خاندانِ نبوّت
نسب
نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا سلسلۂ نسب تین حصوں پر تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ ایک حصہ جس کی صحت پر اہلِ سِیَر اور ماہرینِ انساب کا اتفاق ہے۔ یہ عدنان تک منتہی ہوتا ہے۔ دوسرا حصہ جس میں اہلِ سِیَر کا اختلاف ہے کسی نے توقُّف کیا ہے اور کوئی قائل ہے۔ یہ عدنان سے اوپر ابراہیم علیہ السلام تک منتہی ہوتا ہے۔ تیسرا حصہ جس میں یقیناً کچھ غلطیاں ہیں یہ حضرت ابراہیم علیہ السلام سے اوپر حضرت آدم علیہ السلام تک جاتا ہے۔ اس کی جانب اشارہ گذر چکا ہے۔ ذیل میں تینوں حصّوں کی قدرے تفصیل پیش کی جا رہی ہے۔
پہلا حصّہ
محمد بن عبداللہ بن عبدالمطلب (شَیْبَہ) بن ہاشم (عَمْرو) بن عبدِ مناف (مُغیرہ) بن قُصَیّ (زید) بن کلّاب بن مرۃ بن کعب بن لُؤی بن غالب بن فِہر (انہی کا لقب قریش تھا اور ان ہی کی طرف قبیلۂ قریش منسوب ہے) بن مالک بن نضر (قیس) بن کنانہ بن خُزَیمہ بن مدرکہ (عامر) بن الیاس بن مضر بن نزار بن مَعَدّ بن عدنان (ابنِ ہشام 2، 1/1 تلقیح فہوم اہل الاثر ص 6، 5 رحمۃ للعالمین 11/2 تا 52، 14)
دوسرا حصّہ
عدنان سے اوپر یعنی عدنان بن أد بن ہمیسع بن سلامان بن عوص بن بوز بن قموال بن أبی بن عوام بن ناشد بن حزا بن بلداس بن یدلاف بن طابخ بن جاحم بن ناحش بن ماخی بن عیض بن عبقر بن عبید بن الدعا بن حمدان بن سنبر بن یثربی بن یحزن بن یلحن بن أرعوی بن عیض بن دیشان بن عیصر بن أفناد بن أیہام بن مقصر بن ناحث بن زارح بن سمی بن مزی بن عوضہ بن عرام بن قیدار بن اسماعیل علیہ السلام بن ابراہیم علیہ السلام (حاشیہ: علامہ منصور پوری نے بڑی دقیق تحقیق کے بعد یہ حصہ نسب کلبی اور ابن سعد کی روایت سے جمع کیا ہے دیکھئے رحمۃ للعالمین 14/2 تا 17 تاریخی مآخذ میں اس حصے کی بابت بڑا اختلاف ہے۔)
تیسرا حصّہ
حضرت ابراہیم علیہ السلام سے اُوپر۔ ابراہیم بن تارح (آزر) بن ناحور بن ساروع (یا ساروغ) بن راعو بن فالخ بن عابر بن شالخ بن ارفخشد بن سام بن نوح علیہ السلام بن لامک بن متوشلخ بن اخنوخ (کہا جاتا ہے کہ یہ ادریس علیہ السلام کا نام ہے) بن یرد بن مہلائیل بن قینان بن آنوشہ بن شیث بن آدم علیہ السلام (ابنِ ہشام 2/1 تا 4۔ تلقیح الفہوم ص 6 خلاصۃ السیر ص 6 رحمۃ للعالمین 18/2 بعض ناموں کے متعلق ان مآخذ میں اختلاف بھی ہے۔ اور بعض نام بعض مآخذ سے ساقط بھی ہیں)
خانوادہ
نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا خانوادہ اپنے جدِّ اعلیٰ ہاشم بن عبد مناف کی نسبت سے خانوادۂ ہاشمی کے نام سے معروف ہے۔ اس لیے مناسب معلوم ہوتا ہے کہ ہاشم اور ان کے بعد کے بعض افراد کے مختصر حالات پیش کر دیئے جائیں۔
1۔ ہاشم: ہم بتا چکے ہیں کہ جب بنو عبدِ مناف اور بنو عبدالدار کے درمیان عہدوں کی تقسیم پر مصالحت ہو گئی تو عبدِ مناف کی اولاد میں ہاشم ہی کو سِقَایہ اور رِفَادہ یعنی حجاج کرام کو پانی پلانے اور ان کی میزبانی کرنے کا منصب حاصل ہُوا۔ ہاشم بڑے معزز اور مالدار تھے۔ یہ پہلے شخص ہیں جنہوں نے مکّے میں حاجیوں کو شوربا روٹی سان کر کھلانے کا اہتمام کیا۔ ان کا اصل نام عَمْرو تھا لیکن روٹی توڑ کر شوربے میں ساننے کی وجہ سے ان کو ہاشم کہا جانے لگا کیونکہ ہاشم کے معنی ہیں توڑنے والا۔ پھر یہی ہاشم وہ پہلے آدمی ہیں جنہوں نے قریش کے لیے گرمی اور جاڑے کے دو سالانہ تجارتی سفروں کی بنیاد رکھی ان کے بارے میں شاعر کہتا ہے:
عمرو الذي هشم الثريد لقومه قوم بمكة مُسنتين عجاف
سنت اليه الرحلتان كلاهما سفر الشتاء ورحلة الأصياف
”یہ عَمْرو ہی ہیں جنہوں نے قحط کی ماری ہوئی اپنی لاغر قوم کو مکہ میں روٹیاں توڑ کر شوربے میں بھگو بھگو کر کھلائیں اور جاڑے اور گرمی کے دونوں سفروں کی بنیاد رکھی۔“
ان کا ایک اہم واقعہ یہ ہے کہ وہ تجارت کے لیے ملک شام تشریف لے گئے۔ راستے میں مدینہ پہنچے تو وہاں قبیلۂ بنی نجّار کی ایک خاتون سَلمٰی بنت عَمْرو سے شادی کر لی اور کچھ دنوں وہیں ٹھہرے رہے۔ پھر بیوی کو حالتِ حمل میں میکے ہی میں چھوڑ کر ملک شام روانہ ہو گئے اور وہاں جا کر فلسطین کے شہر غَزَّہ میں انتقال کر گئے۔ ادھر سَلمٰی کے بطن سے بچّہ پیدا ہوا۔ یہ سنہ 497ء کی بات ہے چونکہ بچے کے سر کے بالوں میں سفیدی تھی اس لیے سلمٰی نے اس کا نام شَیْبَہ رکھا (ابنِ ہشام 137/1 رحمۃ للعالمین – 26/1 – 24/2) اور یَثرِب میں اپنے میکے ہی کے اندر اس کی پرورش کی۔ آگے چل کر یہی بچہ عبدالمُطّلِب کے نام سے مشہور ہوا۔ عرصے تک خاندانِ ہاشم کے کسی آدمی کو اس کے وجود کا علم نہ ہو سکا۔ ہاشم کے کل چار بیٹے اور پانچ بیٹیاں تھیں جن کے نام یہ ہیں۔ اسد، ابوصیفی، نضلہ، عبدالمُطّلِب — شفاء، خالدہ، ضعیفہ، رقیہ اور جنّہ (ایضاً 107/1)
