مضمون کے اہم نکات
- ❷ کیا سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے خود کو سیدنا عمر رضی اللہ عنہ سے زیادہ خلافت کا حقدار قرار دیا تھا؟
- ❁ صحیح البخاری کی روایت اور اس کا علمی و تحقیقی جواب؛-
- روایت پر حکم؛-
- ❁ کیا سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ بن خطاب کی توہین کی تھی؟
- ◈ جوابِ اول سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی مراد؛-
- ◈ جوابِ دوم باپ کا تذکرہ کس معنیٰ میں ہے؟
- ❁ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بولے گئے عربی محاورات؛-
- ◈ جوابِ سوم جس معاملے کے متعلق بات کی گئی وہ معاملہ کونسا تھا؟
❷ کیا سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے خود کو سیدنا عمر رضی اللہ عنہ سے زیادہ خلافت کا حقدار قرار دیا تھا؟
قارئینِ کرام! صحیح البخاری کو مرزا صاحب اور اُن کے متبعین کی جانب سے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر بار بار نقل و چسپاں ( Copy-Paste ) کرتے ہوئے پیش کیا جاتا ہے۔ ان بعض حلقوں کی طرف سے یہ تاثر پیش کیا جاتا ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ خود کو سیدنا علی رضی اللہ عنہ اور سیدنا عمر رضی اللہ عنہ سے زیادہ خلافت کا حقدار سمجھتے تھے۔ حالانکہ اس روایت کو نہ تو اصولِ حدیث کی روشنی میں سمجھنے کی سنجیدہ کوشش کی جاتی ہے اور نہ ہی اس کے سیاق و سباق، فہمِ سلف اور محدثین کے منہج کو ملحوظِ خاطر رکھا جاتا ہے۔ زیرِ نظر فصل میں اسی روایت کا علمی، تحقیقی اور اصولی انداز میں مفصل جائزہ پیش کیا جائے گا تا کہ حقائق کو خالص علمی بنیادوں پر واضح کیا جا سکے اور سطحی و مغالطہ آمیز استدلال کا علمی محاسبہ کیا جا سکے۔ مرزا جہلمی اور روافض کی جانب سے اس روایت کے گرد جو فکری جال بُنا گیا ہے وہ محض علمی کمزوری نہیں بلکہ صریح بد دیانتی، کتمانِ حق اور تحریفِ معانی کا شاہکار ہے۔ مرزا صاحب نے اپنی بدنامِ زمانہ تحریر ”پمفلٹ 5B“ میں اس روایت کو نمبر 6 کے تحت درج کرنے سے قبل حدیث نمبر 3، 4، 5 میں ایسی تمہید قائم کی ہے جس میں علم و ادب کی حرمت کو پامال کر کے شرم و حیا کو بالائے طاق رکھ دیا گیا ہے۔ اس تمہید میں دبے لفظوں، مبہم اشارات اور زہریلی تعبیرات کے ذریعے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ جیسے جلیل القدر صحابی رسول کو ( نعوذ باللہ ) اللہ کا دشمن، کافر اور گمراہ ثابت کرنے کی جسارت کی گئی ہے۔ یہ محض لغزش نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی چال ہے جو ان کے غلیظ عقیدہ تقیہ کے عین مطابق ترتیب دی گئی ہے۔ مرزا جہلمی کی جانب سے پہلے صحیحین کی احادیث سے من پسند مفاہیم کشید کیے گئے پھر غلط تراجم، خود ساختہ بریکٹس اور گمراہ کن فٹ نوٹس کے ذریعے ایک ایسا فکری خارزار تیار کیا گیا جس میں قاری کے ایمان کو الجھا کر رکھ دیا جائے۔ اسی سلسلے میں مرزا صاحب نے صحیح مسلم کی حدیث نمبر 1258 نقل کی، جس میں سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کا وہ قول وارد ہے جو منافقین، باغیان اور خوارج کے بارے میں ہے اور اسے مرزا جہلمی کی جانب سے پوری دیدہ دلیری کے ساتھ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ پر چسپاں کرنے کی کوشش کی گئی۔ یہاں معاملہ محض تحریف پر ختم نہیں ہوتا آگے صحیح بخاری کی روایت 4108 نقل کرتے ہوئے ”امر“ کے لفظ کو زبردستی ” خلافت“ کے معنی میں موڑ دیا گیا تا کہ قاری کے ذہن میں یہ تاثر پیدا کیا جا سکے کہ گویا سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے قائم کردہ شرعی اصول کی خلاف ورزی کی ہو۔ مزید ستم یہ کہ صحیح مسلم کی روایت کے ساتھ ایک نوٹ چسپاں کر کے فتح مکہ کے موقع پر اسلام قبول کرنے والوں کو ہدفِ طعن بنایا گیا اور آئندہ احادیث کا جھانسہ دے کر ذہنی اضطراب کو ہوا میں معلق چھوڑ دیا گیا۔ یہ طرزِ عمل نہ صرف علمی دیانت کے منافی ہے بلکہ منہج اہلِ سنت کے نام پر صریح انحراف اور بے ادبی کی واضح مثال ہے۔ مرزا جہلمی جیسے لوگ تقیہ یا ابہام کے اسلوب کو اختیار کر کے سادہ لوح مسلمانوں کے عقائد میں اشتباہ پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اگر اب بھی کسی کو اس فتنے کی نوعیت سمجھ میں نہ آئے تو وہ صحیح بخاری 4108 کا وہ ترجمہ بغور دیکھے جو مرزا جہلمی کی جانب سے پیش کیا جاتا ہے، پھر اسے صحیح مسلم 1258 میں سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے قول کے ساتھ ملا کر پرکھے تو حقیقت خود اپنی زبان میں گویا بول اٹھے گی کہ کس طرح الفاظ کے حذف و اضافہ اور مفہوم کی تحریف کے ذریعے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی شان میں نامناسب تاثر پیدا کیا گیا اور خلافت کے بارے میں ایک باطل و بے بنیاد بیانیہ گھڑنے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں علمی دیانت اور محض جدلی اسلوب کے درمیان واضح فرق سامنے آ جاتا ہے۔ مرزا جی! آپ یہاں وہ جرأت کیوں نہیں دکھاتے کہ کھل کر یہ اعلان کریں کہ آپ کے نزدیک سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے خلافت پر طعن کرنے کی جسارت کی تھی۔ یوں ( آپ ہی کے پسندیدہ معیار کے مطابق ) سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے فتویٰ کی زد میں آ کر کفر، نفاق اور گمراہی کے مرتکب ہو گئے تھے؟ آئیے مرزا جی! ہم آپ کو دکھاتے ہیں کہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے بعد والی خلافت ( خلافتِ عثمانی ) پر طعن و تشنیع کا اصل مجرم کون تھا۔ آپ نے اپنے اسی پمفلٹ میں، حدیث نمبر 14 کے تحت ایک نہایت معنی خیز نوٹ درج کیا جس میں اپنے روحانی والد اور جدِّ امجد، عبداللہ بن سبا کو بچانے کی بھرپور کوشش کی۔ بڑی چالاکی سے اسے سنی و شیعہ کے اتفاق سے ”منافق“ قرار دے کر یوں الگ کیا گیا جیسے ملائی سے مکھی نکال دی جائے تا کہ قارئین کے ذہن میں اٹھنے والا ممکنہ سوال پہلے ہی Defuse ہو جائے۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ مرزا جی نے اسی پمفلٹ کی حدیث نمبر 13 اور 14 کے تحت سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کے اجتہادات پر کھلے عام نقد کیا، طعن و تشنیع کی، انہیں سنت سے منحرف قرار دیا، اقربا پروری کے الزام تراشے اور ان کے گورنروں پر شراب نوشی جیسے گھٹیا اور مردود الزامات عائد کیے۔ یوں مرزا جی خود ہی ( سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے فتویٰ کے مطابق ) کفر، نفاق اور گمراہی کے دائرے میں داخل ہو گئے کیونکہ سیدنا فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ نے صاف فرمایا تھا کہ ”جو بھی اس خلافت پر طعن کرے گا وہ انہی وجوہات کی بنا پر گمراہ ہو گا“۔ یہی کردار آج کے دور میں اسحاق جھالوی ( عصرِ حاضر کا ابو مخنف ) نے اپنی تقاریر میں اور اس کے استاد مولانا مودودی نے اپنی بدنامِ زمانہ تصنیف ”خلافت و ملوکیت“ میں ادا کیا۔ مرزا صاحب کی جانب سے سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کی سیاسی و شرعی پالیسیوں سے نہ صرف کھلم کھلا اختلاف کیا گیا بلکہ گستاخانہ لہجہ اختیار کرتے ہوئے ان پر سنت چھوڑنے اور رشتہ داروں میں عہدے بانٹنے جیسے کثیف الزامات بھی تھوپے گئے۔ مرزا جی تو حد ہی کر گئے اور یہاں تک کہہ دیا کہ ( نعوذ باللہ ) ”سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کی شہادت ان کے گناہوں کا کفارہ بن گئی تھی“ یہ ہے خلافتِ عثمانی پر آج کے سبائیوں کا طنز و تمسخر۔ حالانکہ ہم نے تو اسی دور کے اصل سبائیوں سے ثابت کیا ہے کہ انہی بدبختوں نے نہ صرف سیدنا عثمان ذوالنورین رضی اللہ عنہ پر الزام تراشی کی بلکہ بالآخر انہیں شہید بھی کر دیا۔ ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ سے فرمایا کہ ”بے شک اللہ تعالیٰ تمہیں ایک قمیص پہنائے گا، اگر منافقین تم سے وہ قمیص اتروانا چاہیں تو اسے ہرگز نہ اتارنا“۔ [سنن ابن ماجه 112 واسنادهُ صحيح]
