«يخادعون الله وهو خادعهم» کا مفہوم کیا ہے؟

فونٹ سائز:
یہ تحریر علمائے حرمین کے فتووں پر مشتمل کتاب 500 سوال و جواب برائے عقیدہ سے ماخوذ ہے جس کا ترجمہ فضیلۃ الشیخ مولانا محمد یاسر عرفات حفظہ اللہ نے کیا ہے۔

60- يُخَادِعُونَ اللَّهَ وَهُوَ خَادِعُهُمْ کا مفہوم کیا ہے؟

اہل سنت کا یہ عقیدہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی وہی صفات ذکر کی جائیں جو اللہ تعالیٰ نے خود بیان فرمائی ہیں یا جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بیان فرمائی ہیں۔ ان میں کسی قسم کی تحریف کی کوئی گنجائش نہیں اور انھیں ظاہری معنی پر محمول کیا جائے گا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنی ذات کو دوسروں سے زیادہ جانتا ہے اور جو صفات اس کے لائق ہیں وہی بیان کی ہیں اور اس وجہ سے بھی کہ اللہ تعالیٰ کی بات سچی ہے اور اس کا کلام سب سے فصیح اور واضح بھی ہے۔ اس سے مقصود تو لوگوں کی ہدایت و راہنمائی ہے اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم بھی اللہ تعالیٰ کو باقی لوگوں سے زیادہ جاننے والے ہیں۔ آپ کا کلام تمام مخلوق سے سچا بھی اور واضح بھی اور آپ کا مقصد لوگوں کو گمراہی سے بچانا اور راہ راست کی طرف لانا ہے۔ جب کسی کلام میں چار چیزیں: علم، صدق، فصاحت اور ارادہ خیر موجود ہوں تو وہ اپنے معنی و مفہوم پر دلالت کرنے میں انتہا کو پہنچا ہوا ہوتا ہے۔ اس کو ظاہری معنی سے کسی اور معنی کی طرف پھیرنا درست نہیں ہوتا۔
اسی قاعدے کی بنا پر ہمارا یہ خیال ہے کہ اللہ تعالیٰ کی تمام صفات کو اپنے ظاہری مفہوم پر ہی رکھا جائے۔ مذکورہ بالا آیت میں اللہ تعالیٰ منافقین کا کردار ذکر فرما رہے ہیں:
يُخَادِعُونَ اللَّهَ وَهُوَ خَادِعُهُمْ [النساء: 142]
”اللہ سے دھوکا بازی کر رہے ہیں، حالانکہ وہ انھیں دھوکا دینے والا ہے۔“
اس میں اللہ تعالیٰ نے یہ بات بیان فرمائی ہے کہ جو یہ دھوکا اور مکر و فریب سے کام لے رہے ہیں، وہ اللہ تعالیٰ کی تدبیر، جو ان کے خلاف کرنے والا ہے، اس سے کہیں کم و تھوڑا ہے۔ اس کی مثال ایسے ہی ہے جیسے اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے:
وَيَمْكُرُونَ وَيَمْكُرُ اللَّهُ وَاللَّهُ خَيْرُ الْمَاكِرِينَ [الأنفال: 30]
”اور وہ خفیہ تدبیر کر رہے تھے اور اللہ بھی خفیہ تدبیر کر رہا تھا اور اللہ سب خفیہ تدبیر کرنے والوں سے بہتر تدبیر کرنے والا ہے۔“
”خداع“ یہ اللہ تعالیٰ کا مطلق وصف نہیں ہے۔ یہ تو دھوکا دینے والوں کے مقابلے میں بولا جاتا ہے تاکہ ان پر یہ واضح ہو جائے کہ اللہ تعالیٰ ان سے زیادہ طاقت و قدرت رکھنے والا ہے۔ اس سے اللہ تعالیٰ کی قوت اور مدمقابل کی کمزوری واضح ہوتی ہے۔ اس سے اللہ تعالیٰ کی ذات میں کسی قسم کا کوئی نقص اور عیب ثابت نہیں ہوتا۔
یہی معاملہ لوگوں میں بھی پایا جاتا ہے۔ ایک آدمی دوسرے کو دھوکا دینے کی کوشش کرتا ہے اور دوسرا اس سے زیادہ قوی اور طاقت ور ہوتا ہے جو اس کے دھوکے سے محفوظ رہتا ہے۔ لوگوں کو یہ علم ہو جاتا ہے کہ یہ اس سے زیادہ علم و قدرت رکھنے والا ہے۔ صفت خداع دھوکا دینے والے کے مقابلے میں ہو تو یہ صفت کمال ہے، کسی قسم کا نقص نہیں ہے۔
مشہور ہے کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ عمرو بن ود کے مقابلے میں نکلے تو فرمایا: ”میں تو ایک آدمی سے مقابلے کے لیے آیا ہوں دو کے لیے نہیں“ عمرو نے سمجھا شاید کوئی دوسرا آدمی بھی ساتھ آ گیا ہے۔ اس نے پیچھے مڑ کر دیکھا تو حضرت علی رضی اللہ عنہ نے اتنے میں اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ یہ ایسا دھوکا ہے جو شریعت میں جائز اور درست ہے، کیونکہ لڑائی میں دھوکا جائز ہے۔ عمرو بن ود حضرت علی رضی اللہ عنہ کو قتل کرنا چاہتا تھا، لہٰذا دھوکا کی یہ صورت حضرت علی رضی اللہ عنہ کے اپنے دشمن کے مقابلے میں زیادہ طاقتور ہونے کی دلیل ہے۔
یہی وجہ ہے کہ خداع، مذاق، مکر اور کید جو اللہ تعالیٰ نے اپنے لیے صفات بیان کی ہیں، یہ تو صرف ایسا کرنے والوں کے مقابلے ہی میں استعمال ہوتی ہیں۔ اسی لیے ہم اس مسئلے کی طرف متوجہ کرنا چاہتے ہیں کہ خیانت خداع کی طرح نہیں ہے، لہٰذا یہ کہنا درست نہیں: ”جو اللہ تعالیٰ سے خیانت کرتا ہے اللہ تعالیٰ بھی اس سے خیانت کرتا ہے۔“ اس لیے اللہ تعالیٰ کی صفت ”خیانت“ ذکر کرنا درست نہیں۔ اسی وجہ سے تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَإِنْ يُرِيدُوا خِيَانَتَكَ فَقَدْ خَانُوا اللَّهَ مِنْ قَبْلُ فَأَمْكَنَ مِنْهُمْ [الأنفال: 71]
”اور اگر وہ تجھ سے خیانت کا ارادہ کریں تو بے شک وہ اس سے پہلے اللہ سے خیانت کر چکے ہیں، تو اس نے ان پر قابو دے دیا۔“
یہاں ”خَانَهُمْ“ (ان سے خیانت کی) کا لفظ استعمال نہیں کیا، کیونکہ یہ صفت مذمومہ ہے جو اللہ تعالیٰ کے لائق ہی نہیں۔ (ابن عثیمین: نور علی الدرب: 45/7)