اللہ تعالیٰ کی صفات کی طرف مصائب کی نسبت کرنے کا حکم

فونٹ سائز:
یہ تحریر علمائے حرمین کے فتووں پر مشتمل کتاب 500 سوال و جواب برائے عقیدہ سے ماخوذ ہے جس کا ترجمہ فضیلۃ الشیخ مولانا محمد یاسر عرفات حفظہ اللہ نے کیا ہے۔

44- اللہ تعالیٰ کی صفات کی طرف مصائب کی نسبت کرنے کا حکم

اللہ تعالیٰ کی صفات میں سے کسی صفت کی طرف کسی مصیبت و آزمائش کی نسبت کرنے کا مطلب یہ ہے کہ یہ چیز اللہ تعالیٰ کی صفت کا تقاضا ہے اور اس میں کوئی حرج والی بات نہیں ہے۔ مثال کے طور پر ظالم کو سزا دینا اللہ تعالیٰ کی حکمت کے تقاضے کے عین مطابق ہے، اسی طرح قضا و قدر (تقدیر) کے ذریعے سے کسی آدمی کا نیک بخت ہونا اور بد بخت ہونا ہے۔ اس کی دلیل نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمان ہے:
« لَوْ سَبَقَ الْقَضَاءَ وَالْقَدَرَ شَيْءٌ لَسَبَقَتْهُ الْعَيْنُ » (سنن الترمذي، رقم الحديث [2059])
”اگر تقدیر سے کوئی چیز سبقت لے جا سکتی ہوتی تو عین (نظر بد) سبقت لے جاتی۔“
مگر ان مصائب و آلام کی نسبت اس انداز سے کسی صفت کی طرف کرنا درست نہیں جس سے یہ ثابت ہو کہ یہ سب کچھ اسی وصف کی وجہ سے ہوا ہے، موصوف (ذات باری) کا اس میں کوئی دخل ہی نہیں، کیونکہ اصل کام تو اللہ ہی کا ہے اور وہی خالق اور پوری کائنات کا نظام چلانے والا ہے۔ (ابن عثیمین: مجموع الفتاویٰ والرسائل: 78)