کیا سیدنا معاویہؓ انصار کے ساتھ بدسلوکی کرتے؟ سیدنا ابو ایوب انصاریؓ والی روایت کی سند

Read in English
فونٹ سائز:
یہ اقتباس مرزا محمد علی انجینئر کے اعتراضات و اشکالات کا تحقیقی جائزہ سے ماخوذ ہے جسے ہارون بن شبیر احمد حفظہ اللہ نے تالیف کیا ہے اور نظرِ ثانی فضیلۃ الشیخ مولانا محمد رفیق طاہر حفظہ اللہ نے کی ہے۔

کیا حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ انصار کے ساتھ بدسلوکی کرتے؟

مرزا صاحب اپنے ریسرچ پیپر ”واقعہ کربلا کا حقیقی پس منظر“ میں صفحہ نمبر:28 پر لکھتے ہیں:

”المستدرک للحاکم کی حدیث میں ہے: سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ سیدنا ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے میزبان بنے تھے، جب غزوہ روم میں شریک ہوئے تو (امیر لشکر) حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے ان سے کہا: ”کیا تم قاتلینِ عثمان رضی اللہ عنہ میں شامل نہیں؟“ اور ان کے ساتھ بدسلوکی کا معاملہ کیا، پھر غزوہ سے واپسی پر بھی ایسا ہی سلوک کیا اور ان کی طرف کوئی توجہ نہ دی تو سیدنا ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ نے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے فرمایا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم (انصاریوں) سے پہلے ہی فرما دیا تھا کہ تم لوگ کن کن آزمائشوں میں مبتلا ہو گے! حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے کہا تو پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تمہیں کیا حکم دیا تھا؟ سیدنا ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم صبر کرنا یہاں تک کہ مجھ سے حوضِ کوثر پر ملاقات کرنا۔ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے کہا تو پھر تم صبر ہی کرو۔ اس (گستاخی) پر سیدنا ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ غصہ میں آ گئے اور قسم کھائی کہ پوری زندگی حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے کلام نہیں کروں گا۔ جب سیدنا علی ابن ابی طالب رضی اللہ عنہ نے سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کو بصرہ کا گورنر بنا کر بھیجا تو وہاں سیدنا ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ ان کو ملنے کے لیے آئے۔ سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ نے فرمایا: میں آپ رضی اللہ عنہ کے لیے آج ویسے ہی گھر خالی کر دوں گا جیسے آپ رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مہمان نوازی کے لیے کیا تھا۔ پھر انہوں نے اپنے گھر والوں کو وہاں سے نکل جانے کا حکم دیا اور سارا گھر ساز وسامان سمیت سیدنا ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ کو تحفے میں دے دیا، پھر پوچھا کوئی اور حاجت؟ سیدنا ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ نے فرمایا: مجھ پر چار ہزار درہم کا قرضہ ہے اور مجھے اپنی زمین پر کام کرنے کے لیے آٹھ غلاموں کی ضرورت ہے۔ اس پر سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ نے سیدنا ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ کو بیس ہزار درہم اور چالیس غلام تحفے میں دے دیئے۔“

اور اس کے لیے انجینئر صاحب نے حوالہ دیا ”المستدرک للحاکم:5935“ اور ”المستدرک للحاکم:5941۔“
اس سے مرزا صاحب اعتراض کیا کرتے ہیں کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ انصار کے ساتھ بدسلوکی کیا کرتے، جب کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خصوصی طور پر انصار کے ساتھ محبت اور حسنِ سلوک کرنے کی وصیت فرمائی تھی۔
یہی مرزا انجینئر صاحب ایک جگہ فرماتے ہیں:

”یہ لا کر [جعلی روایتیں] مصنف ابن ابی شیبہ سے کہ جی ایک بدو آ گیا، اس میں [اعمش مدلس] ہے عن سے روایت کر رہا ہے، وہ جعلی روایتیں دور کی کتابوں سے پیش کر رہے ہیں………………“۔

Ilmi o tahqiqi majlis no.10 -1:52:45
اور ایک ویڈیو میں ارشاد فرماتے ہیں:

”صحیح سند کے ساتھ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے تو یہ چیز ثابت نہیں، وہ روایت [ضعیف ہے اصول محدثین پر] جو ترمذی وابوداؤد میں ہے، [حبیب بن ابی ثابت] جو ہے اس میں [مدلس] راوی ہیں اور [عن] سے روایت کر رہے ہیں۔“

