اجماع کے جھوٹے دعوے کی حقیقت:
اب آیئے مرزا صاحب کے جھوٹے اجماع کے دعوے کی حقیقت جانتے ہیں۔ انجینئر صاحب سے قبل محدثین میں سے کسی نے اس (قتل کے) واقعہ کے متعلق اجماع کا دعویٰ ہرگز نہیں کیا، البتہ وہ تو اس سلسلے میں اختلاف نقل کرتے چلے آئے ہیں۔ اس حوالے سے چند اقوال ملاحظہ فرمائیں:
امام ابن الجوزی رحمہ اللہ لکھتے ہیں: ”وقد اختلفت الرواية فيمن قتله“ ان کے قتل کے متعلق روایات میں اختلاف پایا جاتا ہے۔ (کشف المشکل:417،416/4)
امام ابو العباس القرطبی رحمہ اللہ لکھتے ہیں: ”واختلف في كيفية قتل محمد بن أبي بكر“ اور حضرت محمد بن ابی بکر رحمہ اللہ کے قتل کی کیفیت کے متعلق اختلاف کیا گیا ہے۔ (المفہم:24/4)
امام قاضی عیاض رحمہ اللہ نے بھی بالکل یہی بات کہی۔ (اکمال المعلم:228/6)
امام ابو زکریا النووی رحمہ اللہ نے بھی فرمایا: ”واختلفوا في صفة قتل محمد هذا“ محمد بن ابی بکر رحمہ اللہ کے قتل کی کیفیت کے متعلق اہل علم نے اختلاف کیا ہے۔ (شرح النووی علی مسلم:212/12)
اتنے سارے محدثین کہہ رہے ہیں کہ ان کے قتل کے سلسلے میں اختلاف ہے، لیکن انجینئر صاحب نے اپنی جہالت کا ثبوت دیتے ہوئے اجماع کا دعوی کر دیا ہے صرف اپنے جھوٹ کو تقویت دینے کے لیے۔ کیا مرزا صاحب کوئی محدث، مفکر یا مجتہد ہیں کہ ایسے ہی اجماع کے دعوے کرتے پھرتے ہیں؟ یا یہ کوئی کھیل تماشہ ہے کہ جب چاہا جہاں چاہا اپنے باطل مقاصد کو پورا کرنے کے لیے اجماع کا جھوٹا دعوی کر دیا، کچھ تو اللہ کا خوف کریں! آپ جیسے جھوٹے اجماع کے دعوے داروں پر امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کا قول بالکل فٹ بیٹھتا ہے کہ:
من ادعى الاجماع فهو كاذب۔
”جو اجماع کا دعوی کرے وہ جھوٹا ہے۔“ (مسائل الامام احمد روایۃ عبداللہ، ص:439)
یہ انجینئر صاحب کی عادت ہے کہ جب انہیں کوئی اور چارہ نہ ملے تو متواتر اور اجماع کا جھوٹا دعوی کر دیتے ہیں۔
بہر حال اس سلسلے میں سخت اختلاف ہے کہ محمد بن ابی بکر کس طرح قتل ہوئے اور قتل کس نے کیا، وہ اس حوالے سے مختلف تاریخی روایات نقل کرتے ہیں کہ ایک قول یہ ہے اور ایک قول یہ۔ لہٰذا جب معاملہ ایسا ہو تو کسی ایک قول کو پکڑ کر اس پر اجماع کا دعوی کر دینا کسی جاہل ہی کا کام ہے۔ یہاں ہم دیگر محدثین کی عبارات سے صرف نظر کرتے ہوئے صرف انجینئر صاحب کے حوالوں سے یہ بات ثابت کر دیتے ہیں کہ جو واقعہ آپ نے بیان کیا ہے دوسری تمام کتب تو دور ان چند کتابوں کا بھی اس واقعہ پر اتفاق نہیں۔
”الاستیعاب لابن عبدالبر“ میں جناب محمد بن ابی بکر رحمہ اللہ کے قتل کے حوالے سے لکھا ہے:
