شہداء کا رزق، دو دفعہ زندگی و موت اور عذاب قبر کے قرآنی دلائل

فونٹ سائز:
یہ اقتباس علامہ غلام مصطفٰی ظہیر امن پوری حفظہ اللہ کی کتاب عذاب قبر سے ماخوذ ہے۔

موت کے وقت نافرمانوں کا مقولہ:

❀ فرمان الٰہی ہے:
حَتَّى إِذَا جَاءَ أَحَدَهُمُ الْمَوْتُ قَالَ رَبِّ ارْجِعُونِ لَعَلِّي أَعْمَلُ صَالِحًا فِيمَا تَرَكْتُ كَلَّا إِنَّهَا كَلِمَةٌ هُوَ قَائِلُهَا وَمِنْ وَرَائِهِمْ بَرْزَخٌ إِلَى يَوْمِ يُبْعَثُونَ (المومنون: 100-99)
”جب ان میں سے کسی کو موت آتی ہے تو وہ کہتا ہے، میرے رب! مجھے واپس بھیج دے، میں واپس جا کر اعمال صالحہ سرانجام دوں گا، جو میں پہلے نہیں کر سکا، خبردار! یہ صرف ایک کلمہ ہے، جو وہ لوگ بولیں گے، اب ان کے درمیان قیامت تک کے لیے ایک پردہ حائل کر دیا گیا ہے۔“
بتصریح قرآن یہ مقولہ موت کے وقت کہا جائے گا، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ موت کے فوری بعد عذاب و نعم ضرور موجود ہیں۔ اس سے ان لوگوں کا بھی رد ہوتا ہے، جو کہتے ہیں ہم کو قبر کا عذاب نظر تو نہیں آتا، ان سے پوچھا جائے کہ کیا آپ کو بندے کا یہ مقولہ سنائی دیتا ہے؟

شہداء کو رزق ملنا:

❀ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
وَلَا تَحْسَبَنَّ الَّذِينَ قُتِلُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ أَمْوَاتًا بَلْ أَحْيَاءٌ عِنْدَ رَبِّهِمْ يُرْزَقُونَ (آل عمران: 169)
”اللہ کے رستے میں قتل ہو جانے والوں کو کبھی مردے خیال نہ کرو، وہ تو زندہ ہیں، اپنے رب کے ہاں رزق دیئے جاتے ہیں۔“
❀ نیز فرمان الٰہی ہے:
وَلَا تَقُولُوا لِمَنْ يُقْتَلُ فِي سَبِيلِ اللَّهِ أَمْوَاتٌ بَلْ أَحْيَاءٌ وَلَكِنْ لَا تَشْعُرُونَ (البقرة: 154)
”اللہ کی راہ میں شہید ہونے والوں کو مردہ مت کہو، وہ یقیناً زندہ ہیں، مگر تم (ان کی زندگی کو) سمجھ نہیں سکتے۔“
❀ علامہ ابن فرس رحمہ اللہ (597ھ) فرماتے ہیں:
فِيهِ دَلِيلٌ عَلَى عَذَابِ الْقَبْرِ وَصِحَّتِهِ خِلَافًا لِمَنْ نَفَاهُ مِنَ الْمُعْتَزِلَةِ.
”یہ آیت عذاب قبر کے ثبوت پر دلیل ہے، اس کے برعکس معتزلہ عذاب قبر کا انکار کرتے ہیں۔“
(أحكام القرآن: 120/1)
اس آیت میں قبر کی نعمتوں کا تذکرہ کیا گیا ہے، اللہ فرماتے ہیں: شہید زندہ ہوتا ہے۔ بایں صورت کہ اس کو اللہ تعالیٰ رزق دیتے رہتے ہیں اور ہم کو وہ بھی نظر نہیں آ رہا ہوتا۔

نعمتوں کے متعلق سوال:

