حدیث ابو بکرہ رضی اللہ عنہ
(10) سیدنا ابو بکرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں:
بَيْنَا أَنَا أُمَاشِي رَسُولَ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَهُوَ آخِذٌ بِيَدِي، وَرَجُلٌ عَنْ يَسَارِهٖ، فَإِذَا نَحْنُ بِقَبْرَيْنِ أَمَامَنَا، فَقَالَ رَسُولُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: إِنَّهُمَا لَيُعَذَّبَانِ، وَمَا يُعَذَّبَانِ فِي كَبِيرٍ، وَبَلٰى، فَأَيُّكُمْ يَأْتِينِي بِجَرِيدَةٍ؟ فَاسْتَبَقْنَا، فَسَبَقْتُهٗ، فَأَتَيْتُهٗ بِجَرِيدَةٍ، فَكَسَرَهَا نِصْفَيْنِ، فَأَلْقٰى عَلٰى ذَا الْقَبْرِ قِطْعَةً، وَعَلٰى ذَا الْقَبْرِ قِطْعَةً، وَقَالَ: إِنَّهٗ يُهَوَّنُ عَلَيْهِمَا مَا كَانَتَا رَطْبَتَيْنِ، وَمَا يُعَذَّبَانِ إِلَّا فِي الْبَوْلِ، وَالْغِيبَةِ.
”میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ چل رہا تھا۔ آپ نے میرا ہاتھ پکڑ رکھا تھا، ایک آدمی آپ کے بائیں جانب تھا، اچانک ہم دو قبروں کے پاس سے گزرے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ان دونوں کو عذاب دیا جا رہا ہے اور کسی بڑے جرم میں عذاب نہیں دیا جا رہا، ایک ٹہنی لائیے! ہم دونوں ٹہنی لینے کو بھاگے، میں پہلے لے آیا، آپ نے اسے دو حصوں میں تقسیم کیا اور ایک حصہ اس قبر پر اور دوسرا دوسری قبر پر رکھ دیا، فرمایا: جب تک یہ ٹہنیاں خشک نہیں ہوں گی، ان سے عذاب میں تخفیف کی جاتی رہے گی، ان کو پیشاب اور غیبت کی وجہ سے عذاب دیا جا رہا ہے۔“
(مسند الإمام أحمد: 35/5، 39، سنن ابن ماجه: 349، إثبات عذاب القبر للبَيْهقي: 125، وسندهٗ حسنٌ)
اس کا راوی بحر بن مرار جمہور ائمہ حدیث کے نزدیک ثقہ ہے، بعض کی جرح اختلاط کے بعد پر محمول ہے۔ یہ روایت اختلاط سے پہلے کی ہے۔
احادیث ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ
(11) سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں:
كُنَّا نَمْشِي مَعَ رَسُولِ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَمَرَرْنَا عَلٰى قَبْرَيْنِ، فَقَامَ، فَقُمْنَا مَعَهٗ، فَجَعَلَ لَوْنُهٗ يَتَغَيَّرُ حَتّٰى رَعَدَ كُمُّ قَمِيصِهٖ، فَقُلْنَا: مَا لَكَ يَا نَبِيَّ اللّٰهِ؟ ، قَالَ: مَا تَسْمَعُونَ مَا أَسْمَعُ؟ قُلْنَا: وَمَا ذَاكَ يَا نَبِيَّ اللّٰهِ؟ ، قَالَ: هٰذَانِ رَجُلَانِ يُعَذَّبَانِ فِي قُبُورِهِمَا عَذَابًا شَدِيدًا فِي ذَنْبٍ هَيِّنٍ، قُلْنَا: مِمَّ ذٰلِكَ يَا نَبِيَّ اللّٰهِ؟ ، قَالَ: كَانَ أَحَدُهُمَا لَا يَسْتَنْزِهُ مِنَ الْبَوْلِ، وَكَانَ الْآخَرُ يُؤْذِي النَّاسَ بِلِسَانِهٖ، وَيَمْشِي بَيْنَهُمْ بِالنَّمِيمَةِ فَدَعَا بِجَرِيدَتَيْنِ مِنْ جَرَائِدِ النَّخْلِ، فَجَعَلَ فِي كُلِّ قَبْرٍ وَاحِدَةً، قُلْنَا: وَهَلْ يَنْفَعُهُمَا ذٰلِكَ يَا رَسُولَ اللّٰهِ؟ ، قَالَ: نَعَمْ، يُخَفِّفُ عَنْهُمَا مَا دَامَا رَطْبَتَيْنِ.
”ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ چل رہے تھے، ہم دو قبروں کے پاس سے گزرے، آپ کھڑے ہو گئے، ہم بھی آپ کے ساتھ کھڑے ہو گئے، آپ کا رنگ بدلنے لگا اور آپ کی آستین کانپنے لگی، عرض کیا: اللہ کے نبی کیا بات ہوئی؟ فرمایا: جو میں سن رہا ہوں، آپ نہیں سن رہے، عرض کیا: کیا چیز سن رہے آپ؟ فرمایا: یہ دو آدمی قبر میں عذاب دیئے جا رہے ہیں، ایک چھوٹے گناہ میں بہت بڑا عذاب بھگت رہے ہیں۔ عرض کیا: کس گناہ میں آقا؟ فرمایا: ایک تو پیشاب کے چھینٹوں سے نہیں بچتا تھا اور دوسرا اپنی زبان سے لوگوں کو تکلیف دیتا تھا، یعنی چغلی کیا کرتا تھا، پھر آپ نے دو ٹہنیاں کھجور کی منگوائیں، اور ہر قبر پر ایک ایک ٹہنی رکھ دی، ہم نے عرض کیا: کیا ان کو یہ چیز نفع دے گی؟ فرمایا: ہاں نفع دے گی، جب تک یہ ٹہنیاں تر رہیں گی، ان کے عذاب میں تخفیف کی جاتی رہے گی۔“
(صحيح ابن حبان: 824، وسندهٗ صحيحٌ)
(12) سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں:
مَرَّ رَسُولُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَلٰى قَبْرٍ فَوَقَفَ فَقَالَ: إِيتُونِي بِجَرِيدَتَيْنِ فَجَعَلَ إِحْدَاهُمَا عِنْدَ رَأْسِهٖ وَالْأُخْرٰى عِنْدَ رِجْلَيْهِ، فَقُلْنَا لَهٗ: يَا رَسُولَ اللّٰهِ أَيَنْفَعُهٗ ذٰلِكَ؟ قَالَ: لَنْ يَزَالَ يُخَفَّفُ عَنْهُ بَعْضُ عَذَابِ الْقَبْرِ مَا دَامَ فِيهِمَا نُدُوٌّ.
”رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک قبر کے پاس سے گزر رہے تھے کہ رک گئے، فرمایا: دو ٹہنیاں لائیے، پھر آپ نے ایک ٹہنی اس کے سر کے پاس اور دوسری اس کی پائنتی کی جانب گاڑ دی، ہم نے عرض کیا: اللہ کے رسول! کیا یہ اس کو فائدہ دیں گی؟ فرمایا: جب تک یہ تر رہے گی، اس سے عذاب قبر میں کچھ تخفیف کی جاتی رہے گی۔“
(مسند الإمام أحمد: 441/2، إثبات عذاب القبر للبَيْهقي: 123، وسندهٗ صحيحٌ)