70 – a -Mas alah :complete NAMAZ-e-MUHAMMADI- 1:49:50
تو انجینئر صاحب تو کبھی بھی ایسی روایت کسی صحابی کے خلاف پیش نہیں کرنے والے جو اصولِ محدثین پر جعلی اور ضعیف ہو؟ منصف مزاجی اور حق گوئی کا تو یہی تقاضا ہے! لیکن یہی تو ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ نہ تو یہ منصف مزاج ہیں اور نہ ہی حق گوئی ہی سے ان کا کوئی لینا دینا ہے۔ بلکہ یہ پرلے درجے کے دوغلے، جھوٹے، فراڈ اور دھوکے باز انسان ہیں۔ اب ذرا ان کی پیش کردہ روایت کی سند کا دیدار کریں:
أَخْبَرَنِي أَبُو عَبْدِ اللهِ الْحُسَيْنُ بْنُ الْحَسَنِ بْنِ أَيُّوبَ، ثَنَا أَبُو حَاتِمٍ الرَّازِيُّ، ثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ مُوسَى، ثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ أَنَسٍ، ثَنَا [ الْأَعْمَشُ، عَنِ الْحَكَمِ ] عَنْ مِقْسَمٍ، أَنَّ أَبَا أَيُّوبَ، أَتَى مُعَاوِيَةَ (المستدرک للحاکم:5935)
حَدَّثَنَا أَبُو مُحَمَّدٍ أَحْمَدُ بْنُ عَبْدِ اللهِ الْمُزَنِيُّ، ثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عَبْدِ اللهِ الْمُخَرِّمِيُّ، ثَنَا أَبُو كُرَيْبٍ، ثَنَا فِرْدَوْسٌ الْأَشْعَرِيُّ، ثَنَا مَسْعُودُ بْنُ سُلَيْمٍ، عَنْ [حَبِيبِ بْنِ أَبِي ثَابِتٍ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ عَلِيِّ بْنِ عَبْدِ اللهِ بْنِ عَبَّاسٍ] عَنْ أَبِيهِ، عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ (المستدرک للحاکم:5941)
پہلی میں اعمش مدلس روایت عن کے صیغہ کے ساتھ، دوسری سند میں حبیب بن ابی ثابت مدلس اور روایت عن سے۔ اور یہ روایت انجینئر صاحب اپنے ریسرچ پیپر ”واقعہ کربلا کا حقیقی پس منظر [72 صحیح الاسناد] احادیث کی روشنی میں“ میں لے کر آئے ہیں اشد ضرورت کے تحت۔
مرزا صاحب خصوصی طور پر مسئلہ تدلیس کو لے کر بہت فخر کرتے ہیں کہ سب سے زیادہ ہم ہی نے یہ اصول متعارف کروایا ہے، اور ایک جگہ کہتے ہیں کہ ہم نے تو یہ اصول بچے بچے کو رٹوا دیا ہے کہ مدلس کی عن والی روایت ضعیف ہوتی ہے، بلکہ مسئلہ تدلیس پر اپنی ایک ویڈیو میں صحیح مسلم کے مقدمے سے یہ اصول بار بار بیان کیا کہ مدلس کی عن والی روایت ضعیف ہوتی ہے، اور پھر اپنے منہ میاں مٹھو بنتے ہوئے کہتے ہیں: ”میں یہ سمجھتا ہوں کہ آج یہ ہمارا پلیٹ فارم اللہ کے فضل سے علمِ حدیث کے حوالے سے جو خدمت کر رہا ہے آج اگر امام مسلم رحمہ اللہ زندہ ہوتے تو یقیناً گریڈنگ میں پہلا نمبر ہمارے اس پلیٹ فارم کو دیتے، کہ ہم نے امام مسلم کے اس منہج کو جو محدثین کا منہج انہوں نے ایک جگہ جمع کیا تھا وہ عام بندے تک پہنچا دیا ہے۔“
Imam MUSLIM became SHIAH ? Mudallis ki ANN wali Rawayat ZAEEF? 8:27