❀ قرآن مجید میں ہے:
أَلْهَاكُمُ التَّكَاثُرُ حَتَّى زُرْتُمُ الْمَقَابِرَ كَلَّا سَوْفَ تَعْلَمُونَ ثُمَّ كَلَّا سَوْفَ تَعْلَمُونَ كَلَّا لَوْ تَعْلَمُونَ عِلْمَ الْيَقِينِ لَتَرَوُنَّ الْجَحِيمَ ثُمَّ لَتَرَوُنَّهَا عَيْنَ الْيَقِينِ ثُمَّ لَتُسْأَلُنَّ يَوْمَئِذٍ عَنِ النَّعِيمِ
(التكاثر: 8-1)
”تمہیں (مال کی) کثرت نے غافل کر دیا، یہاں تک کہ تم قبروں میں جا پہنچے، بے شک تم بہت جلد جان لو گے، یقیناً تم بہت جلد جان لو گے، کاش تم علم یقین حاصل کر لیتے، یقیناً تم جہنم کو ضرور دیکھو گے، پھر یقیناً تم اپنی آنکھ سے دیکھو گے، اس دن تم سے نعمتوں کے متعلق سوال ہوگا۔“
یہ سوال سب سے پہلے قبر میں ہوں گے، جیسا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے قبر میں منکر نکیر کے متعلق فرمایا۔
❀ امام محمد بن جریر طبری رحمہ اللہ (310ھ) فرماتے ہیں:
قَوْلُهُ: حَتَّى زُرْتُمُ الْمَقَابِرَ (التكاثر: 2) يَعْنِي حَتَّىٰ صِرْتُمْ إِلَى الْمَقَابِرِ فَدُفِنْتُمْ فِيهَا؛ وَفِي هٰذَا دَلِيلٌ عَلَى صِحَّةِ الْقَوْلِ بِعَذَابِ الْقَبْرِ، لِأَنَّ اللّٰهَ تَعَالَىٰ ذِكْرُهُ، أَخْبَرَ عَنْ هٰؤُلَاءِ الْقَوْمِ الَّذِينَ أَلْهَاهُمُ التَّكَاثُرُ، أَنَّهُمْ سَيَعْلَمُونَ مَا يَلْقَوْنَ إِذَا هُمْ زَارُوا الْقُبُورَ وَعِيدًا مِنْهُ لَهُمْ وَتَهَدُّدًا.
”فرمان باری تعالیٰ: حَتَّى زُرْتُمُ الْمَقَابِرَ ”یہاں تک کہ تم قبروں میں پہنچ جاؤ۔“ سے مراد یہ ہے کہ تم قبروں میں دفن کیے جاؤ۔ اس آیت میں دلیل ہے کہ عذاب قبر کا عقیدہ صحیح ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ان لوگوں کے متعلق خبر دی، جنہیں مال کی کثرت نے غافل کر دیا کہ وہ عنقریب جان لیں گے جب وہ قبروں میں پہنچیں گے، ان کے لیے اس میں تہدید و وعید ہے۔“
(تفسير الطّبري: 600/24)

دو دفعہ زندگی اور موت:

