سیدنا معاویہؓ کا قبولِ اسلام: ”طلقاء“ والے اعتراض کا جائزہ

Read in English
فونٹ سائز:
یہ اقتباس حافظ ابو معاویہ عبدالرحمٰن سلفی حفظہ اللہ کی کتاب دفاع سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ سے ماخوذ ہے۔

❶ امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے قبولِ اسلام سے متعلق اعتراضات کا جائزہ

جب تاریخ کے اوراق کھولے جاتے ہیں تو کچھ چہرے روشن ستاروں کی طرح جگمگاتے ہیں اور کچھ آنکھیں ایسی بھی ہوتی ہیں جو روشنی سے خائف ہو کر گرد اُچھالنے لگتی ہیں۔ خاندانِ بنو اُمیہ کے ذکر پر جو گرد اُڑائی جاتی ہے اس میں ایک الزام یہ بھی ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو ”طلقاء“ میں اس انداز سے شمار کیا جاتا ہے گویا ان کا اسلام کوئی کم تر درجے کا اسلام تھا نعوذ باللہ۔ سوال یہ ہے کہ کیا فتح مکہ پر اسلام قبول کرنا جرم تھا یا پھر وہ ساعتِ سعادت تھی جس میں رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے عفو و درگزر کا ایسا دریا بہایا جس کی مثال تاریخِ انسانی پیش نہ کر سکی؟ فتح مکہ کے موقع پر جن جلیل القدر اصحاب نے اسلام قبول کیا تھا ان میں سیدنا ابو سفیان رضی اللہ عنہ، سیدنا ابو سفیان بن حارث رضی اللہ عنہ، سیدنا عباس رضی اللہ عنہ، سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ، سیدنا ابو قحافہ رضی اللہ عنہ، سیدنا عقیل رضی اللہ عنہ، سیدہ ام ہانی رضی اللہ عنہا اور دیگر کئی نفوسِ قدسیہ شامل ہیں۔ مگر تعجب یہ ہے کہ طعن کا تیر فقط سیدنا ابو سفیان رضی اللہ عنہ اور ان کی اولاد کی طرف کیوں پھینکا جاتا ہے؟ کیا اس کی وجہ محض یہ نہیں کہ بنو اُمیہ کے عہد میں اسلام کو عالمی وسعت، سیاسی استحکام اور عسکری فتوحات کا وہ عروج نصیب ہوا جس نے دشمنانِ اسلام کو بے چین کر دیا؟ یہاں اصل بحث یہ ہے کہ کسی کے اسلام کی قدر و قیمت کا معیار کیا ہے کیا وہ وقتِ قبولیت ہے یا پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تصدیق اور رضامندی؟ قرآنِ کریم اعلان کرتا ہے کہ ”تم آگ کے گڑھے کے کنارے کھڑے تھے اللہ نے تمہیں اس سے بچالیا“۔ [آل عمران 103]
وہی عرب جو کل تک ایک دوسرے کے خون کے پیاسے تھے اور آج اسلام کی اخوت میں شیر و شکر ہو گئے اب کیا ان میں وہ لوگ شامل نہ تھے جو فتح مکہ پر ایمان لائے؟ صحیح البخاری ( 4838 ) کی روایت اس حقیقت پر مہر ثبت کرتی ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو اس وقت تک وفات نہیں دے گا جب تک عرب کی ٹیڑھی قوم کو سیدھی راہ پر نہ لے آئے یعنی جو مقصدِ نبوت و ہدایت تھا جب تک وہ پایہ تکمیل تک نہ جا پہنچا اللہ نے آخری نبی کو تب تک رفیق اعلیٰ سے ملایا نہیں۔ اور جب ہدایت حاصل ہو گئی تو کیا اس پر شک کرنا ایمان کے منافی نہیں؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عام معافی کا اعلان فرما کر معاف کیا اور سیدنا ابو سفیان رضی اللہ عنہ کے گھر کو دار الامان قرار دیا۔ [صحيح مسلم 4622]
جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایمان کو قبول کر لیا، جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی کے اسلام کو معیوب قرار نہ دیا تو بعد کے لوگوں کو یہ حق کس نے دیا کہ وہ نیتوں کا احتساب کریں؟ یہ حقیقت بھی ذہن نشین رہے کہ فتوحات کا دارومدار افراد کی ذات پر نہیں بلکہ عقیدۂ توحید پر تھا۔ بنو اُمیہ کا دور ہو یا اس سے پہلے کا یا بعد کا عزت اسی کو ملی جس نے لا إله إلا الله کا پرچم بلند رکھا۔ تاریخ کا انصاف یہ ہے کہ صحابہ رضی اللہ عنہم کے درمیان پیش آنے والے اختلافات کو سیاسی و اجتہادی دائرے میں دیکھا جائے نہ کہ ایمان و نفاق کی کسوٹی پر۔ کیونکہ ایمان کا فیصلہ زمین والے نہیں آسمان والا کرتا ہے اور اس نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے ایمان کو یوں کہہ کر قبول کیا کہ اگر تم ( بعد والے ) ایمان لانا چاہتے ہو تو ایسے لاؤ جیسے یہ ( صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ) لائے۔ [البقره 137]
پس جو شخص یہ سمجھ لے کہ اسلام کی قبولیت کا معیار اللہ و رسول کی رضا ہے اور صحابہ رضی اللہ عنہم کی عدالت اہلِ سنت کے نزدیک مسلم ہے وہ منفی پروپیگنڈا اور جذباتی بیانیوں کے پیچھے چھپے تعصبات کو بخوبی پہچان لے گا۔ اختلاف رائے ہو سکتا ہے، تحقیق بھی ہو سکتی ہے مگر کردار کشی اور ایمان پر حملہ، یہ تحقیق و جستجو کا اسلوب نہیں بلکہ دل کی کدورت کا اظہار ہوتا ہے۔
جب فتح مکہ کا سورج طلوع ہوا تو وہ محض ایک سیاسی فتح نہ تھی بلکہ ربِّ کائنات کی طرف سے ایک آسمانی تصدیق تھی۔ اسی موقع پر سورۃ النصر نازل ہوئی کہ ”اے نبی! ہم نے آپ کو کھلم کھلی فتح عطا فرمائی ہے اب آپ دیکھیں گے کہ لوگ جوق در جوق اللہ کے دین میں داخل ہوں گے پس اب آپ اپنے رب کی حمد بیان کریں اور اس سے استغفار فرمائیں“۔ یہ اعلان تھا کہ لوگ جوق در جوق اسلام میں داخل ہو رہے ہیں، یہ بشارت تھی کہ مشنِ نبوت اپنی تکمیل کی طرف بڑھ چکا ہے اور اسی نعمت پر اللہ تعالیٰ اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کو تسبیح اور استغفار کا حکم دے رہا ہے۔ اب سوال تو یہ ہے کہ جب خود قرآن اس اجتماعی قبولِ اسلام کو نصرتِ الٰہی قرار دے رہا ہے تو بعد کے لوگوں کو یہ اختیار کس نے دیا کہ وہ ان ایمان لانے والے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے اخلاص پر سوال اٹھائیں؟ بنو امیہ کی طرف سے فتح مکہ پر ایمان لانے والے خوش نصیبوں میں سے بڑے ناموں میں سیدنا ابو سفیان رضی اللہ عنہ اور سیدہ ہند رضی اللہ عنہا بنت عتبہ بھی شامل ہیں۔ اگر فتح مکہ پر اسلام قبول کرنا معیوب ہوتا تو کیا قرآن خاموش رہتا؟ کیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اعلانِ برأت نہ فرما دیتے؟
یاد رکھئے! سابقون الاولون کے خاندانوں میں بھی کئی نفوس ایسے تھے جنہوں نے فتح مکہ پر اسلام قبول کیا۔ خود بنو ہاشم میں سے سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی ہمشیرہ سیدہ ام ہانی رضی اللہ عنہا بنت ابی طالب، سیدنا ابو سفیان بن حارث رضی اللہ عنہ، سیدنا عباس رضی اللہ عنہ بن عبد المطلب، سیدنا عقیل رضی اللہ عنہ بن ابی طالب وغیرہ پر جب کوئی طعن نہیں تو پھر سوال یہ ہے کہ اعتراض کی تلوار صرف سیدنا ابو سفیان رضی اللہ عنہ اور بنو امیہ ہی کی طرف کیوں اٹھتی ہے؟ کیا انصاف کا تقاضا یہ نہیں کہ معیار اپنوں غیروں سب کے لیے یکساں ہو؟ سیدنا ابو سفیان رضی اللہ عنہ نے اسلام کے لیے اپنی دونوں آنکھوں کی بینائی قربان کی۔ یہ وہ شخص ہے جس نے اسلام کو دو ایسے سپہ سالار عطا کیے کہ ( سیدنا یزید بن ابو سفیان رضی اللہ عنہ اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ ) جنہوں نے اسلامی سلطنت کی سرحدوں کو غیر معمولی وسعت دی اور اُس وقت کی عالمی قوتوں کے سامنے اسلام کا پرچم سربلند کیا۔ جب سیدہ ہند رضی اللہ عنہا بنت عتبہ بیعت کے لیے حاضر ہوئیں تو کیا نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے اسلام کو معیوب کہا یا انہیں طعن کا نشانہ بنایا؟ ہرگز نہیں۔ صحیح البخاری ( 3825 ) میں وارد ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ کی قسم کھا کر بنو امیہ کے بارے میں عزت و محبت کا اظہار فرمایا۔ یہ طرزِ عمل اس بات کی دلیل ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایمان کو قبول کیا، دلوں کا حال اللہ کے رضی الله عنهم کے فیصلے سے جوڑ دیا اور ماضی کو عفو و درگزر کی چھاؤں میں ڈھانپ دیا۔ اگر فتح مکہ کا اسلام نا قابلِ اعتبار ہوتا تو اعلان اسی دن ہو جاتا مگر تاریخ گواہ ہے کہ ایسا کوئی اعلان نہ ہوا۔ مزید برآں، یہ بھی واضح رہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا اسلام فتح مکہ سے قبل کا ہے لہٰذا انہیں طلقاء میں شامل کر کے ان کے ایمان کو کم تر دکھانا تاریخی و تحقیقی دونوں حوالوں سے محلِ نظر ہے۔

❁ امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے قبولِ اسلام پر دلائلِ صحیحہ و اقوالِ آئمہ کی روشنی میں جامع و محققانہ تجزیہ؛-

صحیح و راجح قول یہی ہے کہ امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے اسلام صلح حدیبیہ کے بعد قبول کر لیا تھا۔ امام ابن اثیر الجزری رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے خود فرمایا کہ انہوں نے عمرۃ القضاء کے موقع پر اسلام قبول کیا تھا اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے حالتِ اسلام میں ملاقات کی تھی جبکہ اپنے اسلام کو اپنے والدین سے مخفی رکھا۔ [اسد الغابة لابن الاثير الجزری 4977]
اسی طرح شمس الدین الذہبی رحمہ اللہ نقل کرتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے عمرۃ القضاء پر اسلام قبول کیا۔ [دوَل الاسلام للذهبی 1/28]
اور امام ابن کثیر رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ انہوں نے عمرۃ القضاء کے موقع پر اسلام قبول کیا مگر اپنے والد سے اسے مخفی رکھا اور جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مرحبا فرمایا اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مکہ میں داخل ہوئے تو میں آپ کی تصدیق کرنے والا تھا۔ [البداية والنهاية 8/117، سير اعلام النبلاء للذهبی 3/122]
نیز امام ابن حجر العسقلانی رحمہ اللہ نے تصریح کی کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے فتح مکہ سے قبل اسلام قبول کیا تھا بلکہ ایک مقام پر عمرۃ القضاء سے قبل اسلام لانے کا بھی ذکر کیا ہے۔ [الاصابة فی تمييز الصحابة لابن حجر العسقلانی 8071، تقريب التهذيب لابن حجر العسقلانی 6758]
اور خطیب بغدادی نے بھی یہی لکھا کہ وہ عمرۃ القضاء کے موقع پر مسلمان ہوئے۔ [تاريخ دمشق لابن عساكر 59/62]
