قتلِ حجر بن عدیؒ پر صحابہ کرامؓ اور سیدنا حسینؓ کی خاموشی کیا بتاتی ہے؟

Read in English
فونٹ سائز:
یہ اقتباس مرزا محمد علی انجینئر کے اعتراضات و اشکالات کا تحقیقی جائزہ سے ماخوذ ہے جسے ہارون بن شبیر احمد حفظہ اللہ نے تالیف کیا ہے اور نظرِ ثانی فضیلۃ الشیخ مولانا محمد رفیق طاہر حفظہ اللہ نے کی ہے۔

اور ہمارا سوال ہے کہ اگر تو یہ قتل قتلِ ناحق تھا تو اس حوالے سے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا ردِعمل کیا تھا؟ صحابہ کرام تو امر بالمعروف ونہی عن المنکر کا سب سے اعلی نمونہ تھے۔ کیا کسی صحابی نے اسے ناجائز قتل قرار دیا؟ کیا کسی نے اس کی مذمت کی؟ کیا کسی نے اس کے خلاف کلمہ حق بلند کیا؟ بالکل نہیں! اگر ایسا کچھ ثابت ہوتا تو آپ اسے بیان کرنے سے ہرگز پیچھے نہ رہتے۔ تو آخر کیا وجہ ہے کہ صحابہ نے اس معاملے میں حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی کوئی مخالفت نہیں کی؟ جبکہ انہیں تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خصوصی طور پر نصیحت فرمائی تھی کہ میرے بعد اگر حکمرانوں میں کوئی برائی دیکھو تو جس قدر ہو سکے اس کی مخالفت کرنا اور اسے روکنے کی کوشش کرنا، چنانچہ صحیح مسلم کی ایک حدیث میں ہے:
عَنْ عَبْدِ اللهِ بْنِ مَسْعُودٍ، أَنَّ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: ”مَا مِنْ نَبِيٍّ بَعَثَهُ اللهُ فِي أُمَّةٍ قَبْلِي إِلَّا كَانَ لَهُ مِنْ أُمَّتِهِ حَوَارِيُّونَ وَأَصْحَابٌ، يَأْخُذُونَ بِسُنَّتِهِ، وَيَقْتَدُونَ بِأَمْرِهِ، ثُمَّ إِنَّهَا تَخْلُفُ مِنْ بَعْدِهِمْ خُلُوفٌ يَقُولُونَ مَا لَا يَفْعَلُونَ، وَيَفْعَلُونَ مَا لَا يُؤْمَرُونَ، فَمَنْ جَاهَدَهُمْ بِيَدِهِ فَهُوَ مُؤْمِنٌ، وَمَنْ جَاهَدَهُمْ بِلِسَانِهِ فَهُوَ مُؤْمِنٌ، وَمَنْ جَاهَدَهُمْ بِقَلْبِهِ فَهُوَ مُؤْمِنٌ، وَلَيْسَ وَرَاءَ ذَلِكَ مِنَ الْإِيمَانِ حَبَّةُ خَرْدَلٍ“۔
”حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ نے مجھ سے پہلے جتنی بھی امتوں میں نبی بھیجے، تو ان انبیاء کی امت میں سے ان کے کچھ حواری اور صحابہ ہوتے تھے جو ان کی سنت پر چلتے اور ان کے حکم کی اتباع کرتے تھے، پھر ان کے بعد ایسے (نا اہل) جانشین بن جاتے، کہ وہ ایسی باتیں کہتے کہ جن پر خود عمل نہیں کرتے تھے اور ایسے کام کرتے کہ جن کا انہیں حکم نہ دیا گیا ہوتا، چنانچہ (میرے بعد تم لوگوں میں سے) جس نے ان (جیسے نا اہل جانشینوں) کے خلاف اپنے ہاتھ سے جہاد کیا تو وہ مومن ہے، اور جس نے اپنی زبان سے ان کے خلاف جہاد کیا تو وہ بھی مومن ہے، اور جس نے اپنے دل کے ساتھ ان کے خلاف جہاد کیا وہ بھی مومن ہے، لیکن اس کے بعد رائی کے دانے برابر بھی ایمان نہیں ہے (یعنی کہ جو دل میں بھی برا نہ جانے)۔“ (صحیح مسلم:50)
دل سے جہاد کرنے سے مراد ہے کہ دل میں برا جانا جائے، اور دوسری حدیث میں ہے کہ یہ ایمان کا سب سے کمزور درجہ ہے۔ (صحیح مسلم:49)