2۔ عبدالمُطّلِب — پچھلے صفحات سے معلوم ہو چکا ہے سِقَایہ اور رِفَادہ کا منصب ہاشم کے بعد ان کے بھائی مُطّلِب کو ملا۔ یہ بھی اپنی قوم میں بڑی خوبی و اعزاز کے مالک تھے۔ ان کی بات ٹالی نہیں جاتی تھی۔ ان کی سخاوت کے سبب قریش نے ان کا لقب فیاض رکھ چھوڑا تھا۔ جب شَیْبَہ یعنی عبدالمُطّلِب — دس بارہ برس کے ہو گئے تو مُطّلِب کو ان کا علم ہُوا اور وہ انہیں لینے کے لیے روانہ ہُوئے۔ جب یثرب کے قریب پہنچے اور شیبہ پر نظر پڑی تو اشکبار ہو گئے، انہیں سینے سے لگا لیا اور پھر اپنی سواری پر پیچھے بٹھا کر مکّہ کے لیے روانہ ہو گئے۔ مگر شَیْبَہ نے ماں کی اجازت کے بغیر ساتھ جانے سے انکار کر دیا۔ اس لیے مُطّلِب ان کی ماں سے اجازت کے طالب ہوئے مگر ماں نے اجازت نہ دی۔ آخر مُطّلِب نے کہا کہ یہ اپنے والد کی حکومت اور اللہ کے حرم کی طرف جا رہے ہیں۔ اس پر ماں نے اجازت دے دی اور مُطّلِب انہیں اپنے اُونٹ پر بٹھا کر مکہ لے آئے۔ مکّے والوں نے دیکھا تو کہا یہ عبدالمُطّلِب ہے یعنی مُطّلِب کا غلام ہے۔ مُطّلِب نے کہا نہیں نہیں۔ یہ میرا بھتیجا یعنی میرے بھائی ہاشم کا لڑکا ہے۔ پھر شَیْبَہ نے مُطّلِب کے پاس پرورش پائی اور جوان ہُوئے — اس کے بعد مقام ردمان (یمن) میں مُطّلِب کی وفات ہو گئی اور ان کے چھوڑے ہُوئے مناصب عبدالمُطّلِب کو حاصل ہُوئے۔ عبدالمُطّلِب نے اپنی قوم میں اس قدر شرف و اعزاز حاصل کیا کہ ان کے آباء و اجداد میں بھی کوئی اس مقام کو نہ پہنچ سکا تھا۔ قوم نے انہیں دل سے چاہا اور ان کی بڑی عزت و قدر کی (ابنِ ہشام 138، 137/1)
جب مُطّلِب کی وفات ہو گئی تو نوفل نے عبدالمُطّلِب کے صحن پر غاصبانہ قبضہ کر لیا۔ عبدالمُطّلِب نے قریش کے کچھ لوگوں سے اپنے چچا کے خلاف مدد چاہی لیکن انہوں نے یہ کہہ کر معذرت کر دی کہ ہم تمہارے اور تمہارے چچا کے درمیان دخیل نہیں ہو سکتے۔ آخر عبدالمُطّلِب نے بنی نجّار میں اپنے ماموں کو کچھ اشعار لکھ بھیجے جس میں ان سے مدد کی درخواست کی تھی۔ جواب میں ان کا ماموں ابوسعد بن عدی اسّی سوار لے کر روانہ ہوا۔ اور مکّے کے قریب اَبطح میں اترا۔ عبدالمُطّلِب نے وہیں ملاقات کی اور کہا ماموں جان! گھر تشریف لے چلیں۔ ابوسعد نے کہا نہیں خدا کی قسم! یہاں تک کہ نوفل سے مل لوں۔ اس کے بعد ابوسعد آگے بڑھا اور نوفل کے سر پر آن کھڑا ہوا۔ نوفل حَطِیم میں مشائخ قریش کے ہمراہ بیٹھا تھا۔ ابوسعد نے تلوار بے نیام کرتے ہُوئے کہا: ”اس گھر کے رب کی قسم! اگر تم نے میرے بھانجے کی زمین واپس نہ کی تو یہ تلوار تمہارے اندر پیوست کر دوں گا۔“ نوفل نے کہا اچھا! لو میں نے واپس کر دی۔ اس پر ابوسعد نے مشائخ قریش کو گواہ بنایا، پھر عبدالمُطّلِب کے گھر گیا اور تین روز مقیم رہ کر عُمرہ کرنے کے بعد مدینہ واپس چلا گیا۔
