میت جوتوں کی آہٹ سنتی ہے: حدیث انسؓ اور امام قتادہؒ کی توثیق

فونٹ سائز:
یہ اقتباس علامہ غلام مصطفٰی ظہیر امن پوری حفظہ اللہ کی کتاب عذاب قبر سے ماخوذ ہے۔

حدیث انس بن مالک رضی اللہ عنہ

(21) سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
اَلْعَبْدُ إِذَا وُضِعَ فِي قَبْرِهٖ، وَتُوُلِّيَ وَذَهَبَ أَصْحَابُهٗ حَتّٰى إِنَّهٗ لَيَسْمَعُ قَرْعَ نِعَالِهِمْ، أَتَاهُ مَلَكَانِ، فَأَقْعَدَاهُ، فَيَقُولَانِ لَهٗ: مَا كُنْتَ تَقُولُ فِي هٰذَا الرَّجُلِ مُحَمَّدٍ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ؟ فَيَقُولُ: أَشْهَدُ أَنَّهٗ عَبْدُ اللّٰهِ وَرَسُولُهٗ، فَيُقَالُ: انْظُرْ إِلٰى مَقْعَدِكَ مِنَ النَّارِ أَبْدَلَكَ اللّٰهُ بِهٖ مَقْعَدًا مِّنَ الْجَنَّةِ، قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: فَيَرَاهُمَا جَمِيعًا، وَأَمَّا الْكَافِرُ أَوِ الْمُنَافِقُ فَيَقُولُ: لَا أَدْرِي، كُنْتُ أَقُولُ مَا يَقُولُ النَّاسُ، فَيُقَالُ: لَا دَرَيْتَ وَلَا تَلَيْتَ، ثُمَّ يُضْرَبُ بِمِطْرَقَةٍ مِّنْ حَدِيدٍ ضَرْبَةً بَيْنَ أُذُنَيْهِ، فَيَصِيحُ صَيْحَةً يَسْمَعُهَا مَنْ يَلِيهِ إِلَّا الثَّقَلَيْنِ.
”جب بندے کو قبر میں رکھ دیا جاتا ہے اور اس کے ساتھی چلے جاتے ہیں، وہ ان کے قدموں کی آواز سن رہا ہوتا ہے۔ اس کے پاس دو فرشتے آتے ہیں، اسے بٹھاتے ہیں اور اس سے کہتے ہیں: تو اس شخص محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق کیا کہا کرتا تھا؟ وہ کہے گا کہ میں گواہی دیتا ہوں وہ اللہ کے بندے اور رسول ہیں، کہا جائے گا: اپنا ٹھکانہ جہنم میں دیکھ لو، جس کے بدلے میں آپ کو جنت میں گھر دے دیا گیا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وہ دونوں گھروں کو دیکھ لے گا۔ تو جو کافر یا منافق ہوگا، وہ کہے گا کہ میں بھی وہی کہا کرتا تھا جو لوگ کہتے تھے۔ کہا جائے گا، تو نے نہیں جانا، پھر لوہے کے ہتھوڑے سے اسے مارا جائے گا، وہ چیخ مارے گا، جس کو سوائے جن و انس سب سنیں گے۔“
(صحيح البخاري: 1338، صحيح مسلم: 2870)
❀ صحیح مسلم کے الفاظ ہیں:
إِنَّ الْمَيِّتَ إِذَا وُضِعَ فِي قَبْرِهٖ، إِنَّهٗ لَيَسْمَعُ خَفْقَ نِعَالِهِمْ إِذَا انْصَرَفُوا……
”میت کو جب قبر میں رکھ دیا جاتا ہے تو وہ لوگوں کی واپسی کے وقت ان کے جوتوں کی آواز سنتی ہے۔ ۔ ۔“
❀ حافظ بغوی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
هٰذَا حَدِيثٌ مُتَّفَقٌ عَلٰى صِحَّتِهٖ.
