ظالم کو موت کے وقت عذاب:
❀ قرآن کریم میں ہے:
وَلَوْ تَرَى إِذِ الظَّالِمُونَ فِي غَمَرَاتِ الْمَوْتِ وَالْمَلَائِكَةُ بَاسِطُو أَيْدِيهِمْ أَخْرِجُوا أَنْفُسَكُمُ الْيَوْمَ تُجْزَوْنَ عَذَابَ الْهُونِ بِمَا كُنْتُمْ تَقُولُونَ عَلَى اللَّهِ غَيْرَ الْحَقِّ وَكُنْتُمْ عَنْ آيَاتِهِ تَسْتَكْبِرُونَ. (الأنعام: 93)
”اگر آپ اس وقت کو دیکھیں کہ جب ظالم لوگ موت کی تلخیوں میں ہوں گے، فرشتے ان کی طرف ہاتھ بڑھائیں گے (اور کہیں گے) تم اپنی جانیں نکالو، آج تمہیں رسوا کن عذاب دیا جائے گا، بوجہ کہ تم اللہ پر ناحق جھوٹ باندھتے رہے اور اس کی آیات سے تکبر کرتے رہے۔ (تو یہ بڑا ہولناک منظر ہوگا۔)“
❀ علامہ ابن قیم رحمہ اللہ (751ھ) فرماتے ہیں:
هٰذَا خِطَابٌ لَهُمْ عِنْدَ الْمَوْتِ وَقَدْ أَخْبَرَتِ الْمَلَائِكَةُ وَهُمْ الصَّادِقُونَ أَنَّهُمْ حِينَئِذٍ يُجْزَوْنَ عَذَابَ الْهُونِ وَلَوْ تَأَخَّرَ عَنْهُمْ ذٰلِكَ إِلَى انْقِضَاءِ الدُّنْيَا لَمَا صَحَّ أَنْ يُقَالَ لَهُمُ الْيَوْمَ تُجْزَوْنَ.
”یہ موت کے وقت کا خطاب ہوتا ہے، فرشتے جو سچی مخلوق ہیں، وہ انہیں خبر دیتے ہیں کہ انہیں ابھی ابھی رسوائی والا عذاب ہونے والا ہے، اگر یہ عذاب دنیا کے ختم ہونے کے بعد (روز قیامت) ہونا ہوتا، تو انہیں یہ نہ کہا جاتا کہ آج کے دن تمہیں بدلا دیا جائے گا۔“
(كتاب الرّوح، ص 75)
❀ اسی طرح ایک جگہ بیان ہوا:
وَلَوْ تَرَى إِذْ يَتَوَفَّى الَّذِينَ كَفَرُوا الْمَلَائِكَةُ يَضْرِبُونَ وُجُوهَهُمْ وَأَدْبَارَهُمْ وَذُوقُوا عَذَابَ الْحَرِيقِ (الأنفال: 50)
”اگر آپ اس وقت کو دیکھیں کہ جب فرشتے کفار کی جان نکالیں گے، ان کے منہ اور پیٹھ پر ماریں گے (اور کہیں گے) آگ کا عذاب چکھو۔ (تو آپ بڑا ہولناک منظر دیکھیں گے۔)“
❀ امام بیہقی رحمہ اللہ (458ھ) فرماتے ہیں:
دَلَّتِ الْآيَتَانِ عَلَى أَنَّ الْكُفَّارَ يُعَنَّفُ عَلَيْهِمْ فِي نَزْعِ أَرْوَاحِهِمْ، وَأَنَّهُمْ يُخْبَرُونَ بِمَا هُمْ قَادِمُونَ عَلَيْهِ مِنَ الْعَذَابِ الْهُونِ خِلَافَ الْمُؤْمِنِينَ الَّذِينَ يُؤْمِنُونَ وَيُبَشَّرُونَ بِالْجَنَّةِ الَّتِي كَانُوا يُوعَدُونَ.