اس واقعے کے بعد نوفل نے بنی ہاشم کے خلاف بنی عبدِ شمس سے باہمی تعاون کا عہد و پیمان کیا۔ ادھر بنو خزاعہ نے دیکھا کہ بنو نجّار نے عبدالمُطّلِب کی اس طرح مدد کی ہے تو کہنے لگے کہ عبدالمُطّلِب جس طرح تمہاری اولاد ہے ہماری بھی اولاد ہے۔ لہٰذا ہم پر اس کی مدد کا حق زیادہ ہے — اس کی وجہ یہ تھی کہ عبدِ مناف کی ماں قبیلۂ خُزاعہ ہی سے تعلق رکھتی تھیں — چنانچہ بنو خزاعہ نے دارالنّدوہ میں جا کر بنو عبدِ شمس اور بنو نوفل کے خلاف بنو ہاشم سے تعاون کا عہد و پیمان کیا۔ یہی پیمان تھا جو آگے چل کر اسلامی دور میں فتح مکہ کا سبب بنا۔ تفصیل اپنی جگہ آ رہی ہے (مختصر سیرۃ الرسول از شیخ الاسلام محمد بن عبدالوہاب نجدی رحمہ اللہ ص 42، 41)
بیت اللہ کے تعلق سے عبدالمُطّلِب کے ساتھ دو اہم واقعات پیش آئے، ایک چاہِ زمزم کی کھدائی کا واقعہ اور دوسرا فیل کا واقعہ۔
چاہِ زمزم کی کھدائی
پہلے واقعہ کا خلاصہ یہ ہے کہ عبدالمُطّلِب نے خواب دیکھا کہ انہیں زمزم کا کنواں کھودنے کا حکم دیا جا رہا ہے اور خواب ہی میں انہیں اس کی جگہ بھی بتائی گئی۔ انہوں نے بیدار ہونے کے بعد کھدائی شروع کی اور رفتہ رفتہ وہ چیزیں برآمد ہوئیں جو بنو جُرہُم نے مکہ چھوڑتے وقت چاہِ زمزم میں دفن کی تھیں۔ یعنی تلواریں، زرہیں، اور سونے کے دونوں ہرن۔ عبدالمُطّلِب نے تلواروں سے کعبے کا دروازہ ڈھالا۔ سونے کے دونوں ہرن بھی دروازے ہی میں فٹ کئے اور حاجیوں کو زمزم پلانے کا بندوبست کیا۔
کھدائی کے دوران یہ واقعہ بھی پیش آیا کہ جب زمزم کا کنواں نمودار ہو گیا تو قریش نے عبدالمُطّلِب سے جھگڑا شروع کیا اور مطالبہ کیا کہ ہمیں بھی کھدائی میں شریک کر لو۔ عبدالمُطّلِب نے کہا میں ایسا نہیں کر سکتا۔ میں اس کام کے لیے مخصوص کیا گیا ہوں، لیکن قریش کے لوگ باز نہ آئے۔ یہاں تک کہ فیصلے کے لیے بنو سعد کی ایک کاہنہ عورت کے پاس جانا طے ہوا اور لوگ مکّہ سے روانہ بھی ہو گئے لیکن راستے میں اللہ تعالیٰ نے انہیں ایسی علامات دکھلائیں کہ وہ سمجھ گئے کہ زمزم کا کام قدرت کی طرف سے عبدالمُطّلِب کے ساتھ مخصوص ہے۔ اس لیے راستے ہی سے پلٹ آئے۔ یہی موقع تھا جب عبدالمُطّلِب نے نذر مانی کہ اگر اللہ نے اُنہیں دس لڑکے عطا کئے اور وہ سب کے سب اس عمر کو پہنچے کہ ان کا بچاؤ کر سکیں تو وہ ایک لڑکے کو کعبہ کے پاس قربان کر دیں گے (ابنِ ہشام 142/1 تا 147)