سید الاستغفار اور ”لا إله إلا الله“ کی فضیلت صحیح احادیث کی روشنی میں

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ ابو حمزہ عبدالخالق صدیقی کی کتاب صحیح فضائل اعمال سے ماخوذ ہے۔

سید الاستغفار کی فضیلت

عن شداد بن أوس رضى الله عنه عن النبى صلى الله عليه وسلم قال: سيد الاستغفار أن يقول: اللهم أنت ربي لا إله إلا أنت، خلقتني وأنا عبدك، وأنا على عهدك ووعدك ما استطعت، أعوذ بك من شر ما صنعت، أبوء لك بنعمتك علي، وأبوء بذنبي فاغفر لي، فإنه لا يغفر الذنوب إلا أنت قال: ومن قالها من النهار موقنا بها فمات من يومه قبل أن يمسي، فهو من أهل الجنة، ومن قالها من الليل وهو موقن بها فمات قبل أن يصبح، فهو من أهل الجنة
سیدنا شداد بن اوس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”سید الاستغفار یہ ہے کہ بندہ کہے: ”اے اللہ! تو میرا رب ہے تیرے سوا کوئی الہ نہیں، تو نے ہی مجھے پیدا کیا ہے، میں تیرا بندہ ہوں تجھ سے کیے ہوئے عہد اور وعدے پر اپنی استطاعت کے مطابق قائم ہوں، اپنے کیے ہوئے بُرے کاموں کے وبال سے تیری پناہ چاہتا ہوں، مجھ پر تیرے جو احسانات ہیں ان کا اعتراف کرتا ہوں اور اپنے گناہوں کا اقرار کرتا ہوں۔ مجھے بخش دے کیوں کہ تیرے سوا کوئی بخشنے والا نہیں۔“ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”جو شخص یہ کلمات یقین کے ساتھ دن کے وقت پڑھے اور شام سے قبل فوت ہو جائے تو وہ جنتی ہوگا، اور جس نے رات کے وقت یقین کے ساتھ یہ کلمات کہے اور صبح ہونے سے پہلے فوت ہو گیا تو وہ بھی جنتی ہے۔“
صحيح البخاری، کتاب الدعوات، باب افضل الاستغفار، رقم: 6306 .
عن أبى هريرة رضى الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: إن لله تسعة وتسعين اسما مائة إلا واحدا، من أحصاها دخل الجنة
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ کے ننانوے نام ہیں جس نے یاد کیسے (یعنی جس نے ان کو یاد کیا، ان کے ساتھ سوال کیا، اور ان پر عقیدہ رکھا) وہ جنت میں داخل ہوا۔“
صحیح بخاری، کتاب التوحيـد، باب ان لله مائة اسم الا واحده، رقم: 7392. صحیح مسلم، كتاب الذكر والدعاء، باب فی اسماء الله تعالى، رقم: 2677.

”لا إله إلا الله“ افضل الذکر ہے

عن جابر رضى الله عنه يقول: سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول: أفضل الذكر لا إله إلا الله، وأفضل الدعاء الحمد لله
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ”بہترین ذکر ”لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ“ اور بہترین دعا ”الْحَمْدُ لِلَّهِ“ ہے۔“
سنن الترمذي، كتاب الدعوات، باب ما جاء ان دعوة المسلم مستجابة، رقم: 3383 – البانی رحمہ اللہ نے اسے ”حسن“ کیا ہے۔