”(مذکورہ) دونوں آیات دلالت کناں ہیں کہ کفار کی روحیں قبض کرتے وقت انہیں تکلیف دی جاتی ہے اور انہیں بتا دیا جاتا ہے کہ آگے انہیں رسوا کن عذاب دیا جائے گا، مؤمنوں کا معاملہ اس کے برعکس ہے، انہیں (موت کے وقت) جنت کی خوشخبری دے دی جاتی ہے، جس کا ان سے وعدہ کیا گیا ہے۔“
(الاعتقاد، ص 219)
❀ آل فرعون کے متعلق اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَحَاقَ بِآلِ فِرْعَوْنَ سُوءُ الْعَذَابِ النَّارُ يُعْرَضُونَ عَلَيْهَا غُدُوًّا وَعَشِيًّا وَيَوْمَ تَقُومُ السَّاعَةُ أَدْخِلُوا آلَ فِرْعَوْنَ أَشَدَّ الْعَذَابِ
(غافر: 46-45)
”آل فرعون کو برے عذاب نے گھیر لیا، صبح و شام ان پر آگ پیش کی جاتی ہے، اور قیامت کے روز کہا جائے گا کہ آل فرعون کو انتہائی سخت عذاب میں داخل کر دو۔“
❀ امام ابوبکر اسماعیلی رحمہ اللہ (371ھ) فرماتے ہیں:
أَثْبَتَ لَهُمْ مَا بَقِيَتِ الدُّنْيَا عَذَابًا بِالْغُدُوِّ وَالْعَشِيِّ دُونَ مَا بَيْنَهُمَا، حَتّٰى إِذَا قَامَتِ الْقِيَامَةُ عُذِّبُوا أَشَدَّ الْعَذَابِ، بِلَا تَخْفِيفٍ عَنْهُمْ كَمَا كَانَ فِي الدُّنْيَا.
”اللہ تعالیٰ نے آل فرعون کے لیے ثابت کیا ہے کہ جب تک دنیا باقی ہے، انہیں صبح و شام عذاب ہوتا رہے گا۔ اس کے درمیانی وقت کا ذکر نہیں کیا، یہاں تک کہ جب قیامت قائم ہو جائے گی، تو انہیں بہت سخت عذاب ہوگا، ان پر کچھ تخفیف نہ ہوگی، جیسا کہ دنیا میں ہوتی تھی۔“
(اعتقاد أئمة الحديث، ص 70)
❀ علامہ تاج القراء کرمانی رحمہ اللہ (505ھ) فرماتے ہیں:
فِيهِ أَدَلُّ دَلِيلٍ عَلَى عَذَابِ الْقَبْرِ.
”یہ آیت عذاب قبر پر واضح دلیل ہے۔“
(غرائب التّفسير وعجائب التّأويل: 1031/2، الإكليل للسّيوطي، ص 224)
❀ علامہ ابو عبداللہ قرطبی رحمہ اللہ (671ھ) فرماتے ہیں:
اَلْجُمْهُورُ عَلَى أَنَّ هٰذَا الْعَرْضَ فِي الْبَرْزَخِ، احْتَجَّ بَعْضُ أَهْلِ الْعِلْمِ فِي تَثْبِيتِ عَذَابِ الْقَبْرِ.
”جمہور کے مطابق یہ پیشی برزخ میں ہوتی ہے، بعض اہل علم نے اس سے عذاب قبر کا اثبات کیا ہے۔“
(تفسير القرطبي: 318/15، فتح الباري لابن حجر: 233/3)
❀ علامہ ابن قیم رحمہ اللہ (751ھ) فرماتے ہیں:
ذَكَرَ عَذَابَ الدَّارَيْنِ ذِكْرًا صَرِيحًا لَا يَحْتَمِلُ غَيْرَهُ.
