48- لفظ تمثیل استعمال کرنا درست ہے یا تشبیہ؟
تشبیہ کے بجائے لفظ تمثیل استعمال کرنا تین وجوہات کی بنا پر زیادہ درست ہے:
① پہلی وجہ تو یہ ہے کہ قرآن مجید میں تمثیل کی نفی تو موجود ہے تشبیہ کی نہیں، لہٰذا قرآن کی اصطلاح انسانی اصطلاح سے زیادہ مقدم ہے۔ فرمان ربانی ہے: لَيْسَ كَمِثْلِهِ شَيْءٌ [الشوریٰ: 11] ”اس کی مثل کوئی چیز نہیں۔“
② دوسری وجہ یہ ہے کہ تشبیہ کی مطلق طور پر نفی کرنا درست نہیں، کیونکہ ہر دو چیزوں میں قدر مشترک پائی جاتی ہے، اگرچہ وہ حقیقت میں جدا جدا ہوتی ہیں جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا وجود ہے اور انسان کا بھی وجود۔ اللہ تعالیٰ بھی زندہ ہے اور انسان بھی زندہ۔ ان میں معنی کے لحاظ سے اشتراک موجود ہے، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ خالق کی صفات مخلوق کی طرح نہیں اور خالق کی زندگی مخلوق کی طرح نہیں ہے۔ مخلوق کی زندگی میں نقص ہے، وہ عدم سے وجود میں آتی ہے اور اس نے ختم بھی ہونا ہے اور پھر اس میں ذاتی طور پر بھی نقص ہے۔ کبھی وہ تندرست، کبھی بیمار کبھی پریشان تو کبھی خوش۔ یہ زندگی ہر لحاظ سے ناقص ہے۔ دیکھنے سننے جاننے اور قوت میں نقص موجود ہے، جبکہ اس کے برعکس اللہ رب العٰلمین کی تمام صفات ہر لحاظ سے کامل و اکمل ہیں۔
③ تیسری وجہ یہ ہے کہ معطلہ (جو صفات کے منکر ہیں) صفات ماننے والوں کو مشبہہ کے نام سے یاد کرتے ہیں۔ جب آپ یہ کہیں گے: ”من غیر تشبیہ“ (تشبیہ کے بغیر) تو یہ لوگ سمجھیں گے کہ صفت کا انکار ہے۔ اسی وجہ سے ہم تمثیل سے تعبیر کرنے کو تشبیہ پر ترجیح دیتے ہیں۔ (ابن عثیمین: مجموع الفتاویٰ والرسائل: 90)