”اس حدیث کے صحیح ہونے پر اتفاق ہے۔“
(شرح السّنة: 415/5)
❀ علامہ ابن قیم رحمہ اللہ نے اس حدیث کو ”متواتر“ قرار دیا ہے۔
(كتاب الرُّوح، ص 100)
امام قتادہ بن دعامہ رحمہ اللہ باجماع محدثین ثقہ و حجت ہیں، آپ سنی مفسر ہیں۔ سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ وغیرہ سے سماع کیا ہے۔ کبار ائمہ حدیث اور شیوخ الاسلام نے آپ سے روایت لی ہے۔
❀ حافظ ذہبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
هُوَ حُجَّةٌ بِالْإِجْمَاعِ إِذَا بَيَّنَ السَّمَاعَ، فَإِنَّهٗ مُدَلِّسٌ مَّعْرُوفٌ بِذٰلِكَ، وَكَانَ يَرَى الْقَدَرَ نَسْأَلُ اللّٰهَ الْعَفْوَ، وَمَعَ هٰذَا، فَمَا تَوَقَّفَ أَحَدٌ فِي صِدْقِهٖ، وَعَدَالَتِهٖ، وَحِفْظِهٖ …… ثُمَّ إِنَّ الْكَبِيرَ مِنْ أَئِمَّةِ الْعِلْمِ إِذَا كَثُرَ صَوَابُهٗ، وَعُلِمَ تَحَرِّيهِ لِلْحَقِّ، وَاتَّسَعَ عِلْمُهٗ، وَظَهَرَ ذَكَاؤُهٗ، وَعُرِفَ صَلَاحُهٗ وَوَرَعُهٗ وَاتِّبَاعُهٗ، يُغْفَرُ لَهٗ زَلَلُهٗ، وَلَا نُضَلِّلُهٗ وَنَطْرَحُهٗ وَنَنْسٰى مَحَاسِنَهٗ، نَعَمْ، وَلَا نَقْتَدِي بِهٖ فِي بِدْعَتِهٖ وَخَطَئِهٖ، وَنَرْجُو لَهُ التَّوْبَةَ مِنْ ذٰلِكَ.
”امام قتادہ رحمہ اللہ سماع کی تصریح کر دیں، تو بالاجماع حجت ہیں، کیونکہ یہ معروف مدلس ہیں۔ آپ رحمہ اللہ تقدیر کے متعلق کچھ پھسل گئے تھے، اللہ ہمیں محفوظ رکھے، لیکن اس کے باوجود کسی امام نے ان کی صداقت، عدالت اور حافظہ میں توقف نہیں کیا۔ …… پھر جب اتنے بڑے عالم کی اچھائیاں زیادہ ہوں، وہ تلاش حق کی جستجو میں رہتا ہو، اس کا علم وسیع ہو، ذہانت بالکل ظاہر ہو، اور اس کی نیکی، تقوی اور اتباع معروف ہو، تو اس کی غلطیاں معاف کر دی جاتی ہیں، ہم اسے گمراہ نہیں کہہ سکتے، اسے ترک نہیں کر سکتے اور اس کے محاسن کا انکار نہیں کر سکتے۔ البتہ اس کی بدعت اور غلطی میں اس کا اتباع نہیں کرتے اور اس کے لیے توبہ کی امید رکھتے ہیں۔“
(سِيَرُ أعلام النّبلاء: 271/5)
قتادہ رحمہ اللہ کے قدری ہونے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ وہ تقدیر کے سرے سے منکر تھے، کیونکہ تقدیر کا منکر تو کافر ہے، بلکہ وہ تقدیر کی تفصیل میں کسی بدعت کا شکار ہو گئے تھے، جو روایت حدیث میں طعن کا باعث نہیں، جیسا کہ علامہ ذہبی رحمہ اللہ کی عبارت سے واضح ہے۔
❀ حافظ ابن عبد الہادی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
قَدْ أَجْمَعَ الْأَئِمَّةُ عَلَى الْاِحْتِجَاجِ بِهٖ، رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَيْهِ.
”امام قتادہ رحمہ اللہ سے حجت پکڑنے پر ائمہ کا اجماع ہے۔“
(طبقات علماء الحديث: 197/1)
❀ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
أَحَدُ الْأَئِمَّةِ الْأَعْلَامِ الْحُفَّاظِ.
”آپ رحمہ اللہ حفاظ اور ائمہ اعلام میں سے تھے۔“
(لسان الميزان: 54/9)
❀ نیز فرماتے ہیں:
أَحَدُ الْأَثْبَاتِ الْمَشْهُورِينَ، كَانَ يُضْرَبُ بِهِ الْمَثَلُ فِي الْحِفْظِ إِلَّا أَنَّهٗ كَانَ رُبَّمَا يُدَلِّسُ.
