68- حدیث قدسی میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان کا مفہوم
قَالَ اللّٰهُ تَعَالٰى: « يُؤْذِيْنِيْ ابْنُ آدَمَ يَسُبُّ الدَّهْرَ وَأَنَا الدَّهْرُ بِيَدِيَ الْأَمْرُ أُقَلِّبُ اللَّيْلَ وَالنَّهَارَ »
مذکورہ بالا حدیث میں جو یہ الفاظ ہیں:
« يُؤْذِيْنِيْ ابْنُ آدَمَ » ”ابن آدم مجھے اذیت دیتا ہے۔“
تو اس اذیت سے مراد مخلوق کی اذیت کی طرح نہیں، کیونکہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْءٌ وَهُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ [الشوریٰ: 11]
”اس کی مثل کوئی چیز نہیں اور وہی سب کچھ سننے والا، سب کچھ دیکھنے والا ہے۔“
اللہ تعالیٰ نے مشابہت و مماثلت کی نفی کو مقدم کیا ہے، تاکہ شبہات سے خالی دل میں ثابت شدہ صفت اچھے طریقے سے بیٹھ جائے اور تمام صفات اللہ تعالیٰ کے شایان شان ثابت کی جائیں۔ اللہ تعالیٰ کی ذات جس طرح کسی چیز کے مشابہ نہیں، اسی طرح صفات میں بھی مشابہت و مماثلت نہیں۔ صفات کے متعلق اللہ و رسول کے کلام میں تمثیل کے احتمال کو جائز قرار دینا اللہ و رسول کے کلام میں کفر کو جائز قرار دینے کے برابر ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ کی صفات کو مخلوق کی صفات کے مشابہ قرار دینا کفر ہے اور یہ اللہ تعالیٰ کے مذکورہ بالا فرمان کا انکار ہے:
لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْءٌ وَهُوَ السَّمِيعُ الْبَصِيرُ [الشوریٰ: 11]
”اس کی مثل کوئی چیز نہیں اور وہی سب کچھ سننے والا، سب کچھ دیکھنے والا ہے۔“
اور حدیث قدسی میں جو اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
« أَنَا الدَّهْرُ » ”زمانہ میں ہی ہوں۔“ تو اس کا مطلب یہ ہے کہ زمانے کا سارا نظام میرے ہاتھ میں ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
وَتِلْكَ الْأَيَّامُ نُدَاوِلُهَا بَيْنَ النَّاسِ [آل عمران: 140]
”اور یہ تو دن ہیں، ہم انھیں لوگوں کے درمیان باری باری بدلتے رہتے ہیں۔“
اور جیسا کہ مذکورہ حدیث میں یہ الفاظ ہیں:
« أُقَلِّبُ اللَّيْلَ وَالنَّهَارَ » ”میں دن رات کو تبدیل کرتا رہتا ہوں۔“ اسی کا نام ہی تو دہر (زمانہ) ہے۔ یہ کہنا تو درست ہی نہیں کہ اللہ تعالیٰ بذات خود ”دہر“ ہے۔ جو یہ عقیدہ رکھے، اس نے مخلوق کو خالق کا درجہ دیا۔
اگر کوئی یہ سوال کرے کہ اللہ و رسول کے کلام اور عربی زبان میں مجاز مراد لینا درست نہیں؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ یہ بات اپنی جگہ پر درست ہے، لیکن ”الدھر“ اپنے حقیقی معنی میں استعمال ہوا ہے، جیسا کہ سیاق و سباق اور قرائن سے ثابت ہے۔ یہاں کلام میں تھوڑی سی عبارت محذوف ہے اور وہ ہے: ”أَنَا مُقَلِّبُ الدَّهْرِ“ ”میں ہی زمانے کو چلانے والا ہوں۔“ کیونکہ اس کی تفسیر خود اللہ تعالیٰ نے اپنے فرمان ”میں ہی دن رات میں تبدیلی پیدا کرتا ہوں“ میں فرما دی اور عقل بھی یہ بات تسلیم نہیں کرتی کہ خالق کو مخلوق قرار دے دیا جائے۔ (ابن عثیمین: مجموع الفتاویٰ والرسائل: 74)