یہ مضمون کافی غور طلب ہے۔
❀ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
إِذًا لَأَذَقْنَاكَ ضِعْفَ الْحَيَاةِ وَضِعْفَ الْمَمَاتِ ثُمَّ لَا تَجِدُ لَكَ عَلَيْنَا نَصِيرًا (بني إسرائيل: 75)
”تب ہم تجھے دوہری زندگی اور دوہری موت کا مزہ چکھائیں گے، پھر کوئی تیرا مددگار نہیں ہوگا۔“
❀ اسی طرح فرمایا:
قَالُوا رَبَّنَا أَمَتَّنَا اثْنَتَيْنِ وَأَحْيَيْتَنَا اثْنَتَيْنِ فَاعْتَرَفْنَا بِذُنُوبِنَا فَهَلْ إِلَى خُرُوجٍ مِنْ سَبِيلٍ (المؤمن: 11)
”کہیں گے، ہمارے رب! تو نے ہم کو دو دفعہ موت دی، دو دفعہ زندگی دی، ہم اپنے گناہوں کا اعتراف کرتے ہیں، کیا نکلنے کا کوئی راستہ ہے۔“
❀ اس کی تفسیر میں حافظ ابن عبدالبر رحمہ اللہ (463ھ) فرماتے ہیں:
أَمَّا الْآثَارُ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي عَذَابِ الْقَبْرِ فَلَا تَكَادُ تُحْصٰى بِعَدَدٍ تَوَاتُرًا وَاشْتِهَارًا وَصِحَّةً، وَكَذٰلِكَ هِيَ عَنِ الصَّحَابَةِ وَالتَّابِعِينَ لَهُمْ بِإِحْسَانٍ كَثِيرَةٍ شَهِيرَةٍ يَجِبُ الْاسْتِنَادُ إِلَيْهَا لِأَنَّهُ لَا يَجُوزُ عَلَى جَمَاعَتِهِمُ الْغَلَطُ فِي تَأْوِيلِ قَوْلِ اللّٰهِ عَزَّ وَجَلَّ: أَمَتَّنَا اثْنَتَيْنِ وَأَحْيَيْتَنَا اثْنَتَيْنِ، وَكُلُّ مَنْ تَكَلَّمَ فِي تَفْسِيرِ الْقُرْآنِ مِنَ السَّلَفِ فِي هٰذِهِ الْآيَةِ وَغَيْرِهَا يُقِرُّ بِفِتْنَةِ الْقَبْرِ وَيُؤْمِنُ بِهَا وَيَرَى الْآثَارَ فِيهَا وَهُمْ أَهْلُ الْعِلْمِ بِالْقُرْآنِ وَلِسَانِ الْعَرَبِ وَمُرَادِ الرَّسُولِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ.
”عذاب قبر سے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اتنی احادیث منقول ہیں کہ ان کو شمار نہیں کیا جا سکتا، یہ متواتر مشہور اور صحیح احادیث ہیں، اسی طرح صحابہ و تابعین سے بھی بکثرت روایات وارد ہوئی ہیں، جن کو دلیل بنانا واجب ہے، کیونکہ پوری جماعت تو اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کی غلط تفسیر نہیں کر سکتی۔ ”ہمارے رب! تو نے ہم کو دو دفعہ موت دی، دو دفعہ زندگی دی۔“ سلف امت میں سے جس جس نے بھی اس آیت کی تفسیر بیان کی ہے، سب نے فتنہ قبر کا اقرار کیا ہے اور اس پر ایمان لائے ہیں، وہ لوگ قرآن، لغت عرب اور مراد رسول کو بہت صحیح طرح سے سمجھتے تھے۔“
(الأجوبة عن المسائل المستغربة من كتاب البخاري، ص 191-190)
❀ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
يَوْمَ هُمْ عَلَى النَّارِ يُفْتَنُونَ ذُوقُوا فِتْنَتَكُمْ هَذَا الَّذِي كُنْتُمْ بِهِ تَسْتَعْجِلُونَ (الذّاريات: 14-13)
”اس دن ان کو آگ پر پیش کیا جائے گا اور کہا جائے گا کہ اپنی آزمائش کو چکھ لو، یہ وہی ہے، جس کے طلب میں جلدی کیا کرتے تھے۔“
❀ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
إِنَّ الَّذِينَ قَالُوا رَبُّنَا اللَّهُ ثُمَّ اسْتَقَامُوا تَتَنَزَّلُ عَلَيْهِمُ الْمَلَائِكَةُ أَلَّا تَخَافُوا وَلَا تَحْزَنُوا وَأَبْشِرُوا بِالْجَنَّةِ الَّتِي كُنْتُمْ تُوعَدُونَ
(فصّلت: 30)
”بے شک وہ لوگ، جو کہتے ہیں کہ ہمارا رب اللہ ہے؛ پھر اس پر ڈٹ جاتے ہیں، تو ان پر فرشتے نازل ہوتے ہیں (اور انہیں کہتے ہیں:) تم خوف زدہ مت ہوں اور نہ غمگین ہوں، تمہارے لیے جنت کی بشارت ہے، جس کا تم سے وعدہ کیا گیا تھا۔“
❀ اس آیت کی تفسیر میں امام مجاہد رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
ذٰلِكَ عِنْدَ الْمَوْتِ.
”یہ سب موت کے وقت ہوتا ہے۔“
(تفسير الطّبري: 466/21، إثبات عذاب القبر للبيهقي: 74، تغليق التّعليق لابن حجر: 302/4، وسنده حسن)
اس آیت کے عموم سے ثابت ہوا کہ مؤمنوں کے لیے آخرت سے پہلے بھی نعمتیں اور خوشخبریاں ہیں، اس کا مفہوم مخالف یہ ہے کہ جو لوگ مؤمن نہیں، ان کے لیے آخرت سے پہلے نعمتیں نہیں، بلکہ عذابات ہیں، جسے عذاب قبر کہا جاتا ہے۔

❀❀❀❀❀❀❀