دجال کے فتنے سے پناہ مانگنی چاہیے

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ حافظ مبشر حسین لاہوری کی کتاب قیامت کی نشانیاں صحیح احادیث کی روشنی میں سے ماخوذ ہے۔

دجال کے فتنے سے پناہ مانگنی چاہیے

عن عائشة رضي الله عنها قالت : إن رسول الله صلى الله عليه وسلم كان يستعيذ فى صلاته من فتنة الدجال
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم اپنی نماز میں دجال کے فتنے سے پناہ مانگا کرتے تھے۔
بخاری : كتاب الأذان : باب الدعاء قبل السلام 833
عن عائشة رضي الله عنها قالت أن رسول الله صلى الله عليه وسلم كان يدعو (يتعوذ) فى صلاته: اللهم إني أعوذ بك من عذاب القبر ، وأعوذ بك من فتنة المسيح الدجال وأعوذ بك من فتنة المحيا وفتنة الممات اللهم إني أعوذ بك من المأثم والمغرم
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم اپنی نماز میں یہ دعا پڑھا کرتے تھے (بعض روایات میں ہے کہ اس طرح پناہ مانگا کرتے تھے) : یا اللہ! میں عذاب قبر سے، اندھے کانے اور جھوٹے مسیح دجال سے، زندگی اور موت کے فتنوں سے اور گناہ اور قرض سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔
بخاری : كتاب الاذان : باب الدعاء قبل السلام 832 ، 6375 مسلم 590 ترمذی 3424 احمد 301/1 ، 363 ، 370 نسائی 2062 المؤطا 715/1 ابن حبان 280/3 ابن ماجة 3885 المعجم الكبير 12159
عن أبى هريرة رضى الله عنه قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم : إذا فرغ أحدكم من التشهد الآخر فليتعوذ بالله من أربع : من عذاب جهنم ، ومن عذاب القبر ، ومن فتنة المحيا والممات ، ومن شر المسيح الدجال
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : کہ جب تم آخری تشہد (پڑھ کر) فارغ ہو جاؤ تو چار چیزوں سے اللہ کی پناہ مانگا کرو :
➊ قبر کے عذاب سے
➋ جہنم کے عذاب سے
➌ زندگی اور موت کے فتنوں سے
➍ اور مسیح دجال کے شر (فتنے) سے۔
مسلم : كتاب المساجد : باب استحباب التعوذ من عذاب القبر 588
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ بلاشبہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نماز کے آخر میں (بعض روایات کے مطابق تشہد کے آخر میں) چار چیزوں سے پناہ مانگا کرتے تھے :
➊ الہی ! میں عذاب قبر سے
➋ عذاب جہنم سے
➌ ظاہری و باطنی (زندگی اور موت کے) فتنوں سے
➍ اور اندھے، کانے، جھوٹے (مسیح دجال) سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔
احمد 201/1 ، 313 ، 370 ، 386
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم (اکثر اوقات) یہ دعا مانگا کرتے تھے : یا اللہ! میں آگ کے فتنے اور عذاب سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔ الہی! قبر کے فتنے اور عذاب سے، امیری اور فقیری کے فتنے سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔ یا اللہ ! میں مسیح دجال کے بدترین فتنے سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔
بخاری : كتاب الدعوات : باب التعوذ من فتنة الفقر 6377