صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی نظر میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ فضائل و محاسن کا ایک تابندہ باب
❶ سیدنا عبداللہ بنِ عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ فقیہ ( فقیہ وہ شخص ہے جو کتاب و سنت سے شرعی احکام کے استنباط اور ان کے دقائق و معانی کے فہم میں مہارت رکھتا ہو ) ہیں۔ [صحيح البخاری 3764، 3765]
❷ سیدنا عبداللہ بنِ عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ صحابی رسول ( اگر کسی صحابیِ رسول رضی اللہ عنہ کے انفرادی فضائل الگ سے منقول نہ بھی ہوں تو محض شرفِ صحابیت ہی اس کی عظمت، افضلیت اور عند اللہ مقبولیت کے لیے کافی ہے ) ہیں۔ [صحيح البخاری 3764، 3765]
❸ سیدنا عبداللہ بنِ عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ ہم صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں سب سے بڑے عالم تھے۔ [مسند الشافعی 394، سنن الكبریٰ للبيهقی 4794، مصنف عبدالرزاق 4641 واسنادهُ صحيح]
❹ سیدنا عبداللہ بنِ عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ میں نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سے بڑھ کر اپنی زندگی میں کسی کو خلافت و بادشاہت کے لائق اور حقدار نہیں دیکھا۔ [الجامع معمر بن راشد 20985، تاريخ دمشق لابن عساكر 59/175، كتاب السنة للخلال رقم 677 واسنادهُ صحيح]
❺ سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کو بتایا گیا کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ ایک وتر ادا کرتے ہیں تو انہوں نے فرمایا کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے سنت پر عمل کیا۔ [مصنف ابن ابی شيبة 6810 واسنادهُ صحيح]
❻ امام قتادہ رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سے فرمایا کہ جب تک اللہ تعالیٰ امیر المؤمنین کو باقی رکھے گا، وہ نہ مجھے غمگین کرے گا اور نہ کسی برے حال میں ڈالے گا۔ اس پر سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے انہیں بہت بڑی رقم، سامانِ تجارت اور دیگر اشیاء عطا فرمائیں اور کہا کہ یہ لے لیجئے اور اپنے اہل و عیال میں تقسیم کر دیجئے۔ [تاريخ دمشق لابن عساكر 59/197]
❼ سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما بیان فرماتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے احادیث بیان کرنے میں متہم نہیں۔ [معجم الصحابة للبغوی 2201، معجم الكبير للطبرانی 19/310 رقم 697، مسند احمد 16938، السنة لابی بكر بن الخلال 674، الشريعة للآجری 1943، تاريخ دمشق لابن عساكر 59/56 واسنادهُ صحيح]
❽ امام قتادہ رحمہ اللہ بیان فرماتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ مجھے سیدنا حسن بن علی رضی اللہ عنہما پر تعجب ہے کہ انہوں نے رُومہ کے پانی کے ساتھ یمنی شہد کا ایک گھونٹ پیا اور اسی سے ان کی وفات ہوگئی۔ جس پر سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو بے یار و مددگار نہ چھوڑے اور نہ سیدنا حسن رضی اللہ عنہ کی ( وفات کی ) وجہ سے آپ کو غمگین کرے۔ جب تک اللہ میرے لیے امیر المؤمنین کو باقی رکھے گا وہ نہ تو مجھے غمگین کرے گا اور نہ مجھے بے یار و مددگار چھوڑے گا۔ [البداية والنهاية لابن كثير 8/200]
❾ جب سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی وفات کی خبر سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کو پہنچی تو اس وقت ان کے سامنے کھانا رکھا ہوا تھا۔ آپ رضی اللہ عنہما نے اپنے خادم سے فرمایا: ”کھانا اٹھا لو، اٹھا لو“۔ پھر دعا کی ”اے اللہ! معاویہ رضی اللہ عنہ پر اپنی وسیع رحمت فرما“۔ پھر فرمایا: ”وہ اپنے بعد آنے والوں سے بہتر تھے، اگرچہ اپنے سے پہلے گزرنے والوں کے درجے کو نہ پہنچ سکے“۔ پھر فرمایا ”ایک ایسا پہاڑ ٹوٹ کر گر گیا کہ اگر وہ سمندر میں گرتا تو سمندر بھی بلند ہو جاتے“۔ [تاريخ دمشق لابن عساكر 59/236 واسنادهُ حسن]
