اللہ تعالیٰ کی صفات کی اقسام: ذاتی، فعلی اور ذاتی و فعلی صفات

Read in English
فونٹ سائز:
یہ تحریر علمائے حرمین کے فتووں پر مشتمل کتاب 500 سوال و جواب برائے عقیدہ سے ماخوذ ہے جس کا ترجمہ فضیلۃ الشیخ مولانا محمد یاسر عرفات حفظہ اللہ نے کیا ہے۔

41- اللہ تعالیٰ کی ذات کے ساتھ لازم ہونے اور لازم نہ ہونے کے اعتبار سے صفات کی اقسام

اس لحاظ سے اللہ تعالیٰ کی صفات کی تین اقسام ہیں:
پہلی قسم: ذاتی صفات۔
دوسری قسم: فعلی صفات۔
تیسری قسم: صفات ذاتیہ اور فعلیہ۔

① ذاتی صفات:

اس سے مراد اللہ تعالیٰ کی وہ صفات ہیں جو اللہ تعالیٰ کی ذات کے ساتھ ازل و ابد سے لازم ہیں اور اللہ تعالیٰ ہر وقت ان صفات کے ساتھ موصوف ہے، جیسے زندگی، علم، قدرت، عزت، حکمت، عظمت، جلال، علو اور ان جیسی دیگر صفات ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی ذات کے ساتھ لازم ہونے کی وجہ سے ان کو صفات ذاتیہ کہتے ہیں۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ کے لیے دونوں ہاتھوں، آنکھوں اور چہرے کا ثابت ہونا صفات خبریہ کہلاتا ہے۔

② فعلی صفات:

ان سے مراد ایسی صفات ہیں جن کا تعلق اللہ تعالیٰ کی مشیت اور ارادہ سے ہے اور یہ اللہ تعالیٰ کی ذات کے ساتھ لازم نہیں، اپنی نوع کے اعتبار سے اور نہ مفرد ہونے کے اعتبار سے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا عرش پر مستوی ہونا اور آسمان دنیا پر تشریف لانا اور قیامت کے دن بندوں کے درمیان فیصلے کے لیے تشریف لانا۔ یہ سب صفات فعلیہ ہیں جن کا تعلق ارادے سے ہے، چاہے تو وہ کر لے اور چاہے تو وہ نہ کرے۔ یہ ایسی صفات ہیں جو اپنی نوع (قسم) اور فرد (اکیلے) ہونے کے اعتبار سے حادث (جب چاہا پیدا ہوگئیں) ہیں، لہٰذا عرش پر مستوی ہونا عرش کو پیدا کرنے کے بعد ہوا ہے اور آسمانِ دنیا پر نزول یہ آسمان کو پیدا کرنے کے بعد ہے اور قیامت کے دن فیصلے کے لیے آنا قیامت سے پہلے نہیں ہوگا۔

③ ذاتی اور فعلی صفات:

یہ ان صفات کا نام ہے جو نوع کے اعتبار سے تو اللہ تعالیٰ کی ازلی اور ابدی صفات ہیں، شروع ہی سے اللہ تعالیٰ ان صفات کے ساتھ موصوف ہے، لیکن جب ان کی مجموعی صورت سے الگ ہو کر انفرادی شکل میں غور کریں تو پتا چلتا ہے کہ ان کا تعلق تو مشیت اور ارادے سے ہے، یہ لازم بالذات نہیں۔ مثلاً اللہ تعالیٰ کی صفت کلام ہے۔ یہ نوع کے اعتبار سے ذاتی وصف ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ ہمیشہ سے کلام کرتے آئے ہیں اور یہ صفت اللہ تعالیٰ کی ذات کے کامل ہونے کی دلیل ہے لیکن کسی معین بات کرنے کے حوالے سے یہ فعلی صفت ہے، جب اللہ تعالیٰ چاہتے ہیں کلام فرماتے ہیں، کیونکہ یہ اللہ تعالیٰ کی مشیت پر موقوف ہے۔ (ابن عثیمین: مجموع الفتاویٰ والرسائل: 53)