عذاب قبر اور قرآن مجید
قرآن مجید نے انتہائی واضح انداز میں یہ مضمون سمجھایا ہے۔ جب کفار نے عذاب طلب کیا، تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
قُلْ عَسَى أَنْ يَكُونَ رَدِفَ لَكُمْ بَعْضُ الَّذِي تَسْتَعْجِلُونَ (النّمل: 72)
”(اے نبی! ان کفار سے) کہہ دیجئے کہ عنقریب تمہیں اس عذاب کا تھوڑا سا حصہ پہنچ جائے گا، جس کی طلب میں تم جلدی کرتے ہو۔“
❀ مزید فرمایا:
فَلَوْلَا إِذَا بَلَغَتِ الْحُلْقُومَ وَأَنْتُمْ حِينَئِذٍ تَنْظُرُونَ (الواقعة: 84-83)
”جب وہ حلق پر پہنچ جاتی ہے اور اس وقت تم دیکھ رہے ہوتے ہو۔“
یہ موت کا منظر بیان ہوا ہے، موت کے بعد کے احوال قرآن میں اجمالا اور احادیث میں تفصیلا بیان ہوئے ہیں۔
قول ثابت سے کیا مراد ہے؟
❀ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
يُثَبِّتُ اللَّهُ الَّذِينَ آمَنُوا بِالْقَوْلِ الثَّابِتِ فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَفِي الْآخِرَةِ(ابراهيم: 27)
”اللہ تعالیٰ مومنوں کو دنیا وآخرت میں قول ثابت کے ساتھ ثابت قدم رکھے گا۔“
اس آیت کی تفسیر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بیان فرمائی ہے۔
❀ سیدنا براء بن عازب رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إِذَا أُقْعِدَ الْمُؤْمِنُ فِي قَبْرِهٖ أُتِيَ، ثُمَّ شَهِدَ أَنْ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُولُ اللّٰهِ، فَذٰلِكَ قَوْلُهٗ: يُثَبِّتُ اللَّهُ الَّذِينَ آمَنُوا بِالْقَوْلِ الثَّابِتِ(ابراهيم: 27) …… نَزَلَتْ فِي عَذَابِ الْقَبْرِ.
”جب مؤمن کو قبر میں بٹھایا جاتا ہے، تو اس کے پاس فرشتے آتے ہیں، پھر وہ (فرشتوں کے جواب میں) گواہی دیتا ہے کہ اللہ کے علاوہ کوئی معبود برحق نہیں اور محمد (صلی اللہ علیہ وسلم) اللہ کے رسول ہیں، اللہ تعالیٰ کے فرمان: يُثَبِّتُ اللَّهُ الَّذِينَ آمَنُوا بِالْقَوْلِ الثَّابِتِ کا یہی مفہوم ہے۔…… (بعض راویوں نے یہ الفاظ بھی بیان کیے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:) یہ آیت عذاب قبر کے بارے میں نازل ہوئی۔“ (صحيح البخاري: 1369، صحيح مسلم: 2871)
❀ حافظ بغوی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
هٰذَا حَدِيثٌ مُّتَّفَقٌ عَلٰى صِحَّتِهٖ.
”اس حدیث کے صحیح ہونے پر اتفاق ہے۔“ (شرح السّنّة: 412/5)
❀ امام ابو عمرو دانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
رُوِيَ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِالْأَسَانِيدِ الصَّحِيحَةِ أَنَّهٗ قَالَ: نَزَلَتْ فِي عَذَابِ الْقَبْرِ.
”نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے صحیح سندوں سے روایات آئی ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ آیت عذاب قبر کے بارے میں نازل ہوئی۔“ (الرّسالة الوافية، ص 199)
❀ سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایک دفعہ قبر کے احوال اور منکر نکیر کے متعلق بیان فرما رہے تھے تو:
فَقَالَ بَعْضُ الْقَوْمِ: يَا رَسُولَ اللّٰهِ، مَا أَحَدٌ يَقُومُ عَلَيْهِ مَلَكٌ فِي يَدِهٖ مِطْرَاقٌ إِلَّا هِيلَ عِنْدَ ذٰلِكَ، فَقَالَ رَسُولُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: يُثَبِّتُ اللَّهُ الَّذِينَ آمَنُوا بِالْقَوْلِ الثَّابِتِ
”بعض صحابہ نے عرض کیا: اللہ کے رسول! فرشتے کے ہاتھ میں ہتھوڑا دیکھ کر تو ہر شخص ہی ڈر جائے گا، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ مومنوں کو قول ثابت کے ساتھ ثابت قدم رکھے گا۔“ (مسند الإمام أحمد: 4-3/3، وسندهٗ حسنٌ)
❀ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہی تفسیر ان کتب میں بھی منقول ہوئی ہے۔ (مسند الإمام أحمد: 287/4، سنن أبي داود: 4753، وسندهٗ حسنٌ، والمُعجم الأوسط للطّبراني: 2630، صحيح ابن حبان: 3113، وسندهٗ حسنٌ)
یاد رہے کہ قرآن کریم کی وہی تفسیر وتعبیر معتبر ہے، جو اللہ کے رسول اور آپ کے صحابہ نے بیان کی ہے۔
❀ حافظ ابو زرعہ عراقی رحمہ اللہ (826ھ) فرماتے ہیں:
نَزَلَتْ فِي عَذَابِ الْقَبْرِ، وَاسْتَعَاذَ مِنْهُ النَّبِيُّ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، وَتَوَاتَرَتْ بِهِ الْأَحَادِيثُ.
”یہ آیت عذاب قبر کے بارے میں نازل ہوئی، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے عذاب قبر سے پناہ مانگی ہے، اس بارے میں متواتر احادیث ہیں۔“ (الغَيث الهامع، ص 783)