”اللہ تعالیٰ نے دو جہانوں کے عذاب کا ذکر کیا ہے، یہ ذکر صریح ہے، اس میں کسی دوسری بات کا احتمال نہیں۔“
(الرّوح، ص 75)
❀ مفسر قرآن، حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ (774ھ) فرماتے ہیں:
هٰذِهِ الْآيَةُ أَصْلٌ كَبِيرٌ فِي اسْتِدْلَالِ أَهْلِ السُّنَّةِ عَلَى عَذَابِ الْبَرْزَخِ فِي الْقُبُورِ، وَهِيَ قَوْلُهُ: النَّارُ يُعْرَضُونَ عَلَيْهَا غُدُوًّا وَعَشِيًّا.
”قبر میں برزخی عذاب کے اثبات پر یہ آیت اہل سنت کی عظیم دلیل ہے: النَّارُ يُعْرَضُونَ عَلَيْهَا غُدُوًّا وَعَشِيًّا ”وہ صبح و شام آگ پر پیش کئے جاتے ہیں۔“
(تفسير ابن كثير: 146/6)
❀ علامہ زمخشری (538ھ) لکھتے ہیں:
عَرْضُهُمْ عَلَيْهَا: إِحْرَاقُهُمْ بِهَا، يُقَالُ: عَرَضَ الْإِمَامُ الْأُسَارٰى عَلَى السَّيْفِ إِذَا قَتَلَهُمْ بِهِ.
”انہیں آگ پر پیش کیے جانے کا مطلب ہے کہ انہیں آگ سے جلایا جاتا ہے، جیسے کہتے ہیں: ”حاکم وقت نے قیدیوں کو تلوار پر پیش کیا، یعنی تلوار کے ساتھ انہیں قتل کر دیا۔“
(الكشّاف: 170/4)
❀ سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ کی بیوی بیان کرتی ہیں:
لَمَّا كَانَ لَيْلَةَ تُوُفِّيَ حُذَيْفَةُ جَعَلَ يَسْأَلُنَا: أَيُّ اللَّيْلِ هٰذَا؟ فَنُخْبِرُهُ، حَتّٰى كَانَ السَّحَرُ، قَالَتْ: فَقَالَ: أَجْلِسُونِي، فَأَجْلَسْنَاهُ، قَالَ : وَجِّهُونِي، فَوَجَّهْنَاهُ، قَالَ: اللّٰهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ صَبَاحِ النَّارِ وَمِنْ مَسَائِهَا.
”جس رات سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ کی وفات ہوئی، وہ پوچھ رہے تھے: رات کا کونسا پہر ہے؟ ہم بتاتے، یہاں تک کہ جب سحری کا وقت ہوا، تو فرمایا: مجھے بٹھا دیں، ہم نے بٹھا دیا، پھر فرمایا: میرے چہرہ قبلہ کی طرف کر دیں، ہم نے آپ کا چہرہ قبلہ کی طرف پھیر دیا۔ سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ نے یہ دعا کی: ”اللہ! میں صبح و شام آگ پر پیش کیے جانے سے تیری پناہ میں آتا ہوں۔“
(المحتضرين لابن أبي الدّنيا: 309، تاريخ ابن عساكر: 396/12، وسنده صحيح)
❀ مزید یہ آیت پڑھیں:
مِمَّا خَطِيئَاتِهِمْ أُغْرِقُوا فَأُدْخِلُوا نَارًا فَلَمْ يَجِدُوا لَهُمْ مِنْ دُونِ اللَّهِ أَنْصَارًا (نوح: 25)
”ان کی خطاؤں کی وجہ سے انہیں غرق کر دیا گیا، پھر انہیں آگ میں داخل کیا گیا، سو انہوں نے اللہ کے علاوہ کسی کو مددگار نہیں پایا۔“
ان تمام آیات میں بہت واضح انداز میں بیان کیا گیا ہے کہ جس وقت ظالم یا کافر فوت ہوں گے، تو جان نکالتے وقت ہی فرشتے کہیں گے۔ آج تم کو رسوا کن عذاب چکھایا جائے گا، اسی طرح آل فرعون کو صبح و شام جو عذاب دیا جاتا ہے، یہ وہی عذاب قبر ہے۔ کیونکہ قیامت تو ابھی نہیں آئی۔