”امام قتادہ رحمہ اللہ ثقہ مشہور راوی تھے، حافظہ میں آپ کی مثال بیان کی جاتی ہے، البتہ آپ بسا اوقات تدلیس کر لیا کرتے تھے۔“
(هدى الساري، ص 436)
امام قتادہ رحمہ اللہ مدلس ہیں، صحیحین میں مدلسین کی عن والی روایات سماع پر محمول ہوتی ہیں، مزید یہ کہ امام قتادہ رحمہ اللہ نے اس روایت میں سماع کی تصریح کر دی ہے۔
(صحيح مسلم: 2878)
قتادہ بن دعامہ رحمہ اللہ سے یہ حدیث سعید بن ابی عروبہ (بخاری: 1338) اور شیبان بن عبد الرحمن رحمہما اللہ (مسلم: 2870) نے بیان کی ہے۔
امام سعید بن ابی عروبہ رحمہ اللہ کتب ستہ کے راوی ہیں اور ثقہ ثبت ہیں۔ نیز قتادہ کی احادیث میں انتہائی پختہ ہیں۔ کبار ائمہ و محدثین نے ان کی توثیق کی ہے۔ آپ مدلس اور مختلط ہیں۔ صحیحین میں مدلسین کی طرح مختلطین کی روایات بھی قبول ہیں، مختلط کی روایت کو قبل از اختلاط پر محمول کریں گے۔ اس پر سہاگہ یہ ہوا کہ سعید بن ابی عروبہ رحمہ اللہ کی متابعت شیبان بن عبد الرحمن رحمہ اللہ (ثقہ) نے کی ہے، لہٰذا طعن کی کوئی صورت نہیں۔
❀ حافظ ابن عبد البر رحمہ اللہ (463ھ) فرماتے ہیں:
”قتادہ رحمہ اللہ کی سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے مروی یہ حدیث صحیح ہے۔ اس کا مفہوم یہ ہے کہ میت میں روح لوٹائی جاتی ہے اور اس سے قبر میں اس کے رب، دین اور نبی کی بابت سوال و جواب ہوتے ہیں۔ اس کے پاس دو فرشتے آتے ہیں، جن کو اللہ تعالیٰ کافر کے لیے آزمائش بنا دیتا ہے، البتہ مومن کو ثابت قدم رکھتا ہے۔ جب میت میں روح کا لوٹنا ثابت ہو گیا، تو پھر اس بات کا انکار نہیں کیا جا سکتا کہ دفنا کر لوٹنے والوں (کے قدموں کی آہٹ) کو میت سنتی ہے۔ یہ بات ہم نے قیاس یا اجتہاد کی بنا پر نہیں کہی، بلکہ یہ بات ہم نے متواتر احادیث کی روشنی میں کہی ہے، جنہیں ثقہ رواۃ نے نقل کیا ہے، ان کے وطن الگ الگ تھے، علاقے دور دور تھے، سب کی طبیعتیں مختلف تھیں۔ لیکن سب نے فتنہ قبر کے متعلق صحیح احادیث نقل کی ہیں کہ جنہیں کوئی بدعتی، منکر حدیث ہی ٹھکرا سکتا ہے۔ ائمہ مسلمین، فقہائے کرام، محدثین، صحابہ کرام، تابعین عظام اور بعد والوں میں سے کسی نے بھی فتنہ قبر کا انکار نہیں کیا، لہٰذا گمراہ گر اہل بدعت کے نظریات پر دھیان دینے کی کوئی ضرورت نہیں۔“
(الأجوبة عن المسائل المستغربة، ص 188)
❀ امام ابو عمر طلمنکی رحمہ اللہ (429ھ) فرماتے ہیں:
هٰذَا إِسْنَادٌ صَحِيحٌ، مُتَّصِلٌ، أَلَا تَرٰى إِلٰى قَوْلِهٖ: «فَأَقْعَدَاهُ» وَقَوْلِهٖ: «وَيُضْرَبُ بِمِطْرَقَةٍ مِّنْ حَدِيدٍ ضَرْبَةً بَيْنَ أُذُنَيْهِ، فَيَصِيحُ صَيْحَةً» وَهٰذَا كُلُّهٗ يَدُلُّكَ عَلٰى أَنَّ الرُّوحَ يُعَادُ فِيهِ، لَا عَلٰى مَا قَالَ ابْنُ مَيْسَرَةَ الزَّائِغُ، الضَّالُّ الْمُضِلُّ.
”اس حدیث کی سند صحیح متصل ہے۔ کیا آپ فرمان نبوی: ”دونوں فرشتے اسے بٹھاتے ہیں۔“ اور فرمان نبوی: ”لوہے کے ہتھوڑے سے اسے مارا جائے گا، وہ چیخ مارے گا۔“ کی طرف غور نہیں کرتے۔ یہ سب الفاظ دلالت کرتے ہیں کہ قبر میں روح لوٹائی جاتی ہے۔ اس کا وہ معنی نہیں جو ابن میسرہ (ابو عبد اللہ محمد بن عبد اللہ فلاسفی اسماعیلی متوفی: 319ھ) نے کہا ہے، جو منحرف، گمراہ اور گمراہ گر تھا۔“
(كتاب صِفات ربِّ العالمين لابن المُحِبّ المقدسي: 349/1)
❀ علامہ ابن ہبیرہ رحمہ اللہ (560ھ) فرماتے ہیں:
فِي هٰذَا الْحَدِيثِ دَلِيلٌ عَلٰى وُجُوبِ الْإِيمَانِ بِمُنْكَرٍ وَّنَكِيرٍ، وَأَنَّهُمَا يَنْزِلَانِ إِلٰى كُلِّ عَبْدٍ فِي قَبْرِهٖ، وَهُوَ أَوَّلُ بَلْوَى الْآخِرَةِ.
”اس حدیث میں دلیل ہے کہ منکر و نکیر پر ایمان لانا واجب ہے، نیز دلیل ہے کہ یہ دونوں فرشتے ہر انسان کے پاس قبر میں حاضر ہوتے ہیں، یہ آخرت کی پہلی آزمائش ہے۔“
(الإفصاح عن مَعاني الصّحاح: 194/5)