❿ امام مدائنی رحمہ اللہ روایت کرتے ہیں کہ سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما، سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے پاس آئے تو سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے اپنے بیٹے سیدنا یزید رحمہ اللہ کو حکم دیا کہ وہ جا کر سیدنا حسن بن علی رضی اللہ عنہما کی وفات پر ابن عباس رضی اللہ عنہما سے تعزیت کرے۔ جب سیدنا یزید رحمہ اللہ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کے پاس داخل ہوئے تو آپ رضی اللہ عنہما نے ان کا خیر مقدم کیا، عزت دی اور انہیں اپنے سامنے بٹھایا۔ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے چاہا کہ ان کی نشست بلند کریں مگر سیدنا یزید رحمہ اللہ نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ”میں تعزیت کرنے والے کی حیثیت سے بیٹھا ہوں، مبارک باد دینے والے کی حیثیت سے نہیں“۔ پھر انہوں نے سیدنا حسن رضی اللہ عنہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ”اللہ ابو محمد پر اپنی وسیع اور کشادہ رحمت نازل فرمائے، اللہ آپ کو اجر عظیم عطا فرمائے، آپ کو بہترین صبر و تسلی دے اور آپ کو اس مصیبت پر ایسا بدلہ عطا فرمائے جو ثواب اور انجام کے اعتبار سے آپ کے لیے بہتر ہو“۔ جب سیدنا یزید رحمہ اللہ وہاں سے اٹھ کر چلے گئے تو سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا ”جب بنو حرب ( یعنی سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی اولاد سیدنا یزید رحمہ اللہ وغیرہ ) ختم ہو جائیں گے تو لوگوں کے علماء بھی چلے جائیں گے“۔ [البداية والنهاية لابن كثير 8/250]
⓫ سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما بیان فرماتے ہیں کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی وفات ایسی تھی جیسے کوئی عظیم پہاڑ اپنی بنیاد سمیت ٹوٹ کر گر پڑے بلکہ اگر وہ سمندر میں گرتا تو سمندر بھی موجیں مارتے ہوئے ہیبت سے اُبل پڑتے۔ [تاريخ دمشق لابن عساكر 59/236]
⓬ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما بیان فرماتے ہیں کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سے بڑھ کر شان و شوکت والا حکمران نہیں دیکھا۔ پوچھا گیا کیا سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ اور سیدنا عمر رضی اللہ عنہ بھی نہیں؟ انہوں نے فرمایا کہ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ ان سے بہتر تھے مگر سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ ان سے بڑے سردار تھے۔ [كتاب السنة للخلال 678، معجم الكبير للطبرانی 13432، معجم الاوسط للطبرانی 6759، مجمع الزوائد ومنبع الفوائد للهيثمی 15921، حلم معاوية لابن ابی الدنيا 11، تاريخ دمشق لابن عساكر 59/173، معجم الصحابة للبغوی 2194، الاستيعاب فی معرفة الأصحاب 3/1418، العواصم من القواصم لابن العربی صفحه 204، منهاج السنة النبوية لابن تيمية 4/444، البداية والنهاية لابن كثير 8/135، شرح أصول اعتقاد اهل السنة والجماعة للالكائی 2781، سير اعلام النبلاء للذهبی 4/275 واسنادهُ صحيح]
⓭ جب سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی وفات کی خبر سیدنا عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما کو پہنچی تو انہوں نے فرمایا کہ ”اللہ کی قسم! آج بنی امیہ کی عزت چلی گئی“۔ پھر کہا کہ وہ منبروں کا شہسوار، بلند ہمت، جلالت و وقار کا پیکر اور خطابت کے ایسے شہباز تھے کہ جب حالات کے طوفان میں اہلِ سخن کی زبانیں لڑکھڑا جاتیں اور معانیِ کلام منتشر ہو جاتے تو فصاحت و بلاغت کے قافلے گویا ان کی طرف لوٹ آتے۔ [تاريخ دمشق لابن عساكر 59/236، سير اعلام النبلاء للذهبی 4/247]
⓮ سیدنا سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کے بعد سب سے زیادہ حق کے مطابق فیصلہ کرنے والا اگر کسی کو دیکھا تو اس گھر والے ( سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ ) کو دیکھا ہے۔ [تاريخ دمشق لابن عساكر 59/161، البداية والنهاية لابن كثير 8/133]
⓯ سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ اگر میں نے کسی شخص کی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے مشابہ سب سے بڑھ کر نماز دیکھی ہے تو وہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ ہیں۔ [مسند الشاميين للطبرانی 282، تاريخ دمشق لابن عساكر 49/370، سير اعلام النبلاء للذهبی 3/135، مجمع الزوائد ومنبع الفوائد للهيثمی 15920 واسنادهُ صحيح]
⓰ افضل النساء ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا بیان فرماتی ہیں کہ ایام الفتن ( فتنوں کے دنوں میں ) میری ہمیشہ یہی دعا ہوتی تھی کہ اللہ میری بھی عمر سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو لگا دے۔ [المنتقی من كتاب الطبقات لابی عروبة الحرانی رقم 28 واسنادهُ صحيح]
