نکاحِ متعہ کی ممانعت
① سیدنا سلمہ بن اکوع رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اوطاس کے سال نکاحِ متعہ (ایک معین مدت کے لیے عورت سے نکاح کرنے) کی اجازت دی تھی، پھر ہمیں اس سے ہمیشہ کے لیے منع فرما دیا۔
مسلم، كتاب النكاح 1405/18۔
② ربیع بن سبرہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نکاحِ متعہ سے منع کیا اور فرمایا:
إنها حرام من يومكم هذا إلى يوم القيامة ، ومن كان أعطى شيئا فلا يأخذه
”یہ آج کے دن سے لے کر روزِ قیامت تک کے لیے حرام ہے۔ اگر کسی نے کوئی چیز دے دی ہو، تو وہ اسے واپس نہ لے“۔
مسلم، كتاب النكاح 1406/28۔
③ محمد بن حنفیہ سے روایت ہے کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے غزوہ خیبر کے موقع پر عورتوں سے متعہ کرنے اور پالتو گدھوں کا گوشت کھانے سے منع فرمایا تھا۔
بخاری، کتاب النكاح 5115۔ مسلم، كتاب النكاح 29 / 1407۔ ترمذی، كتاب النكاح 1121، النسائي، النكاح 102/6۔
حلالہ کرنے اور حلالہ کرانے کی ممانعت
① سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حلالہ کرنے والے اور جس کے لیے حلالہ کیا جائے، دونوں پر لعنت فرمائی ہے۔
ترمذی، کتاب النكاح 1120۔ النسائي، الطلاق 121/6۔
② سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لعن الله المحلل والمحلل له
”اللہ تعالیٰ نے حلالہ کرنے والے اور جس کے لیے حلالہ کیا جائے، دونوں پر لعنت فرمائی ہے“۔
ابوداؤد، کتاب النکاح 2076۔ ترمذی، کتاب النکاح 1119۔ ابن ماجه، كتاب النكاح 1935۔
عورت کا کسی دوسری عورت کے متعلق اپنے خاوند کو باتیں بتانا منع ہے
① سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لا تباشر المرأة المرأة فتنعتها لزوجها كأنه ينظر إليها
”عورت عورت سے مل کر اس کی اپنے شوہر سے اس طرح تعریف نہ کرے گویا کہ وہ اس (عورت) کو دیکھ رہا ہے“۔
بخاری، کتاب النكاح 5240۔ ابوداؤد، کتاب النکاح 2150۔ ترمذی، کتاب الادب 2792۔