كتاب الحظر والإباحة
عورت کا محرم کے بغیر سفر کرنا ممنوع ہے
① سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لا يحل لامرأة تؤمن بالله واليوم الآخر أن تسافر ثلاثة أيام فصاعدا إلا ومعها أبوها أو زوجها أو ابنها أو أخوها أو ذو محرم
جو عورت اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتی ہے اس کے لیے حلال نہیں کہ وہ اپنے والد، یا اپنے خاوند، یا اپنے بیٹے، یا اپنے بھائی، یا کسی محرم کے بغیر تین یا اس سے زائد ایام کا سفر کرے۔
بخاری، کتاب الجمعة 1197، مسلم، صلوة المسافرین وقصرها 413 / 1338۔
② سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لا يحل لامرأة تسافر مسيرة يوم وليلة إلا مع ذي محرم عليها
کسی عورت کے لیے محرم کے بغیر ایک دن اور رات کا سفر کرنا حلال نہیں۔
بخاری، کتاب الجمعة 1088، مسلم، کتاب الحج 1339/421۔
اکیلے سفر کرنے کی ممانعت
① سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لو أن الناس يعلمون من الوحدة ما أعلم ما سار راكب بليل وحده
اکیلے سفر کرنے کا جو نقصان مجھے معلوم ہے وہ اگر لوگوں کو معلوم ہو جائے تو کوئی سوار بھی رات کے وقت اکیلا سفر نہ کرے۔
بخاری، کتاب الجهاد والسیر 2998، ابن ماجه، کتاب الادب 3768۔ مسند احمد، مسند المکثرین من الصحابه 2/ 32 حدیث 4747۔
سفر میں کتے اور گھنٹی کو ساتھ رکھنے کی ممانعت
① سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لا تصحب الملائكة رفقة فيها كلب ولا جرس
جس قافلے میں کتا اور گھنٹی ہو تو رحمت کے فرشتے ان کے ساتھ نہیں ہوتے۔
مسلم، کتاب اللباس والزینة 2113/103، ابو داؤد، کتاب الجهاد 2555۔ ترمذی، کتاب الجهاد 1703۔