یہی وہ عبداللہ بن سبا ( یہودی النسل رافضی، سبائیوں کا پہلا امام ) اور اس کے پیروکار تھے جو قولِ فاروقی کے اولین مصداق بنے۔ انہوں نے ایک متفقہ خلیفہ کو ناحق شہید کیا، ان کا مال لوٹا، ان کے گھر پر دھاوا بولا اور ان کے خلاف بغاوت کی۔ پھر یہی لوگ اپنی شناخت چھپانے کے لیے بعد میں سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے لشکر میں پناہ گزین ہو گئے۔ ہم نے کسی خود ساختہ فہم کا سہارا نہیں لیا بلکہ سلفِ صالحین کا فہم پیش کیا تا کہ واضح ہو جائے کہ اصل مجرم کون تھے۔ پس مرزا جی! اب فیصلہ اہلِ علم اور اہلِ انصاف پر چھوڑ دیجئے۔ تاریخ کے اوراق چیخ چیخ کر گواہی دے رہے ہیں کہ خلافتِ عثمانی پر طعن و تشنیع نہ اجتہاد تھی، نہ اصلاح بلکہ وہی پرانا سبائی بیانیہ تھا جو ہر دور میں نئے ناموں، نئی زبان اور نئے چہروں کے ساتھ سامنے آتا رہا۔ کبھی ابو مخنف کے قلم سے، کبھی مودودی کے اسلوب میں اور کبھی اسحاق جھالوی کی زبان سے۔ ہم نے نہ شخصیات تراشیں، نہ نعرے لگائے، نہ جذباتی فضا قائم کی بلکہ قرآن، سنت، سلف صالحین کے فہم اور مستند تاریخی شواہد کی روشنی میں یہ واضح کیا کہ خلافتِ راشدہ پر طعن دراصل خلافت ہی سے انکار کی پہلی سیڑھی ہے۔ اور جو اس راہ پر چلا، وہ چاہے کتنا ہی خوش بیان، مقبول یا مصلح کیوں نہ ہو، انجام کار سبائی فکر کے خانے ہی میں جا کھڑا ہوتا ہے۔
آخر میں ہم پورے یقین، اطمینان اور علمی دیانت کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہیں کہ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ، سیدنا علی رضی اللہ عنہ، سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ یہ سب صحابہ رضی اللہ عنہم عدول ہیں، اسلام کے ستون ہیں اور تاریخِ امت کے روشن مینار ہیں۔ ان پر طعن کرنے والا چاہے کسی بھی لباس میں ہو، کسی بھی منبر پر کھڑا ہو اور کسی بھی نام سے پہچانا جاتا ہو وہ امت کو جوڑنے نہیں بلکہ توڑنے آیا ہے۔ اور حق کی روایت یہی ہے کہ فتنے آتے رہتے ہیں مگر خلافتِ راشدہ پر ایمان رکھنے والوں کی صف ہمیشہ قائم رہتی ہے۔
❁ صحیح البخاری کی روایت اور اس کا علمی و تحقیقی جواب؛-
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ میں سیدہ حفصہ رضی اللہ عنہا کے یہاں گیا تو ان کے سر کے بالوں سے پانی کے قطرات ٹپک رہے تھے۔ میں نے ان سے کہا کہ آپ دیکھ رہی ہیں لوگوں کے معاملات کس نہج پر پہنچ چکے ہیں؟ میرے لیے ( ان کی جانب سے ) اس امر ( مسئلہ تحکیم ) میں کچھ نہیں رکھا گیا۔ جس پر سیدہ حفصہ رضی اللہ عنہا نے کہا کہ آپ مسلمانوں کے مجمع میں جائیں کیونکہ لوگ وہاں آپ کا انتظار کر رہے ہیں۔ مجھے اندیشہ ہے کہ آپ کا ان سے رکے رہنا کہیں اختلاف کا سبب نہ بن جائے۔ آخر سیدہ حفصہ رضی اللہ عنہا کے اصرار پر سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما تشریف لے گئے پھر جب لوگ وہاں سے چلے گئے تو سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے خطبہ دیا اور کہا کہ جو شخص اس معاملے میں اپنا مؤقف کھل کر بیان کرنا چاہتا ہے وہ ہمارے سامنے اپنی بات کرے کیونکہ ( ہمارے فہم کے مطابق ) ہم اس کے اور اس کے والد کے مقابلے میں اس ( امر ) کے زیادہ حق دار ہیں۔ اس پر سیدنا حبیب بن مسلمہ رضی اللہ عنہ نے سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے کہا کہ آپ نے وہیں اس پر کوئی جواب کیوں نہیں دیا؟ جس پر سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا کہ میں نے اسی وقت اپنی لنگی سنبھالی ( جواب دینے کو تیار ہوا ) اور ارادہ کیا کہ ان سے کہوں کہ آپ سے زیادہ اس امر ( قصاص عثمان رضی اللہ عنہ ) کا حقدار وہ ہے جس نے آپ سے اور آپ کے باپ سے اسلام کے لیے قتال کیا تھا۔ ( یعنی اسلام کے ابتدائی مرحلے میں اسلام کی نصرت کے لیے وہ لوگ آگے بڑھے جنہوں نے اس وقت مقابلہ بھی جھیلا جب دوسرے ابھی اسلام میں داخل نہیں ہوئے تھے ) لیکن پھر میں ڈرا کہ کہیں میری اس بات سے مسلمانوں میں اختلاف بڑھ نہ جائے اور خونریزی نہ ہو جائے اور میری اس بات کو میری منشاء کے خلاف نہ لیا جائے۔ چنانچہ میں نے اس کے بجائے وہ اجر و ثواب یاد کیا جو اللہ تعالیٰ نے جنتوں میں تیار کر رکھا ہے۔ سیدنا حبیب بن مسلمہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ آپ محفوظ رہے اور خطا سے بچا لیے گئے اور کسی فتنہ میں مبتلا نہ ہوئے۔ [صحيح البخاری 4108]
روایت پر حکم؛-
اس روایت کی صحت کے لیے یہی کافی ہے کہ یہ حدیث صحیح البخاری کا حصہ ہے۔ روایت کے اس ترجمہ میں بریکٹس لگانے کا مقصد یہ تھا کہ روایت میں موجود عربی محاورات کا ترجمہ ان کے لفظی معنی میں نہیں بلکہ سیاقی اسلوب سے کیا جائے تا کہ اس سے مرزا جہلمی کی صحابہ دشمنی بھی ظاہر ہو اور روایت کا جو اصل مفہوم تھا وہ بھی کھل کر سامنے آئے۔ صحیح البخاری کی اس روایت میں جہاں بھی لفظ امر آیا وہاں مرزا جی نے مترجمین ( جو حقیقت میں روافض کے سہولت کار ہیں ) کے نقل کردہ تراجم کو بنیاد بنا کر مکھی پر مکھی مارتے ہوئے امر کا معنیٰ خلافت کیا ہے جو کہ قرائن و شواہد کے خلاف ہونے کے ساتھ ساتھ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ پر ایک ایسا الزام بھی ہے جس کی مرزا تو کیا اس کے روحانی والد محترم بابا اسحاق جھالوی اور مولانا مودودی تک کے پاس بھی کوئی دلیل نہیں تھی۔ باقی رہا ہمارا یہاں پہلے لفظ امر کا معنیٰ واقعہ تحکیم کرنا اور باقی دونوں جگہ پر امر کا معنیٰ قصاص عثمان کرنا، تو یہ ہم اللہ کے فضل و کرم سے آگے چل کر صحیح نصوص سے ثابت بھی کریں گے۔ اب یہاں اس روایت کو لے کر سب سے پہلے سوال کا جواب دینے کی کوشش کرتے ہیں وہ یہ کہ کیا سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے خلافت نہ ملنے پر شکوہ کیا؟ جیسا کہ مرزا جی نے ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے۔ مرزا جی! سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے یہ جملہ بول کر شکوہ نہیں کیا بلکہ مذکورہ اجتماع میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بتائی ہے جسے آپ نے اپنی من مانی بریکٹس لگا کر کچھ کا کچھ بنا دیا ہے۔ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہنا چاہ رہے ہیں کہ اس امر ( مسئلہ تحکیم ) سے متعلق کوئی ذمہ داری میرے پاس نہیں رکھی گئی اس لیے میں نہیں جانا چاہتا۔ مگر برا ہو یہاں تعصب اور تنگ نظری کا کہ مرزا جی نے یہاں ایک من مانی بریکٹ لگا کر سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کے سارے جملے کو ہی یکسر تبدیل کر دیا۔ مرزا لکھتے اور پھر اسی لکھے کو پڑھتے ہوئے اپنے ویڈیو لیکچرز میں کہتے ہیں کہ میرا تو کوئی دخل اس امر ( خلافت و اقتدار ) میں نہیں رہ گیا۔ یعنی مرزا جی نے اس جملہ کو یہاں فٹ کر کر یہ تاثر پیش کیا ہے کہ اس سے پہلے سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کا خلافت میں کوئی تعلق تھا، جو اب نہیں رہا۔ اگر یہاں مرزا جی کے اسی ترجمے کو برقرار رکھیں تو یہ بات بھی اپنی جگہ موجود ہے کہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما تو پہلے ہی خلافت سے الگ تھلگ تھے اور اقتدار کو پسند نہیں کرتے تھے، مگر کیوں؟ کیونکہ آپ کے والد نے آپ کو اس سے منع کر رکھا تھا جیسا کہ ان کے اپنے آخری عمل سے بھی ثابت ہوتا ہے۔ چنانچہ صحیح البخاری میں ہے کہ جب شہادت کے قریب آپ نے خلافت کے لیے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی تو ساتھ یہ ہدایات بھی صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو دیں کہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کو صرف مشورے کی حد تک ساتھ رکھنا مگر خلافت سے اس کو کوئی سروکار نہیں ہو گا۔ [صحيح البخاری 3700]
