دو قبروں والوں کو عذاب: سیدنا ابن عباسؓ اور ابو ایوب انصاریؓ کی احادیث

Read in English
فونٹ سائز:
یہ اقتباس علامہ غلام مصطفٰی ظہیر امن پوری حفظہ اللہ کی کتاب عذاب قبر سے ماخوذ ہے۔

حدیث ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ

(8) سیدنا ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں:
خَرَجَ النَّبِيُّ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَقَدْ وَجَبَتِ الشَّمْسُ، فَسَمِعَ صَوْتًا فَقَالَ: يَهُودُ تُعَذَّبُ فِي قُبُورِهَا.
”سورج ڈوب چکا تھا، جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نکلے، آپ نے ایک آواز سنی، فرمایا: یہودیوں کو ان کی قبروں میں عذاب دیا جا رہا ہے۔“
(صحيح البخاري: 1375، صحيح مسلم: 2869)

حدیث عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما

(9) سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں:
مَرَّ النَّبِيُّ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِقَبْرَيْنِ، فَقَالَ: إِنَّهُمَا لَيُعَذَّبَانِ، وَمَا يُعَذَّبَانِ فِي كَبِيرٍ، أَمَّا أَحَدُهُمَا فَكَانَ لَا يَسْتَتِرُ مِنَ الْبَوْلِ، وَأَمَّا الْآخَرُ فَكَانَ يَمْشِي بِالنَّمِيمَةِ ثُمَّ أَخَذَ جَرِيدَةً رَطْبَةً، فَشَقَّهَا نِصْفَيْنِ، فَغَرَزَ فِي كُلِّ قَبْرٍ وَاحِدَةً، قَالُوا: يَا رَسُولَ اللّٰهِ، لِمَ فَعَلْتَ هٰذَا؟ قَالَ: لَعَلَّهٗ يُخَفِّفُ عَنْهُمَا مَا لَمْ يَيْبَسَا.
”رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دو قبروں کے پاس سے گزرے، فرمایا: ان دونوں کو عذاب دیا جا رہا ہے اور کسی بڑے جرم میں عذاب نہیں دیا جا رہا، ایک تو ان میں سے وہ تھا، جو پیشاب سے نہیں بچتا تھا اور دوسرا چغل خور تھا، پھر آپ نے تر ٹہنی پکڑی، اس کے دو حصے کئے اور دونوں قبروں میں گاڑ دیا، صحابہ نے عرض کیا: آقا! آپ نے یہ کیوں کیا؟ فرمایا: جب تک یہ ٹہنیاں نہیں سوکھیں گی، ان سے عذاب میں تخفیف کی جاتی رہے گی۔“
(صحيح البخاري: 218، صحيح مسلم: 292)
اس حدیث کی صحت پر اتفاق ہے۔
❀ حافظ بغوی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
هٰذَا حَدِيثٌ مُتَّفَقٌ عَلٰى صِحَّتِهٖ.
”اس حدیث کے صحیح ہونے پر اتفاق ہے۔“
(شرح السّنة: 371/1)
❀ حافظ ابن ملقن رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
اَلْحَدِيثُ الصَّحِيحُ الْمُتَّفَقُ عَلٰى صِحَّتِهٖ وَثُبُوتِهٖ.
”یہ حدیث صحیح ہے، اس کے صحیح اور ثابت ہونے پر اتفاق ہے۔“
(البدر المُنير: 346/2)
اس حدیث کے تمام راوی ثقہ اور معتبر ہیں۔ مجاہد بن جبر رحمہ اللہ نے یہ حدیث سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے براہ راست بھی سنی ہے اور طاؤس بن کیسان رحمہ اللہ کے واسطہ کے ساتھ بھی سنی ہے۔
❀ امام ابن حبان رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
سَمِعَ هٰذَا الْخَبَرَ مُجَاهِدٌ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ وَسَمِعَهٗ عَنْ طَاؤُسٍ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ، فَالطَّرِيقَانِ جَمِيعًا مَحْفُوظَانِ.