ثم ولاه مصر، فقتل بها، قتله معاوية بن حديج صبرا، وذلك في سنة ثمان وثلاثين. ومن خبره أن علي بن أبي طالب ولى في هذه السنة مالك بن الحارث الأشتر النخعي مصر، فمات بالقلزم قبل أن يصل إليها، سم في زبد وعسل، قدم بين يديه فأكل منه، فمات، فولى علي محمد بن أبي بكر، فسار إليه عمرو بن العاص فاقتتلوا، فانهزم محمد بن أبي بكر، فدخل في خربة فيها حمار ميت، فدخل في جوفه فأحرق في جوف الحمار. وقيل: بل قتله معاوية بن حديج۔
”پھر حضرت علی رضی اللہ عنہ نے انہیں مصر کا والی مقرر کیا تو انہیں قتل کر دیا گیا، انہیں حضرت ”معاویہ بن حدیج“ رضی اللہ عنہ نے باندھ کر قتل کیا اور یہ واقعہ 38 ہجری میں پیش آیا۔ ان کے بارے میں یہ روایت بھی ہے کہ سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ نے اسی سال مالک بن حارث اشتر النخعی کو مصر کا امیر مقرر کیا مگر وہ قلزم پہنچنے سے پہلے ہی فوت ہو گیا، اسے زہر دیا گیا جو مکھن اور شہد میں ملایا گیا تھا، اس نے اسے کھایا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ اس کے بعد سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے محمد بن ابی بکر کو مصر کا امیر مقرر کیا پھر سیدنا عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ ان کی طرف گئے اور انہوں نے ایک دوسرے سے قتال کیا، محمد بن ابی بکر کو شکست ہو گئی اور وہ ایک کھنڈر میں جا چھپے جہاں ایک مردہ گدھا تھا تو وہ گدھے کے پیٹ میں داخل ہو گئے لیکن انہیں گدھے کے پیٹ میں ہی جلا دیا گیا۔ اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ انہیں حضرت معاویہ بن حدیج رضی اللہ عنہ نے قتل کیا۔“ (الاستیعاب:2320)
مرزا صاحب! معاویہ بن حدیج لکھا ہے نہ کہ معاویہ بن ابی سفیان جو کہ بنو امیہ سے ہیں، معاویہ بن حدیج ایک دوسرے صحابی ہیں اور ان کا تو بنو امیہ سے کوئی تعلق بھی نہیں۔ لیکن پھر بھی سارے کا سارا الزام سیدنا معاویہ بن ابی سفیان رضی اللہ عنہ اور بنو امیہ پر لگایا جا رہا ہے۔ اور آپ نے جو محمد بن ابی بکر کو قتل کرنے اور ان کی لاش کو جلانے پر اجماع نقل کیا ہے اس کا کیا بنا؟ صحابہ کی سیرت پر لکھی جانے والی تین عظیم کتب کا جو آپ نے حوالہ دیا ہے ان میں سب سے قدیم یہی ”الاستیعاب“ امام ابن عبدالبر رحمہ اللہ ہی کی کتاب ہے، اور یہاں تو قتل کے سلسلے میں مختلف اقوال نقل کیے گئے ہیں، کہ یہ بھی منقول ہے اور یہ بھی منقول ہے۔ لیکن انجینئر صاحب کے بقول تو اس میں کوئی اختلاف ہے ہی نہیں، بلکہ اس پر تو اجماع منعقد ہے!