جبکہ امام ابن سعد رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ صلح حدیبیہ کے بعد ایمان لائے مگر اسے ظاہر نہ کیا حتیٰ کہ فتح مکہ کے دن اپنے والد سیدنا ابو سفیان رضی اللہ عنہ کے ساتھ حاضر ہو کر اعلان کیا جس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مرحبا فرمایا۔ [طبقات الكبریٰ لابن سعد 7/285]
مزید برآں صحیح احادیث سے بھی اس کی تائید ہوتی ہے کیونکہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے مروہ پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بال تراشے تھے۔ [صحيح البخاری 1730]
جبکہ یہ واقعہ حجۃ الوداع کا نہیں بلکہ عمرۃ القضاء کا ہے کیونکہ حجۃ الوداع میں بال منڈوانے اور تقسیم کرنے کا واقعہ سیدنا ابو طلحہ رضی اللہ عنہ کے ساتھ ثابت ہے۔ [صحيح البخاری 4411، صحيح مسلم 1305] نیز خود سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بال عمرے کے موقع پر تیر کے ذریعے تراشے تھے۔ [سنن النسائی 2990 واسناده صحيح]
اس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ اس وقت مسلمان تھے اور خدمت میں حاضر تھے اور امام ابن حجر العسقلانی رحمہ اللہ نے بھی فتح الباری میں اسی حدیث کے تحت یہی تطبیق ذکر کی ہے۔ [فتح الباری بشرح صحيح البخاری لابن حجر العسقلانی تحت الحديث 1730]
اسی طرح شمس الدین الذہبی رحمہ اللہ نے یہ بھی نقل کیا کہ ایک قول کے مطابق وہ اپنے والد سیدنا ابوسفیان رضی اللہ عنہ سے پہلے ہی عمرۃ القضاء کے وقت اسلام لا چکے تھے مگر خوف کی وجہ سے اپنے اسلام کو ظاہر نہ کرتے تھے یہاں تک کہ فتح مکہ کے موقع پر اسے ظاہر کیا۔ [سير اعلام النبلاء للذهبی 3/120]
لہٰذا اقوال میں تطبیق یہی ہے کہ انہوں نے صلح حدیبیہ اور عمرۃ القضاء کے درمیان اسلام قبول کیا اور فتح مکہ کے دن اس کا اظہار کیا اور یہی راجح و محقق قول ہے اس کے برخلاف جو اقوال انہیں فتح مکہ کے وقت اسلام لانے والا بتاتے ہیں وہ در حقیقت اظہارِ اسلام پر محمول ہیں نہ کہ اصل قبولِ اسلام پر اور یہی تطبیق آئمہ تحقیق کے کلام سے واضح ہوتی ہے البتہ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ بعض مؤرخین نے اس باب میں مختلف اور کمزور اقوال نقل کیے جس سے سیرت کے بیان میں اضطراب پیدا ہوا۔ اس لیے ضروری ہے کہ اس مسئلہ کو صحیح روایات اور اقوالِ آئمہ کی روشنی میں سمجھا جائے تا کہ حقیقت واضح ہو سکے۔ بعض تاریخی مصادر اور آراء کا ناقدانہ جائزہ لینے سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ امیر المؤمنین سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی سیرت کے بیان میں یکسانیت نہیں رہی بلکہ بعض روایات اور تعبیرات میں ان کے مقام و مرتبہ کو کم تر ظاہر کرنے کا رجحان بھی ملتا ہے، جس کے اسباب میں غیر محقق نقل، ضعیف روایات پر اعتماد اور بعد کے فکری و سیاسی اثرات شامل ہو سکتے ہیں۔ چنانچہ جب ایسی منقولات کو بغیر تحقیق اختیار کیا جاتا ہے تو اصل تاریخی تصویر دھندلا جاتی ہے اور اس میں صرف بیرونی اثرات ہی نہیں بلکہ داخلی سطح پر بھی عدمِ تحقیق اور روایت کی غیر تنقیدی قبولیت کا کردار ہوتا ہے۔ لہٰذا علمی دیانت کا تقاضا یہی ہے کہ سیرتِ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سمیت دیگر اکابر صحابہ رضی اللہ عنہم کے حالات کو مستند روایات، صحیح اسانید اور اصولِ نقد کے تحت پرکھا جائے تا کہ حقیقت اپنی اصل صورت میں سامنے آ سکے اور افراط و تفریط دونوں سے بچا جا سکے۔