”مجاہد نے یہ حدیث ابن عباس رضی اللہ عنہما سے (براہِ راست) بھی روایت کی ہے اور طاؤس کے واسطہ سے بھی سنی ہے، لہٰذا دونوں سندیں محفوظ ہیں۔“
(صحيح ابن حِبّان: 400/7)
طاوس بن کیسان رحمہ اللہ بالاتفاق ثقہ اور حجت ہیں۔
❀ حافظ ذہبی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
حَدِيثُهٗ فِي دَوَاوِينِ الْإِسْلَامِ، وَهُوَ حُجَّةٌ بِاتِّفَاقٍ.
”مجاہد رحمہ اللہ کی حدیث امہات کتب میں موجود ہے۔ آپ بالاتفاق حجت ہیں۔“
(سِيَرُ أعلام النّبلاء: 39/5)
مشہور تابعی مجاہد بن جبر رحمہ اللہ ثقہ محدث و مفسر ہیں۔
❀ حافظ ذہبی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
أَجْمَعَتِ الْأُمَّةُ عَلٰى إِمَامَةِ مُجَاهِدٍ وَالْاِحْتِجَاجِ بِهٖ.
”امام مجاہد رحمہ اللہ کے امام اور حجت ہونے پر امت کا اجماع ہے۔“
(ميزان الاعتدال: 440/3)
کسی ثقہ محدث نے امام مجاہد رحمہ اللہ کو مدلس قرار نہیں دیا۔
❀ حافظ ذہبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
أَحَدُ الْأَئِمَّةِ الثِّقَاتِ …… مَا نَقَمُوا عَلَيْهِ إِلَّا التَّدْلِيسَ.
”امام مجاہد رحمہ اللہ ثقہ ائمہ میں سے ہیں۔ …… تدلیس کے علاوہ کسی نے بھی آپ پر کوئی جرح نہیں کی۔“
(ميزان الاعتدال: 224/2)
❀ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
لَمْ أَرَ مَنْ نَسَبَهٗ إِلَى التَّدْلِيسِ.
”مجھے نہیں معلوم کہ کسی نے امام مجاہد رحمہ اللہ کو تدلیس کی طرف منسوب کیا ہو۔“
(تهذيب التّهذيب: 44/10)
امام سلیمان بن مہران اعمش رحمہ اللہ ثقہ مدلس ہیں۔
❀ حافظ ابن ملقن رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
ثِقَةٌ جَلِيلٌ، إِمَامٌ بِالْإِجْمَاعِ.
”یہ بالاجماع ثقہ جلیل اور امام ہیں۔“
(التّوضيح: 37/3)
جہاں تک تدلیس کا تعلق ہے، تو انہوں نے سماع کی تصریح کر دی ہے۔ دوسری بات کہ صحیحین میں مدلسین کی عن والی روایات بھی سماع پر محمول ہوتی ہیں۔ نیز یہی روایت امام اعمش رحمہ اللہ سے امام شعبہ رحمہ اللہ نے بھی لی ہے، وہ اعمش کی وہی روایات بیان کرتے ہیں، جن میں تدلیس نہیں کی ہوتی، اس پر سہاگہ یہ کہ اعمش کی امام منصور بن معتمر رحمہ اللہ (صحیح بخاری: 216) نے متابعت بھی کر دی ہے۔ اس حدیث کو امام اعمش رحمہ اللہ سے محمد بن خازم ابو معاویہ ضریر (بخاری: 218)، امام جریر بن عبد الحمید (بخاری: 1378)، امام وکیع بن الجراح (بخاری: 6052)، امام عبد الواحد بن زیاد (مسلم: 292) اور امام شعبہ رحمہم اللہ (مسند طیالسی: 2768، صحیح ابن حبان: 3129) نے بیان کیا ہے۔
امام منصور بن معتمر رحمہ اللہ سے یہی حدیث امام جریر بن عبد الحمید (بخاری: 216)، امام ابو عبد الرحمٰن عبیدہ بن حمید (بخاری: 6055) اور امام شیبان بن عبد الرحمٰن رحمہم اللہ (مسند احمد: 225/1) نے روایت کی ہے۔
نیز یہ حدیث سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کے علاوہ دیگر صحابہ کرام سے بھی آتی ہے۔