قَالَتْ أَسْمَاءُ- فَيَقُولُ: مُحَمَّدٌ رَسُولُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ جَاءَنَا بِالْبَيِّنَاتِ وَالْهُدٰى، فَأَجَبْنَا وَآمَنَّا وَاتَّبَعْنَا، فَيُقَالُ لَهٗ: نَمْ صَالِحًا، فَقَدْ عَلِمْنَا إِنْ كُنْتَ لَمُوقِنًا، وَأَمَّا الْمُنَافِقُ- أَوِ الْمُرْتَابُ لَا أَدْرِي أَيَّتَهُمَا قَالَتْ أَسْمَاءُ- فَيَقُولُ: لَا أَدْرِي، سَمِعْتُ النَّاسَ يَقُولُونَ شَيْئًا فَقُلْتُهٗ.
”سورج کو گرہن لگا، تو میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی طرف آئی، دیکھا کہ لوگ قیام میں کھڑے ہیں۔ سیدہ بھی کھڑی نماز پڑھتی ہیں، میں نے کہا کہ لوگوں کو کیا ہوا؟ سیدہ نے آسمان کی طرف اشارہ کر کے کہا: سبحان اللہ! عرض کیا: گرہن ہے، اشارہ کیا کہ ہاں! میں بھی کھڑی ہو گئی، مجھے غشی آ گئی، میں اپنے سر پر پانی بہانے لگی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز سے فارغ ہوئے، تو اللہ کی حمد بیان کی، فرمایا: جو چیز میں نے پہلے نہیں دیکھی تھی، آج یہاں دیکھ لی ہے۔ میں نے یہاں جنت دیکھی ہے۔ میری طرف وحی کی گئی ہے کہ آپ کو قبروں میں آزمایا جائے گا۔ جیسا کہ فتنہ دجال سے ڈرایا گیا ہے۔ بندے کو لایا جائے گا، کہا جائے گا کہ یہ آدمی کون ہے؟ مومن کہے گا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں، اللہ کے رسول! ہم پر نشانیاں اور ہدایت لائے، ہم نے پڑھا تصدیق کی اور ایمان لے آئے، کہا جائے گا، سو جا، ہم جانتے تھے کہ تو یہی کہے گا، تو جو منافق ہوگا یا شک کرنے والا ہوگا، وہ کہے گا کہ نہیں معلوم، میں لوگوں سے سنتا تھا، وہ جو کچھ کہتے تھے، میں بھی کہنے لگا۔“
(صحيح البخاري: 1053، صحيح مسلم: 905)
❀ حافظ بغوی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
هٰذَا حَدِيثٌ مُتَّفَقٌ عَلٰى صِحَّتِهٖ.
”اس حدیث کے صحیح ہونے پر اتفاق ہے۔“
(شرح السّنّة: 365/4)
❀ علامہ ابن العربی مالکی رحمہ اللہ (543ھ) فرماتے ہیں:
فِيهِ دَلِيلٌ عَلٰى أَنَّ فِتْنَةَ الْقَبْرِ حَقٌّ لَا رَيْبَ فِيهِ، وَقَدِ اصْطَفَقَتْ عَلَيْهِ أَهْلُ السُّنَّةِ وَالْجَمَاعَةِ، وَالدَّلِيلُ عَلَيْهِ الْحَدِيثُ الصَّحِيحُ وَالْقُرْآنُ الْفَصِيحُ.
”یہ حدیث دلیل ہے کہ فتنہ قبر حق ہے، اس میں کوئی شک نہیں۔ اس پر اہل سنت والجماعت کا اتفاق ہے، اس پر دلیل صحیح احادیث اور فصیح قرآن ہے۔“
(المَسالك شرح مؤطإ الإمام مالك: 297/3)
(27) سیدہ اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما بیان کرتی ہیں:
قَامَ رَسُولُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ خَطِيبًا فَذَكَرَ فِتْنَةَ الْقَبْرِ الَّتِي يَفْتَتِنُ فِيهَا الْمَرْءُ، فَلَمَّا ذَكَرَ ذٰلِكَ ضَجَّ الْمُسْلِمُونَ ضَجَّةً.
”رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک دفعہ خطبہ دینے کے لئے کھڑے ہوئے، آپ نے عذاب قبر کا ذکر کیا، اس میں آدمی کو مبتلا کیا جائے گا، جب یہ ذکر کیا تو مسلمان ہل کر رہ گئے۔“
(صحيح البخاري: 1373)