كتاب العتق
غلام آزاد کرنے کی فضیلت
① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من أعتق رقبة مسلمة أعتق الله بكل عضو منه عضوا من النار حتى فرجه بفرجه
جس نے کسی مسلمان غلام کو آزاد کیا تو اللہ اس غلام کے ہر عضو کے بدلے اس شخص کے ہر عضو کو جہنم سے آزاد کر دیتا ہے حتی کہ اس کی شرمگاہ کو اس کی شرمگاہ کے بدلے جہنم سے آزاد کر دیتا ہے۔
بخاری، کتاب العتق 2517، 6715، مسلم، کتاب العتق 1509۔
② سیدنا ابن نجیح السلمی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا:
من أعتق رقبة مؤمنة كانت فداءه من النار
جو شخص کسی مومن کو آزاد کرتا ہے تو یہ اس کا جہنم سے (آزادی کا) فدیہ بن جاتا ہے۔
ابو داؤد، کتاب العتق 3965، 3966، نسائی، کتاب الجهاد 6/ 26، 27، 28 روایت صحیح ہے۔
غلام کے اپنے آقا کے لیے مخلص ہونے کے احکامات
① سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
العبد إذا نصح لسيده وأحسن عبادة ربه كان له أجره مرتين
جب غلام اپنے آقا کے لیے مخلص ہو اور اپنے رب کی اچھی طرح عبادت کرے تو اس کے لیے دوہرا اجر ہے۔
بخاری، کتاب العتق 2546، مسلم، کتاب الایمان 1664/43۔
② سیدنا ابو موسی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
المملوك الذى يحسن عبادة ربه ويؤدي إلى سيده الذى له عليه من الحق والنصيحة والطاعة كان له أجران
وہ غلام جو اپنے رب کی عبادت اچھی طرح کرتا ہے اور اس کے مالک کا جو اس پر حق خیر خواہی اور حق اطاعت ہے وہ بھی ادا کرتا ہے تو اس کے لیے دوہرا اجر ہے۔
بخاری، کتاب العتق 2551، مسند احمد، اول مسند الکوفیین 4/ 495 حدیث 19655۔
③ سیدنا ابو مسعود بدری رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إن المسلم إذا أنفق على أهله نفقة يحتسبها كانت له صدقة
جب مسلمان ثواب کی نیت سے اپنے اہل خانہ پر خرچ کرتا ہے تو یہ اس کے لیے صدقہ ہے۔
بخاری، کتاب المغازی 4006، مسلم، کتاب الزکاة 48 / 1002۔
④ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
دينار أنفقته فى سبيل الله ودينار أنفقته فى رقبة ودينار تصدقت به على مسكين ودينار أنفقته على أهلك أعظمها أجرا الذى أنفقته على أهلك
ایک دینار وہ ہے جو تم اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہو، ایک دینار وہ ہے جو تم غلام آزاد کرنے میں خرچ کرتے ہو، ایک دینار وہ ہے جو تم کسی مسکین پر خرچ کرتے ہو اور ایک دینار وہ ہے جو تم اپنے اہل خانہ پر خرچ کرتے ہو، ان سب میں سے اس کا اجر سب سے زیادہ ہے جو تم نے اپنے اہل خانہ پر خرچ کیا۔
مسلم، کتاب الزکاة 995/39، مسند احمد، باقی مسند المکثرین 2/ 622 حدیث 10131۔
⑤ سیدنا ثوبان رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
أفضل دينار ينفقه الرجل دينار ينفقه على عياله ودينار ينفقه الرجل على دابته فى سبيل الله ودينار ينفقه على أصحابه فى سبيل الله
سب سے افضل دینار جو آدمی خرچ کرتا ہے وہ دینار ہے جو وہ اپنے اہل و عیال پر خرچ کرتا ہے اور وہ دینار جو آدمی اللہ کی راہ میں استعمال ہونے والی اپنی سواری پر خرچ کرتا ہے اور وہ دینار جو وہ اللہ کی راہ میں اپنے ساتھیوں پر خرچ کرتا ہے۔
مسلم، کتاب الزکاة 994/38، ابن ماجه، کتاب الجهاد 276۔ مسند احمد، باقی مسند الانصار 5/ 366 حدیث 22443۔
غلام کو مارنے کی ممانعت
① سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من ضرب غلاما له حدا لم يأته أو ظلمه فإن كفارته أن يعتقه
جو شخص اپنے کسی غلام کو اس کے ناکردہ جرم یا اس پر ظلم کرتے ہوئے مارے تو اس کا کفارہ یہ ہے کہ اسے آزاد کر دے ۔
مسلم، کتاب اللباس والزینة 1657/30۔ مسند احمد، باقی مسند المکثرین 2/ 63 حدیث 5050۔
② سیدنا ابو سعید رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إذا ضرب أحدكم خادمه فذكر الله عز وجل فارفعوا عنه
جب تم میں سے کوئی شخص اپنے خادم کو مارے اور وہ اللہ عزوجل کا ذکر کرے تو پھر اس سے ہاتھ اٹھا لو۔
ترمذی، کتاب البر والصلة 1950۔
قیدی کو رہا کرانا
① سیدنا ابو موسی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
فكوا العاني وأطعموا الجائع وعودوا المريض
قیدی کو رہائی دلاؤ، بھوکے کو کھانا کھلاؤ اور مریض کی عیادت کرو۔
بخاری، کتاب الاطعمة 5373، ابو داؤد، کتاب الجنائز 3105۔