روزے کی فضیلت، اہمیت اور رمضان المبارک کے شرعی احکام

فونٹ سائز:
یہ اقتباس کتاب الصوم سے ماخوذ ہے جسے شیخ غلام مصطفٰی ظہیر امن پوری حفظہ اللہ نے مرتب کیا ہے۔
مضمون کے اہم نکات

سوال:

فرض روزہ کی قضا باقی ہے، کیا نفل روزہ رکھنا جائز ہے؟

جواب:

فرض کی قضا باقی ہو تب بھی نفل روزہ رکھا جا سکتا ہے۔

سوال:

کیا موسم سرما میں قضا کے روزے رکھنے سے ثواب میں کمی واقع ہوتی ہے؟

جواب:

نہیں۔

سوال:

بے نمازی کے روزے کا کیا حکم ہے؟

جواب:

نماز الگ حکم ہے اور روزہ الگ۔ جو بے نمازی روزہ رکھتا ہو اس کا فرض ادا ہو جائے گا، البتہ نماز کے ترک پر گنہگار ہوگا۔

سوال:

رمضان کے روزوں کے بعد سب سے افضل روزے کون سے ہیں؟

جواب:

فرض روزوں کے بعد سب سے افضل روزے محرم کے ہیں۔
❀ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
أفضل الصيام بعد رمضان شهر الله المحرم وأفضل الصلاة بعد الفريضة صلاة الليل
”رمضان المبارک کے بعد افضل ترین روزے محرم کے ہیں اور فرائض کے بعد افضل ترین نماز تہجد کی۔“
(صحيح مسلم: 1163/202)

سوال:

کیا رمضان میں کافروں کو عذاب ہوتا ہے یا نہیں؟

جواب:

رمضان میں بھی کافروں کو عذاب ہوتا ہے، رمضان میں کافروں سے عذاب موقوف ہونے پر کوئی دلیل معلوم نہیں۔

سوال:

رمضان کے دنوں میں علی الاعلان کھانے والے کا کیا حکم ہے؟

جواب:

جو مسلمان بغیر عذر شرعی کے رمضان کے دنوں میں روزہ نہ رکھے اور سر عام کھاتا رہے وہ اعلانیہ گناہ کا مرتکب ہے، اس کی سزا شریعت نے تو متعین نہیں کی، البتہ حاکم وقت کوئی تعزیری سزا مقرر کر سکتا ہے۔

سوال:

رمضان میں اعلانیہ کھانے والے اور جھوٹ بولنے والے کا کیا حکم ہے؟

جواب:

ایسا شخص اعلانیہ فاسق و فاجر ہے، اسے تعزیر سے روکا جا سکتا ہے۔
❀ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
كل أمتي معافى إلا المجاهرين
”اعلانیہ گناہ کرنے والوں کے سوا میری تمام امت کو معاف کر دیا جائے گا۔“
(صحيح البخاري: 6069، صحيح مسلم: 2990)

سوال:

دائمی عذر کے سبب روزہ نہ رکھنے والا کیا کرے؟

جواب:

فدیہ ادا کر دے۔ ہر ایک روزے کے بدلے ایک مسکین کو کھانا کھلا دے۔

سوال:

روزے کی حالت میں پانی دماغ تک چلا گیا، روزے کا کیا حکم ہے؟

جواب:

روزہ قائم ہے۔

سوال:

روزہ داروں کے سامنے کھانے پینے کا کیا حکم ہے؟

جواب:

شرعی طور پر کوئی ممانعت نہیں۔

سوال:

روزہ کی حالت میں غسل کرتے وقت کلی کرے یا غرارہ؟

جواب:

اس طرح منہ میں پانی ڈالے کہ پانی اندر جانے کا خدشہ نہ ہو۔

سوال:

حدیث: ”روزہ رکھو، صحت مند ہو جاؤ گے“ کی کیا حیثیت ہے؟

جواب:

یہ حدیث معجم اوسط طبرانی (8312) وغیرہ میں آتی ہے۔ اس کی سند سخت ضعیف ہے۔
➊ سہیل بن ابی صالح مختلط ہے، زہیر کا اس سے قبل از اختلاط روایت کرنا ثابت نہ ہو سکا۔
➋ زہیر بن محمد سے اہل شام کی روایت ضعیف ہوتی ہے۔ محمد بن سلیمان بھی شامی ہیں، لہذا روایت ضعیف ہے۔
اس روایت کو اہل علم نے ضعیف قرار دیا ہے۔

سوال:

اگر کوئی روزے کی شدت سے مر جائے تو کیا حکم ہے؟

جواب:

روزہ دار اگر صبر کرے، روزہ نہ توڑے اور مر جائے تو اسے اجر ملتا ہے، وہ گناہ گار نہ ہوگا۔

سوال:

جو شخص روزہ کی مشقت کی وجہ سے مر جائے، کیا اس کی نماز جنازہ پڑھی جائے گی؟

جواب:

ضرور پڑھی جائے گی۔

سوال:

جو شخص نماز، روزہ سے روکے اور حج و تلاوت سے منع کرے، کیا اس کی نماز جنازہ پڑھی جائے گی؟

جواب:

نماز، روزے اور حج و تلاوت سے منع کرنے والا شخص اسلام کا دشمن ہے اور یہ کفریہ حرکت ہے، ایسا شخص اگر توبہ نہ کرے تو مرتد ہے، اس کی نماز جنازہ نہ پڑھی جائے گی، نہ اسے مسلمانوں کی طرح غسل و کفن دیا جائے گا۔

سوال:

جو شخص کہے کہ روزہ بھوکوں کے لیے ہے، جس کے گھر اناج نہ ہو، ہم روزہ نہیں رکھتے کیونکہ ہمارے گھر بہت اناج ہے۔ کیا یہ کفر ہے؟

جواب:

یہ کلمہ کفر ہے، ایسا شخص اگر توبہ نہ کرے تو مرتد ہے، کیونکہ یہ خود کو روزہ کی فرضیت سے بے نیاز خیال کرتا ہے۔

سوال:

اگر کوئی سید زادہ کہے کہ ”مجھے نماز روزہ کی ضرورت نہیں“ تو کیا حکم ہے؟

جواب:

یہ کلمہ کفر ہے، کیونکہ ایمان کی دلیل ہے۔ ایسا شخص اگر تائب نہ ہو تو مرتد ہے اور واجب القتل ہے، جس کا نفاذ ریاست اسلامیہ کی ذمہ داری ہے۔

سوال:

دودھ پلانے والی عورت کے لیے روزوں کا کیا حکم ہے؟

جواب:

مرضعہ (دودھ پلانے والی) کے لیے روزے چھوڑنے کی رخصت ہے۔ بعد میں روزے رکھ لے یا اس کا فدیہ دے دے۔