صرف جمعہ کے دن روزہ رکھنے کی ممانعت
① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا:
لا يصومن أحدكم يوم الجمعة إلا يوما قبله أو بعده
”تم میں سے کوئی شخص صرف جمعہ کے دن کا روزہ نہ رکھے، البتہ اس سے ایک دن پہلے یا اس سے ایک دن بعد کا روزہ بھی ساتھ ملالے۔“
بخاري، كتاب الصوم 1985۔ مسلم، کتاب الصيام 148 / 1144۔
عیدین کا روزہ رکھنے کی ممانعت
① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عید الاضحیٰ اور عید الفطر کے دن روزہ رکھنے سے منع فرمایا ہے۔
مسلم، كتاب الصيام 139 / 1138۔ موطا، كتاب الصيام 376/1 حدیث 136۔
② سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عید الفطر اور عید الاضحیٰ کے دونوں دنوں میں روزہ رکھنے سے منع فرمایا ہے۔
مسلم كتاب الصيام 1140/143۔
عورت کو اپنے خاوند کی اجازت کے بغیر روزہ رکھنے کی ممانعت
① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لا تصوم المرأة وبعلها شاهد إلا بإذنه
”جس عورت کا خاوند موجود ہو تو وہ اس کی اجازت کے بغیر (نفلی) روزہ نہ رکھے۔“
بخارى، كتاب النکاح 5192۔ مسلم، كتاب الزكاة 1026/84۔
رمضان میں بلا عذر روزہ چھوڑنے کی ممانعت
① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من أفطر يوما من رمضان من غير علة ، ولا مرض ، لم يقضه صوم الدهر كله وإن صامه
”جو شخص کسی علت اور کسی مرض کے بغیر رمضان کا ایک روزہ چھوڑ دے تو اگر وہ زمانہ بھر روزے رکھتا رہے تو بھی اس کی قضا نہیں ہو سکتی۔“
بخاري، الصوم، معلقا 4 / 190۔ ابن حجر رحمہ اللہ نے فرمایا: اصحاب السنن نے اسے موصول روایت کیا ہے۔ ابوداؤد، الصيام 2396، ترمذی، کتاب الصوم 723۔ اس کی سند میں ابوالمطوس بین الحدیث اور اس کا والد مجہول ہے۔ تقریب التهذیب۔