⓱ امیر المؤمنین سیدنا علی رضی اللہ عنہ بن ابی طالب بیان کرتے ہیں کہ لوگو! سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی امارت کو ناپسند نہ کرو، اگر تم نے انہیں کھو دیا تو سر ایسے گردنوں سے گریں گے جیسے حنظل درختوں سے گرتا ہے۔ [مصنف ابن ابی شيبه 37854، طبقات الكبریٰ لابن سعد 1/120، حلم معاوية لابن ابی الدنيا 5، السنة لعبد الله بن أحمد 1283، معرفة الصحابة لابی نعيم الاصبهانی 6063، دلائل النبوة للبيهقی 6/466، العواصم من القواصم لابن العربی 1/212، تاريخ دمشق لابن عساكر 59/152، منهاج السنة النبوية لابن تيمية 6/209، البداية والنهاية لابن كثير 8/190]
⓲ سیدنا عمرو بن سعید رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا ابوسفیان رضی اللہ عنہ، سیدنا عمر رضی اللہ عنہ بن خطاب کے پاس آئے تو سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے ان کے بیٹے سیدنا یزید بن ابی سفیان رضی اللہ عنہما کی وفات پر تعزیت کرتے ہوئے فرمایا کہ اے ابوسفیان! اللہ آپ کو آپ کے بیٹے کے معاملے میں اجر عطا فرمائے۔ سیدنا ابوسفیان رضی اللہ عنہ نے پوچھا کہ اے امیر المؤمنین! میرے کون سے بیٹے کی؟ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ سیدنا یزید بن ابی سفیان رضی اللہ عنہما کی۔ سیدنا ابوسفیان رضی اللہ عنہ نے پوچھا کہ آپ نے ان کی ذمہ داری پر کس کو مقرر کیا ہے؟ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ ان کے بھائی سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کو۔ پھر سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ ہمارے لیے یہ جائز نہیں کہ ہم کسی اصلاح کرنے والے ( اچھا انتظام کرنے والے ) شخص کو اس کے منصب سے ہٹا دیں۔ [طبقات الكبریٰ لابن سعد 1/113]
⓳ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ تم قیصر و کسریٰ کے رعب و دبدبے کی بات کرتے ہو جبکہ تمہارے پاس سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ موجود ہیں۔ [تاريخ الطبری 5/330 واسنادهُ صحيح]
⓴ امام محمد باقر رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا حسن رضی اللہ عنہ و سیدنا حسین رضی اللہ عنہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی طرف سے دیے جانے والے وظائف اور ہدایا قبول کرتے تھے۔ [طبقات الكبریٰ لابن سعد 6/369، مصنف ابن ابی شيبة 20330، الشريعة للآجری 1963، سير اعلام النبلاء للذهبی 3/266]
㉑ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ مدینہ کے بازار میں چلتے اور کہتے لوگو! سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی حکمت عملیوں کو مضبوطی سے تھام لو۔ [تاريخ دمشق لابن عساكر 59/217، دلائل النبوة للبيهقی 6/466، البداية والنهاية لابن كثير 6/256 واسنادهُ صحيح]
㉒ ایک شخص سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سے کہا کرتا تھا کہ اللہ کی قسم! اے معاویہ رضی اللہ عنہ، آپ ہمارے ساتھ انصاف اور درستی کا معاملہ کریں ورنہ ہم آپ کو سیدھا کر دیں گے۔ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ پوچھتے کس چیز کے ساتھ؟ وہ کہتے لکڑیوں کے ساتھ۔ اس پر سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ فرماتے کہ اگر ایسا ہے تو میں سیدھا ہو جاتا ہوں۔ [سير اعلام النبلاء للذهبی 3/154]
㉓ سیدنا قبیصہ بن جابر رحمہ اللہ بیان فرماتے ہیں کہ میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کی صحبت میں رہا، میں نے ان سے بڑھ کر حوصلہ مند، جہالت سے بہت دور، بڑا باوقار و بردبار، غلطی پر غصہ کی بجائے درگزر کرنے والا شخص کسی کو نہیں دیکھا۔ [المعرفة والتاريخ للفسوی 1/458، تاريخ دمشق لابن عساكر 19/183، سير اعلام النبلاء للذهبی 3/153، تاريخ الاسلام للذهبی 5/290]
㉔ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کا ذکر سیدنا عمر رضی اللہ عنہ بن خطاب کے پاس ہوا تو انہوں نے فرمایا کہ قریش کے اس نوجوان اور ان کے سردار کے بیٹے کی برائی کرنا چھوڑ دو۔ وہ غصے کی حالت میں بھی مسکراتا رہتا ہے اور اس سے کوئی کام صرف خوشی اور رضامندی کی حالت میں ہی حاصل کیا جا سکتا ہے اور اس کے سر پر موجود کوئی چیز حاصل کرنا چاہو تو اس کے قدموں میں جھکنا پڑے۔ ( یعنی نہایت حکمت، حلم اور تدبیر سے اپنے مقاصد حاصل کرتے ہیں ) [تاريخ دمشق لابن عساكر 59/112، البداية والنهاية لابن كثير 8/133، سير اعلام النبلاء للذهبی 3/133]