منع کرنے کی وجہ صرف یہ ہے کہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ شہادت کے قریب کہہ رہے تھے کہ میں نے عمر بھر اس بوجھ کو اٹھا کر رکھا اور اللہ سے یہ دعا کرتا ہوں کہ میں خلافت کی ذمہ داریوں میں اللہ تعالیٰ کے ہاں برابر برابر چھوٹ جاؤں نہ مجھے کوئی ثواب ملے نہ کوئی عذاب۔ [صحيح البخاری 7218]
یہ وجہ تھی کہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کو سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے اس بوجھ سے آزاد رکھتے ہوئے صرف شوریٰ میں شمولیت کی اجازت عنایت فرمائی۔ نیز ایک روایت میں تو یہاں تک مذکور ہے کہ سیدنا عثمان ذوالنورین رضی اللہ عنہ کی شہادت کے بعد لوگ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کو خلیفہ بنانا چاہتے تھے مگر آپ نے انکار کر دیا پھر انہوں نے پیسوں کی پیشکش کی تو آپ نے پھر ٹھکرا دیا حتیٰ کہ انہوں نے قتل کی دھمکیاں دیں تب بھی آپ نے خلافت سے انکار کر دیا۔ [طبقات الكبریٰ لابن سعد 4/151 هذا الإسناد صحيح إلى الحسن البصری]
اب یہاں کیسے ممکن ہے کہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما خلافت میں عمل دخل کی کوئی بات کریں جبکہ وہ تادم مرگ اپنے والد کی منشاء پر ہی ہمیشہ قائم رہے۔ اس لیے یہاں مرزا جی کی من مانی بریکٹ کا دھڑن تختہ ہو گیا اور ہمارے والا ترجمہ ہی راجح قرار پائے گا جو یہ ہے کہ میرے لیے اس امر ( مسئلہ تحکیم ) میں کچھ نہیں رکھا گیا جیسا کہ آگے مزید تفصیل سے بیان کیا جا رہا ہے۔ مزید اگر کسی کو اوپر امر کا معنی جو ہم نے کیا اس پر اعتراض ہے تو وہ مجمع الزوائد ومنبع الفوائد روایت 7075 کھول کر خود پڑھ لے کہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما خود بیان کر رہے ہیں کہ یہ تحکیم کے وقت کا واقعہ ہے۔ باقی اب یہاں ایک غور طلب بات یہ ہے کہ یہ اجتماع کب ہوا؟ تو علمائے سلف سے ہمیں اس کے تین اقوال ملتے ہیں؛-
❶ امام نور الدین الہیثمی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ یہ واقعہ صلح حسن رضی اللہ عنہ کا ہے۔ [مجمع الزوائد ومنبع الفوائد للهيثمی تحت الحديث 7075]
مگر امام ابنِ حجر عسقلانی رحمہ اللہ فتح الباری میں کہتے ہیں کہ یہ درست نہیں کیونکہ اس کی کوئی دلیل نہیں۔ [فتح الباری لابن حجر العسقلانی تحت الحديث للبخاری 4108، 7/403]
❷ امام ابنِ الجوزی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ یہ واقعہ سیدنا یزید بن معاویہ رحمہ اللہ کی بیعت کے وقت کا ہے۔ [كشف المشكل من حديث الصحيحين لابن الجوزی 2/576]
امام ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ نے اس کا بھی انکار کیا ہے کیونکہ اس کی بھی کوئی مصدقہ دلیل نہیں ہے۔
❸ امام ابن حجر العسقلانی رحمہ اللہ ( شارحِ صحیح البخاری ) کا موقف یہ ہے کہ یہ واقعہ دراصل سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ اور سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے مابین تحکیم سے متعلق ہے اور اس قول کی تائید مصنف عبد الرزاق 9779 اور مجمع الزوائد للہیثمی کی روایت 7075 سے بھی ہوتی ہے، جس میں یہ صراحت ہے کہ جب دونوں جانب کے فیصلے کرنے والے جدا ہوئے تو اس موقع پر سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے خطبہ دیا تھا۔ لہٰذا اس خطبہ کو مدینہ طیبہ سے متعلق قرار دینا علمی خطاء اور واقعہ کے سیاق سے صریح انحراف ہے۔ مزید برآں مجمع الزوائد کی روایت میں خود سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما اس امر کی وضاحت کرتے ہیں کہ یہ واقعہ تحکیم کے وقت کا ہے، جس سے اس کی تعیین مزید واضح ہو جاتی ہے۔