اور ایک حدیث میں ہے:
عَنْ أُمِّ سَلَمَةَ زَوْجِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، أَنَّهُ قَالَ: ”إِنَّهُ يُسْتَعْمَلُ عَلَيْكُمْ أُمَرَاءُ، فَتَعْرِفُونَ وَتُنْكِرُونَ، فَمَنْ كَرِهَ فَقَدْ بَرِئَ، وَمَنْ أَنْكَرَ فَقَدْ سَلِمَ، وَلَكِنْ مَنْ رَضِيَ وَتَابَعَ“. قَالُوا: يَا رَسُولَ اللهِ، أَلَا نُقَاتِلُهُمْ؟ قَالَ: ”لَا، مَا صَلَّوْا“۔
” سیدہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم پر ایسے حکمران لگائے جائیں گے جن میں اچھائی بھی ہوگی اور برائی بھی، لہٰذا جس نے (ان کے کسی برے کام کو) ناپسند کیا، وہ بری ہو گیا، اور جس نے انکار کیا وہ بچ گیا، لیکن جو (ان کے غلط کاموں پر) راضی ہوا اور ان کی تابعداری کی (یعنی اس کے لیے وعید ہے)“۔ صحابہ نے عرض کی: یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! کیا ہم ان سے لڑائی نہ کریں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”نہیں، جب تک وہ نماز پڑھتے رہیں۔“ (صحیح مسلم:1854)
لیکن اس کے باوجود صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے اس مسئلے میں حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی مخالفت نہیں کی، نہ ہی کسی قسم کا کوئی اعتراض کیا۔ نہ تو کسی نے ہاتھ سے روکا، نہ تو کسی نے زبان سے ان کی مذمت کی اور نہ ہی کسی نے دل میں اسے ناحق قتل جانا۔ بلکہ تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم جناب معاویہ رضی اللہ عنہ کی بیعت پر جمع تھے اور کسی ایک نے بھی بیعت نہ توڑی۔
جس سے مزید واضح ہوتا ہے کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ نے کوئی ناجائز خون نہیں بہایا، نہ ہی کوئی ظلم کیا، یہ سب تو روافض اور ان کی ہمنوائی میں مرزا انجینئر صاحب کے گھڑے ہوئے افسانے ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں۔
چلیں یہ تو تھا دیگر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا معاملہ، عین ممکن ہے کہ انجینئر صاحب ان صحابہ کے متعلق یہ تاویل کر دیں کہ یہ تو passive nature تھے، ایسا تھا ویسا تھا۔ لیکن ہمیں بتایئے کہ سیدنا جنابِ حسین رضی اللہ عنہ نے اس حوالے سے کیا کردار ادا کیا تھا؟ وہ تو مرزا صاحب کے بقول بڑے active nature تھے، چنانچہ ایک ویڈیو میں فرماتے ہیں:

”او بھائی نواسہ رسول ہوگا تو دل میں برا جانے گا؟ جو ایمان کے اعلیٰ ترین مرتبے پر فائز ہوں گے، جن کے genes میں prophet کے genes شامل ہوں گے، جن کا خون prophet کا خون ہوگا وہ کیسے کر سکتے ہیں کمپرومائز؟ وہ تو سامنے آئیں گے۔ اور پھر سیدنا حسین کا منصب ایک عام عالم کا نہیں تھا، نواسہ رسول تھے صلی اللہ علیہ وسلم! اب قرآن پاک کی میں ایک آیت پڑھتا ہوں یہ ہمارے چودہ طبق روشن کر دے گی، سورۃ المائدہ کی 63 نمبر آیت، اللہ تعالیٰ نے یہودیوں اور عیسائیوں کے بزرگوں کو ان کے جو بڑے بڑے لاٹ پادری تھے ان کے مولوی، ان کو address کیا ہے: لَوْلَا يَنْهَاهُمُ الرَّبَّانِيُّونَ وَالْأَحْبَارُ عَنْ قَوْلِهِمُ الْإِثْمَ وَأَكْلِهِمُ السُّحْتَ لَبِئْسَ مَا كَانُوا يَصْنَعُونَ کیوں نہیں روکا ان کے بزرگوں نے؟ ربانی اللہ والے بنتے پھرتے ہیں! کیوں نہیں روکا ان کے ربانی اللہ والے لوگوں نے، اور ان کے مولویوں نے ان کو گناہ کی بات کرنے سے اور ان کو حرام خوریاں کرنے سے ان کے مولویوں ان کے بزرگوں نے کیوں نہیں روکا؟ کتنے برے کرتوت وہ کیا کرتے تھے! مولوی کمپرومائز کرتے رہے کتنا بڑا طعنہ اللہ نے یہود (کو دیا)۔ او بھائی جو یہود ونصاری کو طعنہ مل رہا ہے ہمیں بھی ملے گا؟ (کیا) سیدنا حسین کو نہیں پوچھا جانا تھا قیامت والے دن کہ تم تو نواسہ رسول تھے، تمہارے سامنے شریعتِ محمدیہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دھجیاں بکھیری جا رہی تھیں تم نے یہ کیوں نہیں روکا؟ بالکل پوچھا جانا تھا اور انہوں نے الحمدللہ اپنا حق ادا کیا ہے، انہوں نے یہ کر کے ہمیں تو اصلاح تک پہنچایا اپنی آخرت بھی بچا لی ہے“۔

61- Mas’alah, HUSAINIAT our Yazeediat ka TAHQEEQI Jaizah -47:39
لیکن اگر سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی حکومت جبریہ اور ظالمانہ تھی، اور قتلِ حجر بن عدی بھی ناحق اور ناجائز تھا تو بتایئے اس قتل کے بعد سیدنا حسین رضی اللہ عنہ نے اپنا کون سا حق ادا کیا؟ ہمیں کس اصلاح تک پہنچایا؟ اور اپنی آخرت کس طرح بچائی؟ کیا سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی بیعت اور صلح توڑی، یا ان پر تلوار اٹھائی؟ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے خلاف خروج کیا؟ بالکل نہیں! خود محمد علی مرزا انجینئر صاحب بھی اس بات کا اقرار کرتے ہوئے کہتے ہیں:

”جی جی ہاں! جنت کا شہزادہ صلح کر لے ہماری صلح ہی ہے الحمدللہ، میں حسینی ہوں نہ، تو حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے 20 سال میں کوئی تلوار نہیں حسین نے اٹھائی معاویہ ابن ابی سفیان رضی اللہ عنہ کے خلاف، ہماری صلح ہے۔ لیکن……“

My 1st Interview to TLP’s Reporter Jibrar Khan [ 30-Questions ] 55:21
اس ”لیکن“ کے بعد وہی چونکہ، چنانچہ، اگرچہ، مگرچہ کا جال ہے جس سے مرزا صاحب ہر مثبت پہلو کو گھما پھرا کر کچھ کا کچھ بنا دیتے ہیں، ان شاء اللہ اس کا تسلی بخش جواب بھی ”صلح حسن“ کے عنوان کے تحت دیا جائے گا۔
بہر حال آپ دیکھیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ بیس سال امیر المومنین رہے، اور آپ رضی اللہ عنہ کی وفات تک آپ کی حکومت نہیں ٹوٹی۔ نہ ہی دیگر صحابہ کسی قسم کی مزاحمت کرتے ہیں اور نہ ہی اس بیس سالہ دور میں کبھی حضرت حسین رضی اللہ عنہ ہی میدان میں اترے، یا جناب معاویہ رضی اللہ عنہ کی اس قتلِ حجر بن عدی کو لے کر ہی کوئی مذمت کی ہو، ایسا کچھ بھی ثابت نہیں۔ جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ قتل قتلِ ناحق نہیں تھا، ورنہ سیدنا حسین رضی اللہ عنہ بھی بھلا خاموش رہنے والے تھے؟ کیا انہوں نے ظلم سے آنکھیں پھیر لیں؟ کیا وہ کمپرومائز کرتے رہے؟ ہرگز ایسا نہیں۔ بلکہ اس معاملے میں تو انہیں اور بھی زیادہ متحرک ہونا چاہیے تھا کہ ایک تو ناجائز قتل ہو رہا ہے، اور دوسرا یہ کہ یہ سب ان کے والدِ محترم سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی ٹسل میں ہو رہا ہے۔ لیکن انہوں نے ہاتھ یا زبان سے روکنا تو دور، دل میں بھی اسے غلط نہیں سمجھا۔ جو اس بات کی دلیل ہے کہ مرزا صاحب پرلے درجے کے جھوٹے اور مکار انسان ہیں، کہ ایسی گھڑی ہوئی کہانیاں بیان کرتے ہیں کہ جن کی تصدیق ان کے اپنے ہی بیانات نہیں کرتے۔
نوٹ: یہ عبارت جو انجینئر صاحب کی ویڈیو سے اختصار کے ساتھ نقل کی گئی ہے، اس میں انہوں نے آگے جا کر سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کے نام پر ایک جھوٹی روایت پیش کی ہے کہ انہوں نے جناب معاویہ رضی اللہ عنہ کو خط لکھا کہ میں ڈرتا ہوں کہ اللہ کو کیا منہ دکھاؤں گا، کہ جو کچھ تم شریعت کے ساتھ کر رہے ہو اور میں خاموش ہوں، بس اپنے بھائی کی صلح پر قائم ہوں………… تو عرض ہے کہ یہ سب جھوٹی روایات مرزا صاحب سے قبل ان کے استاد اسحاق جھالوی بھی بیان کرتے آئے ہیں، لیکن نہ تو کبھی وہ اس کی کوئی صحیح سند پیش کر سکے اور نہ ہی ان کے گمراہ کن مشن پر گامزن ان کے شاگرد جناب انجینئر صاحب ہی۔ لیکن دھوکہ عوام الناس کو کیا دیا گیا ہے؟ جی صرف صحیح الاسناد روایات، صحیح الاسناد روایات، اور اسی تاریخ کو جعلی، جھوٹی، من گھڑت اور کوڑ کباڑ کہتے ہیں۔ خیر اس خط والے واقعہ کے جھوٹ ہونے کے لیے انجینئر صاحب کا وہ بیان ہی کافی ہے، جو ہم پیچھے نقل کر چکے، کہ سیدنا حسین رضی اللہ عنہ تو نواسہ رسول تھے، ان کا منصب کوئی عام عالم کا نہیں تھا، وہ تو کمپرومائز کر ہی نہیں سکتے تھے، وہ تو میدان میں آئیں گے وغیرہ وغیرہ۔
لہٰذا تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا سکوت اور ان کے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے اس قتل کے حوالے سے مذمت نہ کرنے سے یہی بات سامنے آتی ہے کہ ان سب نے اسے ناحق قتل نہیں جانا۔ اور پھر حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی حکومت کو کسی صحابی نے ظالمانہ حکومت بھی قرار نہیں دیا، بلکہ صحابہ کرام کے تاثرات تو اس کے بالکل برعکس ہیں، چنانچہ سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے بسند صحیح یہ قول مروی ہے:
مَا رَأَيْتُ رَجُلًا كَانَ أَخْلَقَ لِلْمُلْكِ مِنْ مُعَاوِيَةَ۔
”میں نے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے بڑھ کر کسی کو حکومت کا حقدار نہیں دیکھا۔“ (الامالی فی آثار الصحابۃ لعبدالرزاق:97، السنۃ للخلال:677)
سیدنا سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