”اُسد الغابۃ“ میں جناب محمد بن ابی بکر رحمہ اللہ کے قتل کا تذکرہ کچھ یوں کیا گیا ہے:
ولما ولي مصر، سار إليه عمرو بن العاص فاقتتلوا، فانهزم مُحَمَّدٌ ودخل خربة، فأخرج منها وقتل، وأحرق في جوف حمار ميت. قيل: قتله معاوية بن حديج السكوني. وقيل: قتله عمرو بن العاص صبرا۔
”اور جب یہ مصر کے والی مقرر ہوئے تو حضرت عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ ان کے پاس آئے اور یہ آپس میں لڑے، محمد بن ابی بکر کو شکست ہوئی اور وہ ایک ویران جگہ میں داخل ہو گئے۔ انہیں وہاں سے باہر نکال کر قتل کر دیا گیا اور ان کی لاش کو ایک مردہ گدھے کے پیٹ میں جلا دیا گیا۔ کہا گیا ہے کہ: انہیں حضرت معاویہ بن حدیج السکونی رضی اللہ عنہ نے قتل کیا۔ اور ایک قول یہ بھی ہے کہ انہیں جناب عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ نے باندھ کر قتل کیا۔“ (أسد الغابۃ:326/4)
لیجیے یہاں تو تین مختلف اقوال ذکر کیے گئے ہیں، ایک قول کے مطابق قتل کرنے والے جناب عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ ہیں اور قتل کی کیفیت یہ ہے کہ قتل کرنے کے بعد گدھے کی لاش میں ڈال کر آگ لگائی گئی، جبکہ دوسرے قول کے مطابق آپ رضی اللہ عنہ نے باندھ کر قتل کیا۔ اور تیسرے قول کے مطابق حضرت معاویہ بن حدیج رضی اللہ عنہ نے قتل کیا ہے۔ جبکہ ”الاستیعاب“ کے حوالے سے پیچھے گزرا کہ حضرت معاویہ بن حدیج رضی اللہ عنہ نے باندھ کر قتل کیا، یا دوسرے قول کے مطابق یہ ہے کہ محمد بن ابی بکر خود ہی مردہ گدھے کی لاش میں گھس گئے، اور انہیں اسی میں جلا کر قتل کر دیا گیا، کیا یہ کھلا تضاد نہیں؟ بہر حال یہ انجینئر صاحب کی فقہ ہے یہاں سب کچھ ہو سکتا ہے۔
”الإصابۃ“ میں حافظ ابن حجر رحمہ اللہ حضرت محمد بن ابی بکر رحمہ اللہ کی وفات کے ذکر میں لکھتے ہیں:
وشهد محمد مع الجمل وصفّين، ثم أرسله إلى مصر أميرا، فدخلها في شهر رمضان سنة سبع وثلاثين، فولي إمارتها لعليّ، ثم جهّز معاوية عمرو بن العاص في عسكر إلى مصر، فقاتلهم محمد، وانهزم، ثم قتل في صفر سنة ثمان، حكاه ابن يونس، وقال: إنه اختفى لما انهزم في بيت امرأة فأخذ من بيتها فقتل۔
”اور محمد بن ابی بکر جنگِ جمل اور صفین میں شریک ہوئے، پھر انہیں مصر کی طرف امیر بنا کر بھیجا گیا، آپ رمضان کے مہینے میں 37 ہجری میں مصر میں داخل ہوئے اس وقت مصر کی امارت حضرت علی رضی اللہ عنہ کے پاس تھی۔ پھر حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے حضرت عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ کی قیادت میں ایک لشکر تیار کیا اور اسے مصر کی طرف بھیجا، محمد بن ابی بکر نے ان سے جنگ کی لیکن شکست کھائی اور صفر 38 ہجری میں قتل کر دیے گئے۔ یہ ابن یونس نے بیان کیا ہے، اور کہا: کہ جب انہیں شکست ہو گئی تو وہ ایک عورت کے گھر میں چھپ گئے تھے لیکن وہاں سے نکال کر انہیں قتل کیا گیا۔“ (الإصابۃ:194/6)
مرزا صاحب نے سب سے آخر پر ”الاصابۃ“ کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ اس میں پڑھ لیں محمد بن ابی بکر کے ساتھ جو کچھ ہوا۔ حالانکہ جو کہانی آپ نے بیان کی ہے اس میں تو ایسا کچھ بھی نہیں۔ تو جب یہ بات ثابت شدہ ہے کہ اس واقعہ پر اجماع بالکل بھی نہیں ہے، لہٰذا دوسرا راستہ صرف یہی ہے کہ مرزا صاحب اپنے مدعے کو صحیح الاسناد روایات سے ثابت کریں کہ جناب محمد بن ابی بکر کو حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے قتل کروایا، اور انہیں قتل کرنے کے بعد گدھے کی لاش میں ڈال کر جلا دیا گیا۔
اول تو ان حوالہ جات میں اس بات کی صراحت ہی نہیں کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے انہیں قتل کرنے کا حکم دیا ہو، اور دوسرا یہ کہ ان مصنفین نے اس واقعہ کی کوئی متصل سند بھی پیش نہیں کی اور نہ ہی یہ شرط رکھی ہے کہ ہم صرف وہی روایات نقل کریں گے جو صحیح سند سے ثابت ہوں۔ اور پھر انہوں نے کوئی بات بالجزم نہیں کہی بلکہ اس سلسلے میں صرف تاریخی روایات ذکر کی ہیں۔ لہٰذا ان سے تو آپ کا مدعا قطعاً ثابت نہیں ہوتا۔