❁ کیا سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ بن خطاب کی توہین کی تھی؟
اب یہاں مرزا جی اور ان کے حواری اس روایت کا غلط ترجمہ اور توجیہ پیش کرتے ہیں جیسا کہ پیچھے بیان کیا جا چکا ہے۔ مرزا جی نے اپنے واقعہ کربلا والے پمفلٹ میں اس روایت کا ترجمہ کیا ہے کہ ہم اس کے اور اس کے باپ سے بھی زیادہ اس ( خلافت و اقتدار ) کے مستحق ہیں۔ مرزا جی نے یہاں باطل بریکٹ لگا کر سارے مفہوم کو ہی یکسر بدل ڈالا ہے۔ جو ترجمہ مرزا جی نے کیا ہے اس سے یہ تاثر ابھرتا ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے واقعتاً سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کو دھمکی والے انداز میں کہا کہ ہم تو اس کے سب سے زیادہ اہل ہیں جبکہ مرزا جی نے اپنے اس لفظ خلافت یا اقتدار کی کوئی سند پیش نہیں کی لہٰذا مرزا جی اور ان کے حواریوں کا خلافت کے لفظ سے استدلال بالکل باطل ہے اور حقائق کے منافی ہے۔ جبکہ یہاں قرائن و شواہد اور شروحات کی صحیح اسانید کے مطابق سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے یہاں قصاص عثمان رضی اللہ عنہ کی بابت یہ جملے کہے تھے کہ ہم ( بنو امیہ اور سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ سے قریبی تعلق و رشتے کی بنیاد پر ) اس امر یعنی قصاص کے زیادہ حقدار ہیں۔ اگر مرزا جی اور ان کے حواری واقعتاً وہی مفہوم نکالنا چاہتے ہیں تو جناب سے عرض ہے کہ سیدنا حسنین کریمین رضی اللہ عنہما نے پھر اس پر انہیں ٹوکا کیوں نہیں اور اس سے بڑھ کر سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی بیعت کیوں کی؟ امت کی زمام حکومت ایسے انسان کو کیوں تھمائی جو ان کے والد سیدنا علی رضی اللہ عنہ یا والد کے داماد سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کی سرعام توہین کرتا رہا؟ یہ سوالات مرزا جی اور ان کی روحانی ذریت پر قرض ہیں۔ اور یہاں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے جو جملے کہے ہیں ان سے اہل علم کے لیے سمجھنے والے کچھ نکات ہیں وہ یہ ہیں کہ؛-
➢ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے یہاں کسے مراد لیا ؟
➢ جسے مراد لیا تھا اس کے باپ کا تذکرہ کس معنی میں ہے ؟
➢ جس معاملے کے متعلق بات کی وہ معاملہ کونسا تھا ؟
◈ جوابِ اول سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی مراد؛-
بعض لوگ اس عبارت سے مراد سیدنا حسن رضی اللہ عنہ اور ان کے والد سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو لیتے ہیں اور بعض اسے سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما اور ان کے والد سیدنا عمر رضی اللہ عنہ پر محمول کرتے ہیں۔ یہ دونوں احتمالات بلا دلیل اور بے بنیاد ہیں کیونکہ روایت میں کسی شخصیت کی صراحت موجود نہیں لہٰذا بغیر نص کے تعیین کرنا اصولِ حدیث کے خلاف ہے۔ اب اگر کوئی یہ اشکال کرے کہ جب اشارہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کی جانب نہیں تھا تو سیدنا حبیب بن مسلمہ رضی اللہ عنہ نے انہی سے جواب دینے کی وجہ کیوں پوچھی؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ اس واقعہ کے راوی خود سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما ہیں اس لیے سوال بھی انہی سے کیا گیا۔ مزید یہ کہ وہ اس موقع پر موجود بھی تھے اور عمر و مرتبہ کے اعتبار سے بھی نمایاں تھے اس لیے انہی سے استفسار کیا گیا۔ لہٰذا جب روایت اس تعیین کے بارے میں خاموش ہے تو محض قیاسات اور احتمالات کی بنیاد پر کسی خاص شخصیت کو مراد لینا درست نہیں بلکہ سلف کا منہج یہی ہے کہ جہاں نص خاموش ہو وہاں سکوت اختیار کیا جائے اور بے دلیل تعیین سے اجتناب کیا جائے۔
◈ جوابِ دوم باپ کا تذکرہ کس معنیٰ میں ہے؟
سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے یہاں عام اسلوبِ عرب کے مطابق ایک محاوراتی اور مبالغہ آمیز طرزِ کلام اختیار کیا ہے جس میں تاکید کے لیے باپ کا ذکر بھی شامل کر دیا جاتا ہے۔ اہلِ عرب بسا اوقات اظہارِ شدت یا تقویتِ معنی کے لیے اس طرح کے الفاظ استعمال کرتے ہیں، جیسے کہا جاتا ہے فُلَانٌ أَفْضَلُ مِنْكَ وَمِنْ أَبِيكَ ( فلاں تم سے اور تمہارے باپ سے زیادہ افضل ہے ) جس کا ظاہری مفہوم اگرچہ باپ پر فضیلت کا تقاضا کرتا ہے مگر در حقیقت یہ محض محاورہ اور اسلوبِ تاکید ہوتا ہے نہ کہ حقیقی موازنہ، اسی طرح ایک روایت میں مذکور ہے کہ سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے سیدنا عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما سے فرمایا وَاللَّهِ لَأَنَا أَفْقَهُ مِنْكَ وَمِنْ أَبِيكَ ( اللہ کی قسم! میں تم سے اور تمہارے باپ سے زیادہ فقیہ ہوں ) [كتاب انساب الاشراف للبلاذری 4/54]
تو یہاں بھی حقیقتاً سیدنا زبیر بن العوام رضی اللہ عنہ جیسے جلیل القدر صحابی پر فضیلت مراد لینا ہرگز مقصود نہیں بلکہ یہ محاوراتی اسلوب ہے جس کے ذریعے کلام میں قوت پیدا کی جاتی ہے۔ لہٰذا اسی اصول کو سامنے رکھتے ہوئے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے کلام کو بھی محض ظاہری الفاظ پر محمول کرنا اور اس سے غیر مراد معنی اخذ کرنا علمی دیانت کے خلاف ہے بلکہ اسے عربی اسلوبِ بیان اور قرائن کے مطابق سمجھنا ہی درست طریقہ ہے۔ بصورتِ دیگر محاورات کو حقیقت پر محمول کرنا غلط فہمی اور غیر علمی تاویل کا سبب بنتا ہے۔ یہی وہ پہلو ہے جسے نظر انداز کر کے مرزا جہلمی جیسے لوگ غیر مستند مفاہیم اخذ کرتے ہیں حالانکہ اصول محدثین کا تقاضا یہی ہے کہ الفاظ کو ان کے عرف، سیاق اور استعمال کے مطابق سمجھا جائے نہ کہ مجرد ظاہر پر اصرار کر کے نتائج اخذ کیے جائیں۔
❁ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بولے گئے عربی محاورات؛-
❶ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم حج سے پلٹے تو بتایا گیا کہ ام المؤمنین سیدہ حفصہ رضی اللہ عنہا حائضہ ہو گئی ہیں اور ابھی انہوں نے طواف افاضہ نہیں کیا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پریشانی کے عالم میں یہ جملے کہتے ہیں کہ ”عَقْرَى حَلْقَى“ کونچیں کاٹی، سر منڈی، تیری کونچیں کاٹی جائیں اور تیرا سر مونڈ دیا جائے۔ [صحيح البخاری 1561، 1762]
اب کوئی بھی صحیح راسخ العقیدہ سنی مسلمان یہاں وہ معنی نہیں کرے گا جو اس کا لفظی معنی بنتا ہے بلکہ اسے محاورے پر ہی محمول کرے گا۔
❷ سیدنا ابوذر غفاری رضی اللہ عنہ کے واقعہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ”ثَكِلَتْكَ أُمُّكَ أَبَا ذَرٍّ لِأُمِّكَ الْوَيْلُ“ ( اے ابوذر! تیری ماں تجھے کھو دے، تیری ماں کے لیے ہلاکت ہو ) [سنن ابوداؤد 332 وسندهُ صحيح]
عربی محاورات میں سے ہے جو حقیقتاً بد دعا کے لیے نہیں بلکہ تنبیہ، تعجب یا توبیخ کے اسلوب کے طور پر بولا جاتا ہے اور اس کا حقیقی معنی مراد لینا اہلِ علم کے نزدیک درست نہیں۔ چنانچہ اصولِ محدثین کے مطابق اس طرح کے الفاظ کو ان کے عرفی اور محاوراتی استعمال پر محمول کیا جاتا ہے نہ کہ ظاہری معنی پر۔ لہٰذا اگر کوئی ان الفاظ کو حقیقی بد دعا سمجھ کر ترجمہ کرے تو لازم آئے گا کہ وہ دیگر صحیح احادیث میں وارد اسی اسلوب کو بھی اسی معنی پر لے جس سے جلیل القدر صحابہ رضی اللہ عنہم کی شان میں نامناسب مفاہیم پیدا ہوں گے۔ حالانکہ اہلِ علم کے ہاں یہ بات متفق علیہ ہے کہ یہ الفاظ محض اسلوبِ کلام ہیں۔ اس لیے ان کا ظاہری ترجمہ لے کر نتائج اخذ کرنا علمی اصولوں کے خلاف ہے اور اسی سے واضح ہوتا ہے کہ محاوراتِ عرب کو سمجھے بغیر مفہوم اخذ کرنا کس قدر سنگین غلطی کا باعث بنتا ہے۔
