اچھے نام رکھنے کے متعلق احکامات
① سیدنا ابو درداء رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إنكم تدعون يوم القيامة بأسمائكم وأسماء آبائكم فأحسنوا أسماءكم.
”قیامت کے دن تمہیں، تمہارے اور تمہارے آباء و اجداد کے نام سے پکارا جائے گا، پس اپنے نام اچھے رکھا کرو“۔
ابو داؤد، کتاب الادب 4948، الدارمی، کتاب الاستئذان 2788، مسند احمد، مسند الانصار 5 / 194، روایت ضعیف ہے، اس لیے کہ عبد اللہ بن ابی زکریا اور ابو درداء رضی اللہ عنہ کے مابین انقطاع ہے۔
② سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
أحب الأسماء إلى الله تعالى عبد الله وعبد الرحمن.
”اللہ تعالیٰ کے ہاں سب سے زیادہ پسندیدہ نام عبد اللہ اور عبد الرحمن ہیں“۔
مسلم، کتاب الادب 2132، ابوداؤد، کتاب الادب 4949، ترمذی، کتاب الادب 2833، ابن ماجه، کتاب الادب 3728۔
③ سیدنا ابو وہب جشمی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
تسموا بأسماء الأنبياء، وأحب الأسماء إلى الله تعالى عبد الله وعبد الرحمن، وأصدقها حارث وهمام، وأقبحها حرب ومرة.
”انبیاء علیہم السلام کے ناموں پر نام رکھو۔ اللہ تعالیٰ کے ہاں سب سے زیادہ پسندیدہ نام عبد اللہ اور عبد الرحمن، سب سے سچے نام حارث اور ہمام، اور سب سے برے نام حرب اور مرۃ ہیں“۔
ابوداؤد، کتاب الادب 4950، نسائی، الخیل 6 / 218، روایت حسن ہے۔
برے نام تبدیل کرنا
① سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم برے نام تبدیل کر دیا کرتے تھے۔
ترمذی 3839، روایت حسن ہے۔
② سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں، جویریہ بنت الحارث کا نام ”برۃ“ تھا۔ پس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا نام تبدیل کر کے جویریہ رکھ دیا، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس طرح کہا جانا ناپسند فرماتے تھے کہ ”برۃ“ کے پاس سے آئے ہیں۔
مسلم، کتاب الادب 2140۔
③ سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عاصیہ کا نام تبدیل کر دیا اور فرمایا:
أنت جميلة.
”تم جمیلہ ہو“۔
مسلم، کتاب الادب 2139، ترمذی، کتاب الادب 2838، ابن ماجه 3733۔
ابوداؤد بیان کرتے ہیں: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عاص، عزیزہ، عتلہ، شیطان، حکم، عزاب، حباب اور شہاب نام تبدیل کر دیے، اور حرب کا نام سلم، مضطجع کا نام منبعث، ارض عفرہ کا نام خضرہ، شعب ضلال کا نام شعب ہدی اور بنی ریبہ کا نام بنی رشد اور بنو مغویہ کا نام بنی رشد رکھا۔ ابوداؤد فرماتے ہیں: میں نے اختصار کی وجہ سے اس کی سندیں حذف کر دی ہیں۔
ناپسندیدہ نام رکھنے کی ممانعت
① سیدنا عمر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لأنهين أن يسمى رافع وبركة ويسار.
”میں رافع، برکت اور يسار نام رکھنے سے منع کرتا ہوں“۔
ترمذی، کتاب الادب 2835۔
② سیدنا جابر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إن عشت إن شاء الله أنهى أمتي أن يسموا نافعا وأفلح وبركة.
”ان شاء اللہ اگر میں زندہ رہا تو میں اپنی امت کو نافع، افلح اور برکت نام رکھنے سے منع کروں گا“۔
ابوداؤد، کتاب الادب 4960، مسند احمد، باقی مسند المکثرین 3 / 412، حدیث 14618۔
مختصر بات کرنے کے متعلق احکامات
① ابو ظبیہ سے روایت ہے کہ سیدنا عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ایک دن ایک آدمی آیا تو اس نے بہت باتیں کیں۔ فرمایا: اگر یہ مختصر اور کم بات کرتا تو اس کے لیے بہتر ہوتا۔ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا:
رأيت – أو أمرت – أن أتجوز فى القول فإن الجواز هو خير.
”مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں بات کرتے وقت اختصار سے کام لوں، کیونکہ اختصار ہی بہتر ہے“۔
ابوداؤد، کتاب الادب 5008، روایت حسن ہے۔