40- تاویل کرنے والے علماء کے متعلق اہل سنت کا موقف
جو علماءِ کرام حسن نیت، دینی خدمات اور اتباع سنت میں معروف و مشہور ہیں، ان کو جائز تاویل میں معذور سمجھا جائے گا، لیکن اس عذر کو قبول کر لینے کے باوجود اس کے اس طریقے کو سلف صالحین کے طریقے کے خلاف تصور کیا جائے گا، کیونکہ سلف کا طریقہ تو یہ ہے کہ بغیر کسی کیفیت اور مشابہت کی تفصیل کے نصوص کو ان کے ظاہری معنی و مفہوم ہی پر محمول کیا جائے گا، اس لیے کہ جس طرح قول (بات) اور قائل (بات کرنے والے) میں فرق کرنا ضروری ہے، اسی طرح فعل اور فاعل میں بھی فرق ضروری ہے۔ اگر کوئی غلط بات اجتہاد اور حسن نیت کی بنا پر نکل جائے تو ایسی بات کرنے والے کی مذمت نہیں کی جائے گی، بلکہ اس کو اس کے اجتہاد کا اجر ضرور ملے گا۔ اس کی دلیل نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمان ہے:
« إِذَا حَكَمَ الْحَاكِمُ فَاجْتَهَدَ ثُمَّ أَصَابَ فَلَهُ أَجْرَانِ، وَإِذَا حَكَمَ فَاجْتَهَدَ ثُمَّ أَخْطَأَ فَلَهُ أَجْرٌ » (صحيح البخاري، رقم الحديث [7352]، صحيح مسلم [1716/15])
”جب کوئی فیصلہ کرنے والا اپنے اجتہاد کی روشنی میں درست فیصلہ کرتا ہے تو اسے دوہرا ثواب ملتا ہے اور اگر وہ اجتہاد کی بنا پر فیصلہ درست نہ کر سکے تو ایک اجر اسے مل ہی جائے گا۔“
اگر مجتہد کی اس غلطی کو مذموم گمراہی پر محمول کیا جائے جس کو اختیار کرنے والا ملامت کا حق دار ہوتا ہے تو ایسا کرنا درست نہیں۔ ایسے مجتہد کے متعلق جس کی حسن نیت، دینی خدمات اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع کرنا معروف چیز ہو، اگر اس کی غلطی سے مراد لاعلمی کی صورت میں صحیح بات کی مخالفت مراد ہو اور اس کی مذمت مقصود نہ ہو تو پھر کوئی حرج نہیں ہے، کیونکہ ایسا آدمی مطلق طور پر گمراہ نہیں سمجھا جاتا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس نے درست بات تک پہنچنے کے لیے صحیح ذریعہ اختیار کیا ہے، لیکن نتیجے کے اعتبار سے اسے گمراہ ہی کہا جائے گا، کیونکہ یہ حق کے خلاف ہے۔ (ابن عثیمین: مجموع الفتاویٰ والرسائل: 50)