❸ سیدنا ابوذر غفاری رضی اللہ عنہ کو مخاطب کر کے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”رَغْمَ أَنْفِ أَبِي ذَرٍّ“ ( ابوذر کی ناک خاک آلود ہو جائے )[صحيح البخاری 5827]
حالانکہ یہ الفاظ عربی محاورہ ہیں جو حقیقتاً ذلت کی دعا کے لیے نہیں بلکہ تنبیہ اور تاکید کے اسلوب کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔ اسی طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”رَغْم أَنْفِ الشَّيْطَانِ“ ( شیطان کی ناک خاک آلود ہو ) [سنن ابن ماجه 1210 وسندهُ صحيح]
جس سے مراد اس کی تذلیل و تحقیر ہے۔ لہٰذا جب یہ اسلوب دیگر مقامات پر محاوراتی طور پر سمجھا جاتا ہے تو پھر سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے قول کو بھی اسی اصول کے تحت سمجھنا چاہیے، نہ کہ اسے ظاہری معنی پر محمول کر کے غیر مراد مفہوم اخذ کیا جائے کیونکہ یہی طرزِ فہم اصولِ حدیث اور اسلوبِ عرب دونوں کے مطابق ہے۔
مشہور لغوی، ابو منصور ازہری ایسے کلمات کے بارے میں مستند لغوی ابو عبید رحمہ اللہ سے نقل کرتے ہیں کہ اس قصے ایسی باتیں عرب تہذیب کا حصہ ہیں وہ کسی کے بارے بد دعا کے الفاظ کہتے ہیں لیکن اس کے وقوع کا ارادہ نہیں رکھتے یعنی بد دعا کا پورا ہونا مراد نہیں ہوتا یا ان الفاظ کا اس کے معنیٰ کے مطابق مراد لینا نہیں ہوتا تھا۔ [تهذيب اللغة 1/145]
امام ابن بطال رحمہ اللہ ایک عبارت کی تشریح میں بیان کرتے ہیں کہ اس سے بد دعا مراد نہیں ہوتی بلکہ تعریف کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جیسے کوئی عمدہ شعر کہے تو عرب کہتے ہیں کہ اللہ اسے مارے اس نے عمدہ شعر کہا۔ [شرح صحيح البخاری لابن البطال 9/329]
◈ جوابِ سوم جس معاملے کے متعلق بات کی گئی وہ معاملہ کونسا تھا؟
یہاں ایک نہایت اہم نکتہ قابلِ غور ہے کہ مرزا صاحب اور ان کے متبعین اس روایت میں وارد لفظ ”امر“ سے خلافت و اقتدار مراد لینے کی کوشش کرتے ہیں۔ حالانکہ اس دعوے پر ان کے پاس نہ کوئی صریح دلیل موجود ہے، نہ کوئی معتبر قرینہ اور نہ ہی سلفِ امت کی کوئی ایسی تفسیر منقول ہے جو ان کے موقف کی تائید کرتی ہو۔ اس کے برعکس قرائنِ حالیہ، شواہدِ تاریخیہ اور آثارِ سلف اس بات پر دلالت کرتے ہیں کہ یہاں ”امر“ سے مراد منصبِ خلافت یا طلبِ اقتدار نہیں بلکہ خونِ عثمان رضی اللہ عنہ کا قصاص اور اس کے مطالبے کا معاملہ ہے۔ کیونکہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا موقف آغاز ہی سے یہی تھا کہ قاتلانِ عثمان رضی اللہ عنہ کو شرعی سزا دی جائے اور شہیدِ مظلوم کے خون کا قصاص لیا جائے۔ لہٰذا جب آپ رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ ”میں اس معاملے کا ہر بولنے والے اور اس کے باپ سے زیادہ حقدار ہوں“۔ تو اس سے مراد خلافت کا استحقاق نہیں بلکہ قصاصِ عثمان رضی اللہ عنہ کا مطالبہ تھا کیونکہ آپ رضی اللہ عنہ بحیثیتِ ولی عثمان رضی اللہ عنہ اس معاملے میں دوسروں کی نسبت زیادہ حق رکھتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ آئمہ شرحِ حدیث نے بھی اس عبارت کو اسی معنیٰ پر محمول کیا ہے۔ چنانچہ امام بدر الدین عینی رحمہ اللہ اس روایت کی شرح کرتے ہوئے رقم طراز ہیں کہ سیدنا معاویہ بن ابوسفیان رضی اللہ عنہ، سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کے ولی تھے اور ان کے خون کے قصاص کے طالب تھے لہٰذا اس مسئلے میں تمام لوگوں سے بڑھ کر قصاصِ عثمان رضی اللہ عنہ کے حقدار تھے۔ [عمدة القاری 85/17]
پس جب خود آئمہ فن نے اس روایت کا مفہوم واضح کر دیا اور تاریخی قرائن بھی اسی کی تائید کرتے ہیں تو لفظِ ”امر“ کو زبردستی خلافت و اقتدار کے معنیٰ پر محمول کرنا محض ایک تکلفِ بے دلیل اور نصوص کو اپنے پیشگی نظریے کے تابع بنانے کی ناکام کوشش ہے، جس کا علمی تحقیق اور منہجِ محدثین سے کوئی تعلق نہیں۔