میت پر کپڑے پھاڑنے کی ممانعت
① سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
ليس منا من ضرب الخدود وشق الجيوب أو دعا بدعوى الجاهلية
”جس شخص نے چہرے کو پیٹا، گریبان چاک کیا یا جاہلیت کی سی باتیں کیں تو وہ ہم میں سے نہیں۔“
بخاری، کتاب الجنائز 1297۔ مسلم، کتاب الايمان 103/165۔
② سیدنا اسید بن ابی اسید نابغی رضی اللہ عنہ ایک بیعت کرنے والی عورت سے روایت کرتے ہیں، اس نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے معروف میں ہم سے جو عہد لیا تھا، اس میں آپ نے یہ عہد بھی لیا تھا کہ ہم آپ کی نافرمانی نہیں کریں گی، نیز ہم چہرے کو نہیں خراشیں گی، نہ تباہی کا شور مچائیں گی، اور نہ ہی گریبان چاک کریں گی اور نہ ہی بال بکھیریں گی۔
ابوداؤد، کتاب الجنائز 3131۔ الترغيب 354/4، حدیث 22۔
③ سیدنا ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مصیبت کے وقت چیخ و پکار کرنے والی، بال مونڈنے والی اور کپڑے پھاڑنے والی سے براءت کا اظہار فرمایا ہے۔
بخاري، كتاب الجنائز 1296۔ مسلم كتاب الجنائز 104/167۔
کسی تکلیف کی وجہ سے موت کی تمنا کرنے کی ممانعت
① سیدنا انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لا يتمنين أحدكم الموت لضر نزل به فإن كان لا بد متمنيا فليقل اللهم أحيني ما كانت الحياة خيرا لي وتوفني إذا كانت الوفاة خيرا لي
”تم میں سے کوئی شخص کسی بیماری و تکلیف سے دو چار ہونے کی صورت میں موت کی تمنا نہ کرے اور اگر ضرور ہی تمنا کرنی ہے تو پھر یوں کہے: اے اللہ! جب تک میرا زندہ رہنا بہتر ہے، مجھے زندہ رکھنا اور جب وفات میرے لیے بہتر ہو تو مجھے فوت کرنا۔“
بخاری، کتاب المرضى 5671۔ مسلم، الذكر والدعاء والتوبة الخ 2680/10۔
فوت شدگان کو بُرے الفاظ سے یاد کرنے کی ممانعت
① سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
اذكروا محاسن موتاكم وكفوا عن مساوئهم
”اپنے مرنے والوں کی نیکیاں بیان کیا کرو اور ان کی برائیاں بیان کرنے سے اجتناب کرو۔“
ابوداؤد، کتاب الادب 4900۔ ترمذی، کتاب الجنائز 1019۔
② سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لا تسبوا الأموات فإنهم قد أفضوا إلى ما قدموا
”فوت شدگان کو برا بھلا مت کہو کیونکہ انہوں نے جو کچھ آگے (عمل) بھیجا ہے اس تک وہ پہنچ چکے ہیں۔“
بخاری، کتاب الجنائز 1393۔ مسند احمد، باقی مسند الانصار 202/6، حدیث 25522۔
③ سیدنا مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لا تسبوا الأموات فتؤذوا الأحياء
”فوت شدگان کو برا بھلا مت کہو ورنہ تم زندہ لوگوں (ورثاء) کو اذیت پہنچاؤ گے۔“
ترمذی، کتاب البر والصلة 1982۔ مسند احمد 253/4، حدیث 1838۔
④ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إذا مات صاحبكم فدعوه لا تقعوا فيه
”جب تمہارا کوئی ساتھی فوت ہو جائے تو اسے چھوڑ دو، اس کے عیب بیان نہ کرو۔“
ابوداؤد، کتاب الادب 4899۔ ترمذی، کتاب المناقب 3895۔