ارادے کی اقسام: ارادہ کونیہ اور ارادہ شرعیہ

Read in English
فونٹ سائز:
یہ تحریر علمائے حرمین کے فتووں پر مشتمل کتاب 500 سوال و جواب برائے عقیدہ سے ماخوذ ہے جس کا ترجمہ فضیلۃ الشیخ مولانا محمد یاسر عرفات حفظہ اللہ نے کیا ہے۔

51- ارادے کی اقسام

ارادہ دو قسم کا ہوتا ہے: ① ارادہ کونیہ۔ ② ارادہ شرعیہ۔
جس ارادے کا تعلق اللہ تعالیٰ کی مشیت سے ہو، اسے ”ارادہ کونیہ“ کہتے ہیں اور جس میں اللہ تعالیٰ کی محبت و رضا ہو، اسے ”ارادہ شرعیہ“ کہتے ہیں۔

ارادہ شرعیہ کی مثال:

اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
وَاللَّهُ يُرِيدُ أَنْ يَتُوبَ عَلَيْكُمْ [النساء: 27]
”اور اللہ چاہتا ہے کہ تم پر مہربانی فرمائے۔“
اس آیت مبارکہ میں يُرِيدُ کا معنی محبت کرنا ہے۔ یہاں مشیت مراد نہیں ہے۔ اگر ایسا ہوتا تو سارے انسان ہدایت یافتہ ہوتے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے، بہت سے انسان کفر پر قائم ہیں۔
رہا یہ مسئلہ کہ جس چیز کو اللہ تعالیٰ پسند کریں تو وہ ضرور ہی وجود میں آئے گی؟ ایسی چیز کا وجود میں آنا اللہ تعالیٰ کی حکمت پر مبنی ہے، کبھی وہ چیز وجود میں آ جاتی ہے اور کبھی حکمت کے تحت واقع نہیں ہوتی۔

ارادہ کونیہ کی مثال:

ارادہ کونیہ کی مثال اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے:
إِنْ كَانَ اللَّهُ يُرِيدُ أَنْ يُغْوِيَكُمْ [هود: 34]
”اگر اللہ یہ ارادہ رکھتا ہو کہ تمھیں گمراہ کرے۔“
اس آیت مبارکہ میں ارادہ سے مراد مشیت ہے، رضا و محبت نہیں، کیونکہ اللہ تعالیٰ گمراہی کو پسند نہیں فرماتا۔
ایک بات یہ رہ گئی کہ ارادہ کونیہ اور شرعیہ میں واقع ہونے کے اعتبار سے کیا فرق ہے؟ ارادہ کونیہ ہر حال میں واقع ہوتا ہے۔ جب اللہ تعالیٰ کسی چیز کے وجود میں آنے کا ارادہ فرما لیتے ہیں تو وہ ہر حال میں واقع ہو کر ہی رہتی ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
إِنَّمَا أَمْرُهُ إِذَا أَرَادَ شَيْئًا أَنْ يَقُولَ لَهُ كُنْ فَيَكُونُ [يٰس: 82]
”اس کا حکم تو، جب وہ کسی چیز کا ارادہ کرتا ہے، اس کے سوا نہیں ہوتا کہ اسے کہتا ہے ”ہو جا“ تو وہ ہو جاتی ہے۔“
ارادہ شرعیہ کبھی واقع ہوتا ہے اور کبھی نہیں۔ کسی چیز کو اللہ تعالیٰ ارادہ شرعیہ کے تحت پسند کرتا ہے لیکن وہ وجود میں نہیں آتی، اس لیے کہ کبھی پسندیدہ چیز (حکمت کے تحت) وجود میں آتی ہے اور کبھی نہیں آتی۔
اگر کوئی یہ سوال کرے کہ اللہ تعالیٰ گناہوں کو پسند فرماتے ہیں؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ معاصی (نافرمانیاں اور گناہ) اللہ تعالیٰ کے ارادہ کونیہ کے تحت شامل ہیں جبکہ ارادہ شرعیہ میں شامل نہیں ہیں، کیونکہ ارادہ شرعیہ میں اللہ تعالیٰ کی محبت شامل ہوتی ہے جبکہ اللہ تعالیٰ گناہوں کو پسند نہیں فرماتے۔ کائنات کا پورا نظام ارادہ کونیہ کے تحت چل رہا ہے۔ (ابن عثیمین: مجموع الفتاویٰ والرسائل: 67)