ما رأيت أحدا بعد عثمان أقضى بحق من صاحب هذا الباب يعني معاوية۔
”میں نے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے بعد اس دروازے والے یعنی حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے بڑھ کر حق کے مطابق فیصلہ کرنے والا کسی کو نہیں دیکھا۔“ (تاریخ دمشق لابن عساکر:161/59)
شیخ غلام مصطفیٰ امن پوری حفظہ اللہ نے اس کی سند کو حسن کہا۔ (دفاع صحابہ:504)
ذرا سوچیں! اگر حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ ظالم حکمران تھے، اور حجر بن عدی کا قتل ایسا ہی ہے جیسا انجینئر صاحب بتا رہے ہیں تو کیا ان صحابہ کا سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے متعلق یہی تبصرہ ہوتا؟
چلیں صحابہ سے نہیں تو کسی تابعی سے ہی ثابت کر دیں کہ انہوں نے حجر بن عدی کے قتل کو قتلِ ناحق قرار دیا ہو، اور جناب معاویہ رضی اللہ عنہ کی کوئی مذمت کی ہو؟! اور ہو بھی کیسے جبکہ اتنے عظیم تابعین سے مشاورت کے بعد ہی یہ قدم اٹھایا گیا تھا۔ اور نہ ہی بعد کے محدثین میں سے کسی نے ایسی کوئی بات کہی، نہ ہی انہیں غلط قرار دیا۔ بلکہ وہ تو ان کی حکومت کے بارے بہت اچھی رائے رکھتے ہیں۔
اگر بالفرض یہ مان بھی لیں کہ حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ اس قتل کے معاملے میں غلط تھے، تو جناب پھر بھی ان پر طعن درست نہیں، کیوں کہ انہوں نے اس حوالے سے صحابہ و تابعین سے مشاورت کی، اور پھر آپ رضی اللہ عنہ نے اجتہاد کیا۔ تو جب (صاحب علم اور متقی) حاکم اجتہاد کرتا ہے تو اس معاملے میں غلطی کرنے پر وہ قابلِ گرفت نہیں ہوتا۔
عَنْ عَمْرِو بْنِ الْعَاصِ، أَنَّهُ سَمِعَ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: ”إِذَا حَكَمَ الْحَاكِمُ فَاجْتَهَدَ ثُمَّ أَصَابَ، فَلَهُ أَجْرَانِ، وَإِذَا حَكَمَ فَاجْتَهَدَ ثُمَّ أَخْطَأَ، فَلَهُ أَجْرٌ“۔
”سیدنا عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: ”جب کوئی حاکم اجتہاد کرتے ہوئے فیصلہ کرے اور اگر وہ درستگی کو پہنچا تو اس کے لیے دوہرا اجر ہے، اور جب وہ اجتہاد کرتے ہوئے فیصلہ کرے اور خطا کر جائے تو اس کے لیے ایک اجر ہے۔“ (صحیح بخاری:7352)
جب بات صحابہ کے اس باہمی اختلاف کی آتی ہے جو سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے دور میں قصاصِ عثمان رضی اللہ عنہ کو لے کر ہوا، اور کہا جاتا ہے کہ دونوں طرف صحابہ کا اجتہاد ہے لہٰذا دونوں گروہ اجر کے مستحق ہیں۔ تو مرزا صاحب کہتے ہیں کہ بھئی یہ حدیث حاکم کے بارے میں ہے کہ اگر وہ غلطی کرے تو اسے ایک اجر ملتا ہے۔ اور کہتے ہیں کہ اگر سیدنا علی رضی اللہ عنہ جنگِ جمل وصفین میں غلطی پر ہوتے، یعنی وہ یہ جنگیں غلط بھی لڑتے تو ان کے لیے ایک اجر تھا۔ تو عرض ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ بھی تو حاکم ہیں، اور اگر انہوں نے یہ قتل اجتہاد کی بنا پر کیا ہے تو وہ قابل طعن کیوں؟