اور ان کے علاوہ بھی انجینئر صاحب بے شمار دعوے کر چکے ہیں، لیکن یقین جانیے یہ شخص محض لوگوں کو سبز باغ دکھاتا ہے، اور لوگ اس کے دھوکے میں آ جاتے ہیں کہ یہ تو بڑا اصولی انسان ہے۔ جبکہ یہ اصول وضوابط صرف بیان کر دینا ہی ضروری نہیں ہوتا بلکہ ایک منصف مزاج آدمی اور حقیقی محقق پر فرض ہے کہ اپنے بیان کردہ اصول و قوانین کے مطابق خود عمل بھی کرے، جبکہ انجینئر صاحب کا معاملہ یہ ہے کہ جو روایات ان کے باطل مقاصد کو پورا کرنے میں مدد دیتی ہیں وہ خواہ ان کے بیان کردہ اصولوں کے مطابق ضعیف اور غیر ثابت ہی کیوں نہ ہوں انہیں لازمی طور پر صحیح الاسناد کا دھوکا دے کر بیان کر دیتے ہیں، اور عوام کو ان کی مکاری کا پتہ بھی نہیں چل پاتا۔
اصولِ محدثین پر ایک روایت اگر ضعیف ہے تو کسی ایک آدھ کے اسے صحیح کہہ دینے سے وہ صحیح تو نہیں ہو جاتی، لیکن جب کوئی ضعیف روایت انجینئر صاحب کے حق میں ہو تو اس کے لیے یہ دھوکا دیتے ہیں کہ فلاں امام نے اس روایت کو صحیح کہا ہے، حالانکہ یہ سراسر بے اصولی اور نا انصافی ہے۔ بہر حال اس روایت کی تخریج میں مرزا صاحب نے لکھا ہے کہ ”قال الامام حاكم والامام الذهبي : إسناده صحيح“، اور پڑھنے والے کو یہ دھوکہ دیا کہ یہ روایت تو اصولِ محدثین پر صحیح ہے، جبکہ بات ایسی نہیں ہے۔ مرزا صاحب اپنے متعلق یہ جھوم جھوم کر کہتے ہیں کہ میں تو بابی نہیں بلکہ علمی کتابی ہوں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ آپ سب سے بڑے بابی ہیں۔ جب آپ کے اصول کے مطابق روایت ضعیف ثابت ہو چکی، تو اس کے بعد کسی امام سے اس روایت کی تصحیح بطورِ دلیل پیش کرنے کا کیا مطلب ہے؟
امام ابن خزیمہ رحمہ اللہ ایک روایت کو ضعیف قرار دیتے ہوئے فرماتے ہیں کہ اس میں ”اعمش“ اور ”حبیب بن ابی ثابت“ مدلس ہیں اور انہوں نے اپنے سماع کی صراحت نہیں کی۔ پھر فرمایا کہ ”اس طرح کی روایات سے ہمارے دور کے علماء حجت نہیں پکڑتے“ (التوحید لابن خزیمۃ:86/1)۔ اور جناب انجینئر صاحب خود بھی اکثر فرمایا کرتے ہیں کہ مدلس کی عن والی روایت ضعیف ہوتی ہے اور اس پر محدثین کا اجماع ہے۔ تو اب ہم آپ کے بیان کردہ اجماع اور محدثین کے طے کردہ اصولوں کو مانیں یا حاکم و ذہبی کی تصحیح کو؟ ظاہری بات ہے اگر آپ واقعی علمی کتابی ہیں اور بابی نہیں، تو اصول وضوابط کی روشنی میں ان کی بات کو رد کریں گے۔ کیونکہ آپ ہی کا بیان ہے کہ:

”علم کے میدان میں جذبات کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی، پھر نشتر ہاتھ میں ہوتا ہے پھر سرجن کا کام تو یہ ہے کہ چاہے کوئی شیخ الحدیث لیٹا ہوا ہے چاہے کوئی ڈاکٹر لیٹا ہوا ہے وہ چیرا لگائے گا، اس کو یہ نہیں کہہ سکتے یار تو چیرا کیوں لا دتا شیخ الحدیث نو؟ اپنڈکس کڈن واسطے چیرا تے لانا پینے، تو چاہے کوئی بھی بڑے سے بڑی بزرگ ہستی ہے جہاں پہ علمی دلائل ہیں وہاں ہم کہیں گے کہ ان سے غلطی ہوئی ہے، اس غلطی کے اوپر ان کی علمی گرفت کی جا سکتی ہے۔“

Masalah 157 a -1:30:10
لیکن جب اپنا مطلب ہو تو یہی مرزا صاحب کسی کی غلطی کو ہی (علمی دلائل کے مقابلے میں) بطورِ حجت پیش کرتے ہیں۔